انگریزی میں مہارت کامیابی کی کلید ۔ ۔ ۔ سی پارتھا سارتھی وائس چانسلر

Share

مہارت

انگریزی میں مہارت کامیابی کی کلید
ہندوستانی ادیبوں کا انگریزی ادب کے فروغ میں نمایاں کردار

گری راج کالج نظام آباد میں قومی انگریزی سمینار
سی پارتھا سارتھی وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی کا خطاب

نظام آباد( 6جنوری ۔ ای میل) انگریزی عالمی رابطے کی زبان ہے اور اس زبان میں پیشہ وارانہ مہارت پیدا کرنا زندگی کے تمام شعبوں میں کامیابی کے حصول کی اہم کلید ہے۔ عصر حاضرکے طالب علموں کو چاہئے کہ وہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے وسائل کا بھر پور استعمال کریں اور انگریزی زبان میں مہارت پیدا کرتے ہوئے عالمی سطح پر کامیابی حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر سی پارتھا سارتھی آئی اے ایس انچارج وائس چانسلر تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد نے گری راج کالج میں منعقدہ ایک روزہ قومی انگریزی سمینار کی افتتاحی تقریب میں بہ طور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یوجی سی کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار کی صدارت ڈاکٹر راجندر پرساد پرنسپل گری راج کالج نے کی جب کہ مہمانان اعزازی کے طور پر پروفیسر ڈی وینکٹ انگلش اینڈ فارن لینگویج یونیورسٹی حیدرآباد‘ ڈاکٹر کے وی رمنا چاری صدر شعبہ انگریزی تلنگانہ یونیورسٹی‘ پروفیسر دھرما راج تلنگانہ یونیورسٹی نے کی۔ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو و انچارج شعبہ انگریزی اس سمینار کے کنوینر اور مسٹر ویرا پرساد لائبریرین نائب کنوینر تھے۔ سمینار کا موضوع’’ انگریزی ادب کے فروغ میں ہندوستانی ادیبوں کا حصہ بیسویں صدی کے حوالے سے‘‘ تھا۔ مسٹر پارتھا سارتھی نے کہا کہ ہندوستان میں انگریزی ادب کی روایات انگریزوں کی ہندوستان میں آمد سے شروع ہوتی ہیں۔ اور آر کے نارائن ‘ملک راج آنند ‘راجا راؤ سے لے کر موجودہ دور کی ارون دھتی رائے اور کملا داس وغیر ہ تک ہندوستانی ادیبوں نے اپنی شاہکار تخلیقات کے ذریعے نہ صرف بین الاقوامی ادب کے ایوارڈز حاصل کئے بلکہ اپنی تحریروں سے مغربی مصنفین پر گہرا تاثر چھوڑا۔ پروفیسر ڈی وینکٹ نے کلیدی خطبہ دیا اور ہندوستانی انگریزی ادب کی مختلف جہات کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ادیبوں نے مغرب سے تاثر لیا تاہم اپنے ادب میں ہندوستانی تہذیب و روایات کو پروان چڑھایا۔ پروفیسر دھرما راج‘ڈاکٹر رمنا چاری‘مسٹر بھوجنگم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اور طلبا اور شرکائے سمینار کو سمینار کے موضوع اور انگریزی میں مقالہ نگاری کے نکات سے واقف کرایا ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یوجی سی کی گرانٹس سے اس سمینار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس سے طلبا میں انگریزی ادب کو پروان چڑھانے اور تحقیق و تنقید میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے سمینار میں ملک بھر سے آئے مقالہ نگاروں‘مہمان مقررین اور پرنسپل ‘کالج انتظامیہ ‘ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ سمینار کے دوران مقالہ نگاروں کے پیش کردہ مضامین پر مبنی سوونیر کی رسم اجرا عمل میں لائی گئی۔شعبہ انگریزی کے لیکچررز پرتیبھا‘لاونیا‘سوہاسنی‘پوجا‘بندو‘ شنکر‘دھام سنگھ ‘سنیل اور گوڑ نے
سمینار کے انتظامات میں تعاون کیا۔

Share
Share
Share