طلبہ کواخلاق و کردار سے بلند مقام حاصل کرنے کا مشورہ
ایم وی ایس کالج محبوب نگر
محمدوزیرکے جلسہ اعتراف خدمات سے معززین کا خطاب
محبوب نگر(راست)طلبہ سخت محنت و جستجو اور سنجیدگی کے ساتھ علمی میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کی تعمیر نو میں ایک اہم رول انجام دیں،اکیسویں صدی ٹکنالوجی کی صدی ہے ٹکنالوجی کے اس دور میں انسانی وسائل کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے اور صلاحیتوں کی بنیاد پر ملازمتیں دستیاب ہیں ایسے میں طلبہ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ملازمتیں حاصل کریں ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرجی یادگیری پرنسپل ایم وی ایس ڈگری و پی جی کالج محبوب نگرنے محمد وزیر نائب پرنسپل کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے سلسلہ میں منعقدہ جلسۂ اعتراف خدمات سے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ محمد وزیر صاحب نے سخت ڈسپلین اور اپنے اخلاق کی بنیاد پر بلند مقام حاصل کیا ہے وہ معاشرے میں ایک بہترین مدرس کے طورپر جانے جاتے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیخ سیادت علی نے ایک معلم کی خصوصیات اور معاشرے میں اس کے رول پر روشنی ڈالی اور محمد وزیر صاحب کو ایک مثالی لیکچرار قراردیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر محمد غوث اکیڈیمک آفیسر کمشنر کالجیٹ ایجوکشن تلنگانہ ،حیدرآباد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر صاحب ایک سچے مخلص خادم ہے انہوں نے کبھی بھی اپنی ذات کو اہمیت نہیں دی بلکہ اپنے کام کو پوری سنجیدگی و انہماک سے انجام دیا اور طلبہ کی مد د ومشوروں کیلئے وہ ہمہ تن مصروف رہا کرتے تھے۔انکی خدمات ناقابل فراموش ہے۔اس موقع پر اپنے خطاب میں محمد وزیر صاحب نے کہا کہ میں بچپن سے سخت محنت کرتا رہاہوں اور میں اصولوں کا سخت پابند رہا ہوں۔آج جو مقام اللہ رب العزت نے مجھے بخشا ہے اس میں میری جستجو اور رب العزت کا فضل اور میرے والدین اوراساتذہ کی دعائیں شامل ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں اور علم کے حصول میں سنجیدہ کوشش سے بلند مقام حاصل کریں۔قبل ازیں ڈاکٹرعزیز سہیل ،رویندار راؤ اور ستیہ نارئن گوڑ نے محمد وزیر صاحب کا مکمل تعارف اردو، تلگو اور انگریزی زبان میں پیش کیا اس موقع پرمحبوب نگر کے ڈگری کالج پرنسپلس ،معزیزین شہر طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شریک تھی۔ جناب محمد وزیر صاحب کو کالج کے اساتذہ و طلبہ کی جانب سے تہنیت پیش کی گئی۔
شعبہ نشرو اشاعت