کیا آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں ؟
ڈاکٹرظہوراحمد دانش
(میڈیا ریسرچ انسٹیٹوٹ)
ہم سب ایک ہی دوڑ میں دوڑتے چلے جارہے ہیں ۔کانوں میں ایک ہی آواز گونجتی ہے ۔بس میں کامیاب ہوجاؤں ۔مجھے کامیاب ہوناہے ۔بس دعا کرو میں کامیاب ہوجاؤں۔یار بتاؤ کیا کروں کے کامیابی مل جائے ۔
کافی دنوں سے سوچ رہاتھا کہ مختلف جگہوں پر لیکچر بھی تو دیتے ہی ہیں نا تو کیا ہی اچھا ہو کے اپنے پیاروں کے لیے ان ذریں اصولوں کوقلمبند کرلیا جائے ۔آپ طالب علم ہیں یا استاد آپ تاجر ہیں یا نوکری پیشہ آپ سب ہی کے لیے ایسے نکات پیش کرتاہوں جو آپ سب کے لیے یکساں مفید ہوں گے ۔
*آپ کیسے لگ رہے ہیں :
آپ نے عموما دیکھا ہوگا کہ لوگ ابھی ہم سے ملتے بھی نہیں ۔نہ کبھی کوئی بات کی ہوتی ہے لیکن وہ ہمارے متعلق اپنی رائے قائم کرچکے ہوتے ہیں ۔کبھی سوچا؟نہیں ؟تو آج سوچ لیجئے ۔جی جناب ایسا ہی ہے ۔ہوتا یہ ہے کہ مابدولت گھر ہویا باہر کبھی اپنی ظاہری شخصیت کو سنوارنے کی زحمت ہی نہیں کی۔بال بکھرے ہوئے ہوتے ہیں ۔بوٹ پالش نہیں ہوتے ۔بٹن کھلے ہوئے ہوتے ہیں اور دفتر کی جانب کمربستہ ہوجاتے ہیں ۔اب جس گلی محلہ سے گزر ہوا۔جس دوکاندار سے کوئی چیز لی ۔دفتر میں جہاں کام کیا ۔وہ سب لوگ ہمارے اس لاابالی پن سے ہماری شخصیت کا خاکہ بنالیتے ہیں اور پھر وہ ہمیں اسی انداز میں ہم سے رابطہ بھی رکھتے ہیں ۔ ہمیشہ اچھا لباس ہو اور سیکھئے کہ کس موقع پر کیا پہنا جائے جس سے لوگ آپ کو پسند کریں اور دلچسپی لیں۔آپ اپنے باس کومتاثر کر سکتے ہیں اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرسکتے ہیں۔ آپ اچھے کپڑوں میں ہوں گے اور مناسب طریقے سے تیار ہوں تو آپ کو بھی اچھا لگے گا اور آپ پر اعتماد ہوں گے اور آپ کے کاموں میں مدد ملے گی۔
*حرکات و سکنات!!
ہماری حرکات و سکنات ہماری شخصیت کی ترجمان ہوتی ہے ۔اس سے دوسروں کو ہمارے متعلق ہماری ذات کا پتا چلتاہے ۔ہمارے چہرے کے تاثرات ، باڈی اور ہاتھوں کے اشاروں جن سے ہم اپنی فیلنگ کو دیکھ پاتے ہیں۔ اگر آپ مسکرا رہے ہیں تو دوسرا شخص سمجھے گا کہ آپ دوستانہ شخص ہیں ۔آپ گو ر رہے ہیں تو سامنے والا بیزارگی کا تأثر لیتاہے۔آپ عجلت میں ہاتھ ملاتے ہیں ۔مخاطب اس لمحہ بھر کی غفلت کا نہایت ہی غلط معنی و مفہوم لیکر ہمیشہ کے لیے آپ کے متعلق نالاں رہتا ہے ۔یوں اپنی حرکت کی وجہ سے آپ ایک اچھے انسان کی رفاقت سے محروم ہوگئے جو آپ کے لیے معاون ثابت ہوسکتاتھا۔ ایسے میں اپنی حرکات و سکنات پر غور کرتے رہیں ۔آپ کی کامیابی کے سفر میں آپ کا رویہ کارگر ثابت ہوتا ہے ۔
*اپنے اندر سننے کا ظرف پیداکریں !!
ہمارا معمول بن چکا ہے کہ اپنی بات کہنے میں لمحہ بھر بھی نہیں ٹھہر تے اور دوسرے کی بات کاٹ کر اپنا مؤقف پیش کرتے چلے جاتے ہیں ۔اس کا پہلا نقصان کے سامنے والانہ جانے کتنی اہم بات بتانے والاتھاجو ممکن ہے اس کے ذہن سے نکل جائے ۔دوسری بات یہ کہ اس کی ادھوری بات کا مفہوم کچھ تھا اگر مکمل سنتے تو بات سمجھ جاتے چنانچہ لمحہ بھر کی عجلت اور نہ سننے کی عادت کا نقصان یہ ہواکہ ہم اس کے متعلق گمان کربیٹھے یا پھر اس ادھوری بات پر اس سے الجھ گئے ۔کوشش کریں سامنے والی کی پوری تسلی سے پوری بات سنیں ۔اگر کچھ سمجھے میں کمی رہ گئی ہے تو نفیس ساسوال کرکے اپنی الجھن کو دور کرلیجئے ۔کمیونیکیشن کا یہ بہت عمدہ راز ہے ۔آزماکر دیکھ لیں ۔آپ نے دیکھا ہوگا جب آپ کسی کی بات توجہ سے سنتے ہیں وہ آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے ۔ایک بہترین ابلاغ کے تمام تر فوائدسے آپ استفادہ کرسکتے ہیں ۔
*مثبت رویہ (Positive Attitude)
معاشرے میں رہنے والوں کی اک تعداد ہے جو گھٹ گھٹ کر جی رہی ہے ۔ایک دوسرے سے خوف زدہ اور بدگمان ہے ۔اگر تھوڑا غور کریں تو اس میں ایک اکائی مشترکہ دکھائی دیتی ہے اور وہ ہے غیر موذوں رویہ اور دوسروں کے متعلق غلط گمان ہونا۔چھوٹی چھوٹی باتوں کی وجہ سے ہم منفی سوچ اور ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر اپنی شخصیت کو تباہ کررہے ہوتے ہیں ۔جن کے متعلق منفی سوچ کا شکار ہوتے ہیں بعض مرتبہ انھیں خبر تک نہیں ہوتی اور ہم کڑہتے چلے جاتے ہیں ۔پھر ہوتا یہ ہے کہ ہم یہی سوچتے رہتے ہیں کہ ہماری زندگی کتنی نا خوش ہے۔ مثبت رویہ ہماری زندگی میں ایک بڑی تبدیلی لاتا ہے جس سے ہم اپنے بارے میں بہتر سوچ پاتے ہیں (خود اعتمادی) ، یقین آتا ہے کہ ہم کر سکتے ہیں (اعتماد)۔ چاہے جتنی بھی مشکلیں کیوں نہیں ہوں مثبت رویہ ہمیں سب کا سامنا کرنے میں مدد کرتا ہے۔چین اور کامیاب زندگی کے طلبگار ہیں تو ابھی سے عہد کیجئے کہ ہمیشہ اچھا سوچیں گے ۔
* نظام الاوقات:
ابھی آپ کو نہیں پتا پر ٹائم بہت قیمتی ہوتا ہے۔ آپ اگر ایک دن کام پر نہیں آتے تو کوئی کام نہیں ہوتا۔ یہی نہیں اگر آپ لیٹ ہوتے ہیں تو اس وجہ سے دوسروں پر بھی اثر پڑتا ہے۔
سوچئے اگر آپ کسی تقریب میں دیر سے پہنچیں جہاں سب آ چکے ہیں اور آپ کا انتظا ر کررہے ہوں۔تقریب شروع نہیں ہو سکتی کیوں کہ آپ اس تقریب کا ایک اہم حصہ ہیں ۔ آپ کی وجہ سے کتنے لوگوں کا ٹائم برباد ہوا اور لوگوں پر آپ کا تاثر خراب پڑا۔ اسی طرح باقی چیزوں میں بھی، ورک، پروجیکٹ، میٹنگ ، اسکول، اسائمنٹ اور امتحان یا پھر کسی اسپیشل موقع پر آپ کو ذمہ داریاں اور کام کو مینج کرنا ہو؟ اپنے ٹائم کو موثر طریقے سے منیج کریں۔
*پریشر کو قبول کرنے کا فن :
ہم کشیدگی محسوس کرتے ہیں جب ہم پر پریشر ہوتا ہے۔ باس کا پریشر، ماں باپ کا پریشر، میڈیا کا، دوستوں کا، کالجز کا اور ہمارا خود کا، کبھی یہ ہمارے لیے اچھا ہوتا ہے اور ہمیں مدد کرتا ہے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں اور کبھی لگتا ہے کہ ہم اور برداشت نہیں کر پائیں گے۔کچھ لوگ کشیدگی کو ہینڈل کرلیتے ہیں اور کچھ لوگوں کے لیے یہ کنٹرول سے باہر ہوجاتا ہے ۔ اگر آپ کو پتا ہے کہ آپ کو کشیدگی کو کیسے ڈیل کرنا ہے تب آپ ریلیکس رہتے ہیں اور اپنے کام پر توجہ مرکوز کر پاتے ہیں۔یہ بھی کامیابی کے باریک رازوں میں سے ایک راز ہے ۔تجربہ شرط ہے ۔آپ اسکی مشق کرکے تو دیکھیں زندگی سکھی ہوجائے گی ۔
*معاشرتی اقدار اور اطوار اختیارکریں:
دنیا کے ہر مہذب معاشرے کی یہی تعلیمات ہیں کہ مہذب رہیں ۔ادب کریں ۔ادب ہی میں معاشرے کا حسن ہے ۔بات انفرادی زندگی کی ہو یا اجتماعی زندگی کی بہر صورت ادب و آداب کی ہر ہر لمحہ ضرورت ہوتی ہے ۔ادب و تعظیم بھلا کس کو پسند نہیں ۔تعظیم و تکریم ایک ایسا گُر ہے کہ اگر کسی کو پتا چل گیا تو اس نے مہینوں کو دنوں اور دنوں کو گھنٹوں میں بدل کر انسانیت کے دلوں پر راج کیا اور اپنے اہداف کو وصول کیا۔تابندہ بن کر برسوں دلوں کی دھڑکن رہے ایسے لوگ ۔اپنے اچھے رویہ سے آپ دوسروں کی آنکھوں کا تارہ بن کر ترقی کے زینے طے کرسکتے ہیں ۔آپ ملازم ہیں یا تاجر آپ شاگر د ہیں یا استاد ذرا کوشش کرکے دیکھیں تو سہی شرطیہ بہترین نتائج آپ کا مقدر ہوں گے ۔
*انسان دوست بنیں !!
ہم انسان ہیں اور ہمارا واسطہ انسانوں ہی سے ہے چنانچہ کامیابی کا ایک قاعدہ بتاچلوں کے انسانوں سے پیار کریں ۔کسی نے ضیافت کی ہے قبول کریں ۔کسی ہوٹل پر کھانے کی دعوت ہے فورا قبول کریں ۔شادی کی دعوت ہے یا کوئی میٹنگ موقع ضائع نہ کریں ۔دوسروں کے ساتھ فرینڈلی رہیں ۔دوستانہ تعلقات پیداکریں ۔چند ہی دنوں میں آپ دیکھتے چلے جائیں گے کہ آپ اپنے گھر میں ،دفتر میں فیکٹری میں ،اپنے شعبہ میں اپنے قریبی حاسدین کی بجائے محبین کی تعداد پائیں گے ۔کرکے تو دیکھیں ۔
*بولیں اور کمال بولیں!!
آپ بہت اچھا سوچتے ہیں ۔آپ کے پاس الفاظ کا ذخیرہ بھی ہے لیکن مدت سے کچھ کہہ نہیں پائے ۔ایک سوال آپ سے یہ بتائیں یہ جو سوچااور یہ مطالعہ معلومات ہے اس کا کریں گے کیا۔کہیں ایسا نہ ہو یہ آپ ہی کے ساتھ دفن ہوجائیں گے ۔پلیز دوسروں سے تبادلہ خیال کریں ۔آپ اپنی کہہ دیں غلط کہا تو درست ہوجائے گا اور اگر درست کہاتو داد مل جائے گی ۔کیا خیال ہے آپ کا ؟
دوسری بات یہ ہے اپنی مادری ،قومی زبان کے علاوہ دیگر دنیا میں رائج زبانوں کو بھی سیکھیں تاکہ وقت کے پہیہ کے ساتھ چل سکیں ۔جیسا کہ آج کل انگریزی زبان کامیابی کے لیے ایک زینہ ہے تو پھر اس زبان کو سیکھیں اس زبان میں دوسروں سے گفتگوکریں اپنی رائے دیں تاکہ بولنے کی جھجک ختم ہونے کے ساتھ ساتھ اس زبان پر گرفت بھی مضبوط ہو۔ایک وقت ایسا آئے گا کہ آپ کو آپ کے بولنے کی وجہ سے دنیا میں جانا جائے گا لوگ آپ کے بولنے کے انداز کو کامیابی کا زینہ سمجھ کر کاپی کریں گے ۔آپ کے بولے ہوئے کو کسی تصدیق سے کم نہیں جانیں گے –
خود شناسی :
میں کافی عرصہ سے لیکچر ،تقاریر ،نقابت ،تحریر ،تحقیق کی فیلڈ سے وابستہ ہوں ۔میں نے دنیا میں کامیاب لوگوں میں ایک چیز مشترک دیکھی اور وہ یہ تھی کہ انھوں نے خود کو پہچان لیاتھا۔انھون نے جان لیا تھا وہ کون ہیں ؟اور کیا کرسکتے ہیں ؟چنانچہ جب self discovery کے مرحلہ سے گزرتے تو راستے ہموار ہوتے چلے گئے ۔ایک وقت ایسا آیا کہ ان میں سے کوئی جابر بن حیان بنا ،کوئی ابن الہیشم بنا،کوئی البیرونی ،کوئی ایڈیشن ،کوئی بل گیٹس ،کوئی عبدالقدیر تو کوئی قاسم علی شاہ ،کوئی قیصر عباس ،کوئی سندیپ مہاشوانی ،کوئی جاوید چوہدری تو کوئی کسی اور نام سے جانا گیا۔انھوں نے دنیا کو دریافت کرنے سے پہلے انھوں نے فن کی باریکیاں سیکھنے سے قبل ،انھوں نے فیلڈ چننے سے قبل خود کو دریافت کرلیاتھا۔چنانچہ پھر اپنی دریافت سے دنیا میں عزت ،شہرت ،منصب کے بڑے بڑے عہدوں پر ناصرف فائز ہوئے بلکہ دوسروں کو بھی کامیابی کے گُر بتانے لگے ۔برائے کرم خود کودریافت کریں ۔خود شناسی پیداکریں ۔نتائج جلد ہی آپ کے سامنے آجائیں گے ۔
محترم قارئین!
دیکھیں میں موٹیویشنل ٹرینز ضرور ہوں ۔لیکن آپ میرے اپنے ہی ہیں۔ وہ لمبی لمبی دلیلیں وہ لمبی کہانیاں نہیں سنارہاسیدھی اور صاف باتیں کررہاہوں ۔ آپ میرے اپنے کامیاب ہوسکیں ۔آپ کامیاب ہوں گے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔آپ کا نام ہوگا تو ڈاکٹر ظہوراحمد دانش کو اپنی کامیابی محسوس ہوگی وجہ صرف ایک ہی ہے کہ میں نے اپنے استادوں سے یہی سیکھا ہے ۔اچھا سوچو۔اچھا بتاو اور اچھا کرو۔
آپ کو کسی بھی کیرئیر پلاننگ ،سیلف ڈیویلپمنٹ ،کمیونیکیشن سکلز کے حوالے سے ہماری مدد درکار ہو۔آپ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔ہمارا مشن بکھرے ہووں کو سمیٹنا،پریشان حالوں کی دادرسی ،علم کے طلبگاروں کی معاونت اور اچھازندگی اور شفاعت بھری آخرت کے حصول کے لیے کوشش ہے ۔ڈاکٹر ظہوراحمد دانش کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھئے گا ۔
——–
Dr.Zahoor Ahmed Danish