عالمی یوم مادری زبان کے موقع پرفون میں اردو گھر گھر میں اردو

Share

 اردو گھر

فون میں اردو گھر گھر میں اردو
مہم کا شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد سے آغاز
عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر

ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی

نظام آباد.21فروری (ای میل )اردو عالمی سطح پر مقبول زبان ہے اور اکیسویں صدی میں یہ دیگر زبانوں کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر زمانے کے تقاضوں کی تکمیل کر رہی ہے۔ اردو کی نئی نسل کو اردو زبان اور اس کے رسم الخط سے جوڑے رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایک ایسے دور میں جب کہ آج کا ہر نوجوان اسمارٹ فون اور سوشیل میڈیا سے جڑا ہے اسے فون میں اردو استعمال کا طریقہ سکھا دیا جائے اور اسے اردو میں پیغام رسانی کی ترغیب دی جائے تو اردو کا فروغ ہوگا اور اردو رسم الخط سے نئی نسل ہم آہنگ ہوگی۔ اسی ضرورت کے پیش نظر شعبہ اردو گری راج گورنمنٹ کالج نظام آباد کی جانب عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر فروغ اردو کا اپنی نوعیت کا ایک اختراعی پروگرام’’ فون میں اردو گھر گھر میں اردو‘‘ شروع کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو نے گری راج کالج میں منعقدہ عالمی یوم مادری زبان پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔ فروغ اردو مہم کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی زیر نگرانی شعبہ اردو گری راج کالج کے طلباء شہر نظام آباد کے مختلف کالجوں اور مقامات کا دورہ کریں گے۔ اور اپنے فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے لوگوں کے اسمارٹ فونوں میں اردو سافٹ ویر شامل کریں گے اور برسر موقع لوگوں کو فون کے ذریعے اردو لکھنے اور اردو میں سوشیل میڈیا واٹس اپ فیس بک وغیرہ پر اردو کا استعمال کا طریقہ سکھائیں گے۔ انٹرنیٹ پر اردو میں گوگل سرچنگ سے اردو کے بیش قیمت ادبی ‘ معلوماتی اور مذہبی سرمائے تک رسائی ہوگی۔ معلومات کے ذخیرے اردو وکی پیڈیا سے اردو میڈیم کے طلبا و طالبات مستفید ہو سکتے ہیں۔ اور اپنی جانب سے گوگل میں اردو میں مواد شامل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے کہا کہ نئی نسل کو انٹرنیٹ کا استعمال اور اردو کے ذریعے اپنی درکار معلومات تک رسائی اور اس سے استفادے سے بہت سے فوائد حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ کمپیوٹر میں بھی اردو یونیکوڈ کی مدد سے اردو میں مہارت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس لئے انہوں نے اہلیان نظام آباد اور اردو کے باذوق طلبا و نوجوانوں اور اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد کی جانب سے ایک ماہ تک جاری رہنے والی اس خصوصی مہم سے استفادہ کریں ۔ دن کی اوقات میں یہ ٹیم مدارس اور کالجوں کا دورہ کرے گی اور شام میں سات تا نو بجے اہم شاہراہوں پر لوگوں سے ملاقات کرتے ہوئے اردو سافٹ ویر پیش کرے گی۔ کالج کے پرنسپل مسٹر رام موہن ریڈی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ مادری زبان میں تعلیم سے بچے کی معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اور شعبہ اردو کو مبارک باد پیش کی کہ وہ نظام آباد سے ساری دنیا میں فروغ اردو کے پروگرام پیش کر رہے ہیں ۔ اردو کو ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور تعلیم کو عام کرنے میں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ان کی طرح دیگر زبانوں کے اساتذہ کو بھی اس طرح کے پروگرام شروع کرنے چاہئیں وائس پرنسپل مسٹر رنگارتنم‘ بالا سوامی اور روی شنکر شرما تلگو لیکچررز نے اس موقع پر خطاب کیا ۔ اس موقع پر کالج میگزین کے اجرا کا اعلان کیا گیا۔پرنسپل اور دیگر اساتذہ نے عالمی یوم مادری زبان کے موقع پرفون میں اردو گھر گھر اردو مہم کا آغاز کیا۔ پرنسپل مسٹر رام موہن ریڈی نے۔ اس موقع پر شعبہ اردو کے طلبا و طالبات نے اردو میں تقاریر اور نظمیں پیش کیں۔

Share
Share
Share