صلاحیتوں کے ارتقاء میں مطالعہ لازمی عنصر،کتابوں سے استفادہ کا مشورہ
قومی کونسل موبائیل ویان کی آمد
ایم وی ایس کالج محبوب نگر میں ڈاکٹر جی یادگیری کا خطاب
محبوب نگر(راست)قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کے ذریعہ چلائی جارہی موبائیل ویان جو کہ اردو زبان کی کتابوں کی نمائش وفروخت کے لئے آج صبح9-30بجے ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج محبوب نگر پہنچی جہاں پر ڈاکٹر جی یادگیری پرنسپل ، جناب کیشو راؤ وائس پرنسپل ،ڈاکٹرنظام الدین،ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل ،عارفہ جبین،آفرین سلطانہ نے موبائیل ویان کا استقبال کیا۔ ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد پر صبح 9-30بجے تا2-00بجے دن اس ویان میں موجود اردو کی کتابوں کو مشاہدہ اور فروخت کیلئے رکھاگیا۔
اس موقع پرطلباء و طالبات کومخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر جی یادگیری پرنسپل نے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کی لائبریری موبائیل ویان کی محبوب نگر آمد کا ہم تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں اور اردو زبان کے فروغ کیلئے اور خاص کر اردو طلباء کیلئے یہ موبائیل ویان فائدہ مند ہے جس کے ذریعہ مختلف علوم کی اردو میں کتابیں فراہم کی جارہی ہے اور خصوصی رعایت پر یہ کتابیں طلباء کیلئے دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ NCPULاردو کے فروغ کے لئے مسلسل جدوجہد کرتاآرہا ہے اور مختلف علوم کی کتابوں کو اردو زبان میں ترجمے کروائے جارہے ہیں اور مختلف اسکیمات کے ذریعہ اردو کی فروغ کی کوشش جاری ہے یہ موبائیل ویان بھی اردو کے فروغ میں بہت ہی کار آمد اور معاون ثابت ہوگی۔ قومی کونسل اردو کی کتابیں آپ کے گھر کی دہلیز تک پہنچارہی ہے اردوداں طبقہ کو چاہئے کہ ان سے استفادہ کریں۔ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نئی دہلی کی جانب سے اردو کے فروغ اور اردو داں طبقہ میں کتابوں کے مطالعہ کا ذوق پیدا کرنے کیلئے یہ گشتی ویان کا قیام عمل میں لایاگیاہے ،یہ ویان آج حیدرآباد سے محبوب نگر پہنچی پہلے دن ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج اور المدینہ کالج آف ایجوکیشن اور دوسرے دن این ٹی آر ڈگری کالج و گورنمنٹ گرلزکالج پرکتابوں کی نمائش و فروخت کیلئے رکھی گی۔جہاں سیکڑوں طلباء وطالبات نے کتابوں کی اس ویان سے استفادہ کیا۔ این سی پی یو ایل کی اس ویان کی آمد کے موقع پرلیکچرارس شعراء کرام، اساتذہ برادری، اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے مشاہدہ کیا اور اپنے ذوق کی کتابیں بھی خریدی۔ اس موقع پر ڈاکٹر بشیر احمد، ڈاکٹر حمیرا سعید،محمد جہانگیر،جناب حلیم بابر، جناب نور آفاقی کے علاوہ دیگر قابل ذکر ہیں۔ ویلور صدیقی ڈائرکٹر ویان نے کتابوں کا جامع تعارف پیش کیا۔
شعبہ نشرو اشاعت