اردوزریعہ تعلیم طلبہ کا مستقبل بہتر
مسابقتی میدان میں سخت محنت و سنجید ہ جستجو کی ضرورت
ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج محبوب نگر میں
توسیعی لیکچر سے پروفیسر مشتاق احمد کاخطاب
محبوب نگر(راست) تعلیم کے میدان میں مسلمان ابھی بھی بہت پیچھے ہیں مختلف کمیشنوں کی رپورٹ سے ہماری تعلیمی صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے حالانکہ تعلیمی کے میدان میں اردو ذریعہ تعلیم طلبہ کو پہلے سے بہت زیادہ بہتر مواقع دستیاب ہیں ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ طلبہ اعلی تعلیم کے حصول کیلئے سخت محنت اور سنجیدہ جستجو کریں تاکہ ہمارا مستقبل بہتر ہو-
ان خیالات کا اظہار پروفیسر مشتاق احمد آئی پٹیل پروفیسر آف ایجوکیشن اینڈ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآبادنے ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری و پی جی کالج (خودمختار)محبوب نگرمیں منعقدہ توسیعی لیکچر’’اعلی تعلیم کے مواقع اوراردو ذریعہ تعلیم‘‘ سے کیا انہوں مزید کہا کہ طلبہ اپنی سونچ کو مثبت رکھیں اور بہتر کی تلاش میں منہمک رہیں مطالعہ کو اپنی عادت بنالیں اور اچھی اچھی کتابوں سے استفادہ کریں انہوں نے مزید کہا کہ اردو میڈیم کے طلبہ کو مستقبل سے متعلق مایوس ہونے کی ضرورت نہیں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد میں آپ اردو کے ذریعے اعلی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں داخلوں کیلئے اعلامیہ جاری ہو چکا ہے ۔مولانا آزادنیشنل اردو یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کریں۔اس توسیعی لیکچر کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد سعادت شریف اسسٹنٹ پروفیسر کامرس مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کہاکہ آپ کے سالانہ امتحانات بالکل قریب ہیں امتحانات سے قبل اچھی منصوبہ بندی کریں خاص کر ٹائم مینجمنٹ کی امتحانات میں بہت زیاد اہمیت ہوتی ہے ۔وقت کی قدر کریں اور اپنے مقصد کو متعین کرتے ہوئے زندگی میں آگے بڑھیں ۔اسلام میں تعلیم کی بہت زیادہ اہمیت بیان کی گئی ہے لہذا تعلیم کو منقطع نہ کریں بلکہ اعلی تعلیم کے حصول کے ذریعہ اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں۔قبل ازیں عارفہ جبین لیکچرار تاریخ نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ ڈاکٹر عزیز سہیل لیکچرارنظم و نسق عامہ نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔شیخ شجاعت علی لیکچرارکامر س کے شکریہ پرتوسیعی لیکچرکا اختتام عمل میں آیا۔اس موقع پرواجدہ بیگم نے بھی خطاب فرمایا۔آخر میں مہمانوں کو تہنیت پیش کی گئی اس موقع پر طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔