عصرحاضر میں سماجیات کا مطالعہ ناگزیر – – – ایم وی ایس کالج میں توسیعی لیکچر

Share


عصرحاضر میں سماجیات کا مطالعہ ناگزیر

ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج
محبوب نگرمیں توسیعی لیکچر

محبوب نگر(راست)انسان ایک سماجی حیوان ہے سماجی زندگی اس کی فطرت بھی ہے اور ضرورت بھی اسی سماجی زندگی کے نتیجہ میں سماجی رشتے وجود میں آتے ہیں ۔انسانی کی منظم سماجی زندگی کا مطالعہ سما جیات کہلاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسرپی ایچ۔محمد صدر شعبہ سماجیات مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد نے شعبہ سماجی علوم ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج محبوب نگر میں منعقدہ توسیعی لیکچر ’’سماجیات کی اہمیت اور اعلی تعلیم کے مواقع ‘‘سے کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سماجیات فرد میں اس حقیقت کا ادراک پیدا کرتی ہے کہ سماجی زندگی کے اصول اور ضوابط کیا ہیں۔ سماج کے ایک ذمہ دار فرد ہونے کے ناطے اْسے کیا کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد میں سماجیات کا شعبہ قائم ہے جہاں اردو ذریعہ تعلیم آپ سماجیات میں ایم اے ۔پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں ۔سماجیات میں ایم اے کرنے سے روزگار کے حصول میں آسانی ہوگی۔ڈاکٹر سعید اسسٹنٹ پروفیسر سماجیات مانو کہا کہ یہ شعبہ سماجیاتی تناظر کو پیش نظر رکھتے ہوئے معاصر سماج کے گوناگوں پہلوؤں کی طرف توجہ مبذول کرانے اورتاریخی خطوط پر نظر ثانی کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ لہٰذا مختلف اقسام کے معاشروں کے اندر پائی جانے والی خصوصیات اور گروہوں اور معاشروں کے ذریعے وضع کیے جانے والے سماجی انتظامات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اہم سماجی مسائل جن میں جدت کاری، کام، متعلقہ ٹکنالوجی، بازارکاری، خاندان، تندرستی، تعلیم، موت، پاپولر کلچر،سماجی انصاف و سماجی پالیسی مذہب،غریبی اور ترقی،قانون،جرائم،قومیت،صنفی جنسی معاملات وغیرہ شامل ہیں ان متنوع میدانوں سے متعلق تحقیقی مطالعہ کیا جاتا ہے۔اس میں مائیکرواور میاکرو سماجی نظریات شامل ہیں۔ڈاکٹر ضیا الدین اسسٹنٹ پروفیسر سماجیات مانو نے مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں داخلہ کے عمل سے طلبہ کو واقف کروایا اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیوسٹی سے ایم۔ اے میں داخلے لینے کا مشورہ دیا۔ اس پروگرام کے آغازمیں محی النساء ،فرحانہ فردوس نے ترآنہ ہندی پیش کیا۔ افتتاحی کلمات ڈاکٹر جی ۔ روی کمار صدر شعبہ نظم و نسق عامہ نے پیش کئے۔ڈاکٹر عزیز سہیل لیکچرار نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔اس موقع پر عارفہ جبین،آفرین سلطانہ،روگھو یندار ریڈی،شیوالیلا میڈیم نے خطاب فرمایا۔آخر میں مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی پروگرام کا اختتام آفرین سلطانہ کے شکریہ پر ہوا۔
شعبہ نشرو اشاعت
—-

Share
Share
Share