یہ شوہر بڑے "وہ” ہوتے ہیں (طنز و مزاح)
سیدعارف مصطفیٰ ۔ کراچی
فون : 8261098 -0313
ای میل :
۔ ۔ ۔ ۔
پطرس بخاری کی مانند میں بھی ایک شوہرہوں اور ایک بیوی رکھتا ہوں… بے پناہ محبت کا دعویدارنہیں اور تھوڑی سی محبت کا روادار نہیں… وہ کہیں گھر پہ نہ ہو تو بے حساب امن کے باوجود بے تحاشا سناٹے میرے اندر بولنے لگتے ہیں …لہو گرم رکھنے کے بہانےڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے، اور مجھے وہی میدان جنگ بےطرح بھانے لگ تا ہے کہ جس کو کبھی غصے سے نہ جانے کیا کیا نام دے چکا ہوتا ہوں… لیکن کیا کروں پھر وہ واپس آجاتی ہے اور ماحول پھر ویسےکا ویسا ہی ہوجاتا ہے …مجھے یہ اعتراف کرنے میں کوئی جھجک نہیں کہ میں زیادہ تر شوہروں کی طرح اک عام سا شوہر ہوں…تاہم یہ بتانے میں بھی کوئی حرج نہیں کہ میری بیوی اکثر بیویوں کی مانند ایک خاص بیوی ہے … ایسا نہیں کہ وہ یہ بات کہتی ہے لیکن دوسروں کی بیویوں کی طرح وہ یہی ثابت کرنے میں ہمہ وقت مصروف رہتی ہے،،، یہ جو میرے اندر کیلشیئم کے علاوہ اعتماد کی کمی پائی جاتی ہے اسکی وجہ بھی میری بیوی کا میرے بارے میں عجیب برتاؤ ہے… غصے کی نوک پہ آکر وہ کہتی ہے "آپ بڑے وہ ہیں” …لیکن وہ سے اسکی کیا مراد ہے ،کبھی واضح نہیں کرتی.. محض اندازے سے ہی قیاس کرتا ہوں اور یہ قیاس بھی بتانے کے قابل نہیں ہوتا،،،
میری لائی ہوئی کوئی چیز کبھی پسند نہ آنا (یا کم ازکم فوری پسند نہ آنا..) شاید اسکے ان ازدواجی اعتقادات کا حصہ ہے کہ جو اسے سینہ بہ سینہ ورثے میں ملے ہیں اور جسکے تحت شوہر کو خدانخواستہ فوری خوشی فراہم کرنا عورت کے مفتوح ہوجانے کی نشانی ہے… میں جب بھی شہر سے باہر جاتا ہوں مختلف اشیاء خصوصاً کپڑوں کی سوغات ساتھ لے کر آتا ہوں…اس سلسلے میں مہارت تامہ حاصل کرنے اور اپنے جوہر خریداری کو منوانے کیلیئے کئی بار اپنی عزت سادات کو بے پناہ خطرے میں بھی ڈالا ہے..اور آس پاس خریداری کرتی خواتین کے ہنر سے استفادہ کرنے کیلیئے میں نے کسی ایک کو چن کر اسکے ساتھ ساتھ رہنے کی معصومانہ کوشش متعدد بار کی ہے تاہم ایسی زیادہ تر کوششیں خاصے نامناسب انداز میں ختم ہوئی ہیں یا کرائی گئی ہیں…کیونکہ کسی ناخلف دکاندار کی نگرانی میں مارکیٹ کے باہر چھڑوائے جانے سے خریداری کے ولولے آناًفاناً ماند بھی پڑجاتے ہیں..اور دائیں بائیں دیکھے بغیر آگے ہی آگے چلتے رہنے اور یکایک پاس سے گزرتی کسی سواری میں سوار ہوجانے سے ہی اعصاب کا تناؤ کم ہوپاتا ہے،، ایسے ہر موقع پہ میں دانت پیس کراپنے آپ سے یہ کہتا ہوں کہ ” لعنت ہے ایسی خریداری پراور فوری عہد کرتا ہوں کہ آئندہ یہ غلطی نہ کروں گا… لیکن آخرکو انسان ہوں… غلطی کرتے رہ کر خود کو فرشتہ ہونے سے بچانے اور شرف انسانیت پہ فائز رہنے میں جتا رہتا ہوں..
ایک خریداری ہی کی بات نہیں، نکاحی حراست میں لیئے جانے کے تھوڑے ہی عرصے میں میرے خانہ زاد تفتیشی افسر نے میرے اندر ایسے بہت سے قابل اعتراض پہلو ڈھونڈھ نکالے تھے کہ میں انکی روشنی میں خود اپنے آپ سے مل کر بہت دنوں تک شرمندہ شرمندہ سا رہا اور اگر خدانخواستہ اکثر مردوں کی طرح مردانہ ڈھٹائی کی لازوال قوت کا اثاثہ میرے پاس نہ ہوتا تو کبھی کا منہ لپیٹ کر اک طرف کو پڑ رہتا… اس خرابی میں بھی مگر اچھائی کا ایک پہلو پھر بھی ہے اور وہ یہ کہ پھر یہ بھی ہے کہ جیسے کہتے ہیں کہ "قدرکھودیتا ہے،روز کا آنا جانا” تو اسی طرح "اثر کھودیتا ہے روز کا طنز اور طعنہ” اور رفتہ رفتہ زندگی اک "مضطرب امن” کی عادی ہوجاتی ہے… یہ بات نہیں کہ میں نے خود کو ڈھب پہ لانے کی کوئی کوشش نہیں کی،،ابھی خریداری کی ضمن میں اپنی بےپایاں مشقت کا تو زکر کر ہی چکا ہوں…تاہم یہ زرا بھی کافی نہیں کیونکہ میرے گھریلو کولمبس نے میرے اندر نقائص کے دفینوں سے پر نجانے کتنے ہی جزائر دریافت کرلیئے ہیں اور یہ کھوج پیہم جاری و ساری ہے… اس کھوج کا مرکزی خیال یہ عقیدہ ہے کہ شوہر ایک ایسی مخلوق ہے جو صرف براکرنے اور براسوچنے ہی پہ قادر ہے تاہم زوجہ کا باپ اور بھائی قطعی نایاب کے درجے میں ہیں اورمستثنیات میں داخل ہیں۔۔۔
یہ شوہرانہ مسئلہ بھی بڑا مشترکہ سا اور آفاقی نوعیت کا ہےکہ گھر سے باہر تیس مارخان کہلانے والے اپنی زوجہ کیلیئے محض چڑی مار کا ہی سا مقام رکھتے ہیں۔۔۔ خود ہمارے واقف ایک بڑے محترم عالیجناب کا گھریلو رتبہ "موئے نگوڑ مارے” سے زیادہ نہیں۔۔۔ انہیں دیکھ کرایک پیر صاحب کا حوالہ یاد آتا ہے کہ ایک دنیا انکی کرامتوں اور فضائل کی معترف تھی لیکن انکی بیگم انکا مذاق ہی اڑاتی رہتی تھیں۔۔۔ تنگ آکر انہوں نے بڑی مشقت سے ہوا میں اڑنے کا خطرناک عمل سیکھا اورپھر ایک دن فضا میں بلند ہوکر خوب اڑتے پھرے اور طے شدہ منصوبے کے تحت اپنے مکان کے ارد گرد کافی بلندی سے فضاء میں خوب چکر لگائے۔۔۔ بیگم کو صحن میں کھڑا دیکھا اور اس نظارے پہ حیران ہوتے ہوئے پایا تو بانچھیں کھل گئیں۔۔۔ ذرادیر بعد کہیں جاکر اترے اور کشاں کشاں گھر آئے ۔۔۔ گھر میں داخل ہوتے ہی بیگم نے آڑے ہاتھوں لیا،،،
” تم کہاں کے پیر بنے پھرتے ہو،، صاحب کرمت تو ایسے ہوتے ہیں کہ جیسےوہ پیر صاحب ہیں کہ جنہوں نے آج فضا میں جہاز کی مانند اڑکر دکھایا اور یہ منظر میں نے خود دیکھا تھا۔۔کافی اونچائی پہ اڑرہے تھے وہ۔۔۔”
اس پہ تو پیر صاحب بیحد مسرور ہوئے اور ایک احساس فتحمندی کے ساتھ بیگم کو اطلاع دی کہ
"وہ پیر میں ہی تو تھا۔۔”۔۔۔
اس پہ بیگم نے کسی قدر بیزاری کے ساتھ فرمایا کہ” اچھا وہ آپ تھے۔۔۔جبھی میں کہوں کہ ذرا ترچھے کیوںاڑ رہے تھے”۔۔!!
دنیائے خاوندیت کا ہر باسی شادی کے پہلے چند برسوں میں اپنے طور پہ اس خوش فہمی میں مبتلا نظر آتا ہے کہ گھرچلانےکے لیئے بیگم کو ساری تنخواہ دینے۔۔اور بچوں کی پیدائش میں ناگزیر مدد فراہم کرنے کی وجہ سے وہ اپنے گھریلو نظام شمسی کا گویا اک سورج ہے لیکن اک طویل مشاہدے بلکہ تجربے کے بعد اب مجھے کامل یقین ہے کہ اکثر بیگمات کی کائنات میں شوہر کا کردار دمدار ستارے سے زیادہ ہرگز نہیں۔۔۔ پھر ڈھلتی عمر کے آتے آتے تو شوہر اور بوسیدہ فرنیچر میں کوئی خاص فرق نہیں رہ جاتا۔۔۔ ناکارگی یہ شعر سوبار سنائے جاتی ہے۔۔ع- غالب خستہ کے بغیر کون سے کام بند ہیں۔۔۔ اس روزمرہ حقیقت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے کہ زیادہ تر شوہروں کا کوئی بھی کام اپنی ہی بیگمات کی نظر میں کوئی خاص وقعت نہیں رکھتا۔۔کیونکہ انکی تنقیدی بصیرت انکے ہر کام میں وہ وہ عیب ڈھونڈھ نکالتی ہے کہ جو اس معصوم کے حاشیہ گمان میں پیشگی کبھی آہی نہیںسکتے تھے ورنہ وہ اتنا برا کام کرنے پہ بھلا مائل ہی کیوں ہوتا،،، لیکن مسئلہ یہ بھی تو ہے ناکہ اگر ان "برےکاموں”سے اجتناب کا ہلکا سا ارادہ بھی ِدلِ خاوند سے ہو گزرے تو نجانے کس طرح وہ ارادہ بیگم کی گرفت سے بچ نہیں پاتا۔۔۔اور نکمے پن سے جڑے ان گنت محاورے اور تشبہیہات اور ضرب الامثال انکی زبان پہ فی الفوررواں ہوجاتے ہیں۔۔۔ اس روانی کا نقطہ عروج ٹیپ کا بند وہ لافانی و بین الاقوامی واویلا ہوتا ہے کہ "آپکے ساتھ تو میری قسمت ہی پھوٹ گئی”۔۔۔ بالائے ستم یہ کہ اس ازدواجی استغاثےمیں شوہر کو جواب دعویٰ داخل کرنے کا استحقاق بھی میسر نہیں۔۔۔
ایک اور سنگین مسئلہ جو بنیادی طور پہ سراسرمشرقی نوعیت کا ہے اور جو شوہروں کے لبوں کواکثر رومانی گانوں اور برجستہ قہقہوں سے محروم کردیتا ہے اور مسلسل منہ بسورے رکھنے پہ مجبور رکھتا ہے۔۔ وہ ہے شک کا مسئلہ۔۔۔ اسکی ذد میں سب سے پہلے تو بیگم آپکی عمر کے آس پاس کی وہ کزنزلاتی ہیں کہ آپ جنکے چکر میں امکانی طورپہ ذرا بھی مبتلا ہو سکتے تھے مگر بوجوہ ایسا کرنے کی ہمت نہ جٹا سکے۔۔۔ اور پھر بتدریج اس شک کا دائرہ ہر عمراور ہر تعلق تک وسیع کردیا جاتا ہے۔۔۔ یہ دائرہ دن دونی رات چوگنی ترقی کے اصول پہ تمام عمر ہی بڑھایا ہی جاتا رہتا ہےاور یوں آپ تاعمر ازدواجی ریمانڈ پہ رہتے ہیں اور تفتیش کبھی مکمل نہیں ہوپاتی۔۔۔۔جبکہ اس دوران آپکو بالجبرنہ جانے کتنی ہی نازنینوں کا بھائی صاحب بنادیا جاچکا ہوتا ہے۔۔ اور یہاں بھائی جان والی آپشن بھی کسی کو نہیں دی جاتی، (بجز سگی بہنوں کے۔۔۔!!)کیوں کہ اس خطاب کے آخر میں پھر وہی ازیتناک "جان” براجمان ہے۔۔۔ کہ جس سے بیگمات کی جان جاتی ہے،،، آپ کہیں بھی جائیں اور بیگم کو منزل کی بابت بالکل درست اطلاع فراہم کریں تب بھی انکی آنکھوں میں بےیقینی کے قلزم ہلکورے لیتے صاف محسوس کیئے جاسکتے ہیں،،، کسی نے سچ ہی کہا ہے کہ وہ عورت صرف ایک بیوہ ہی ہوسکتی ہے کہ جسے کامل یقین ہوتا ہے کہ اس وقت اسکا شوہر کہاں ہے۔۔۔ تاہم زندہ شوہر اپنی زندگی کا ثبوت فراہم نہ کرتے رہیں،،ایسا بھی کم ہی ہوتا ہے۔۔۔
ایک پہلو مگر ایساہے جس سے میں بہت حیران رہتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ میرے دیگر "شوہر بھائی” بھی اس ہی قسم کی حیرانی سے دوچاررہتے ہوں گے کہ ان کی بیگمات کی طرح میری بیوی بھی میرے اکثر خیالات پڑھ سکنے کی بلا کی صلاحیت رکھتی ہے،،، اور کئی بار مجھے میری سوچ کا کھویا ہوا سرا بھی پکڑادیتی ہے…میری بہت سی ایسی باتیں اس پہ کھلی ہوئی ہوتی ہیں کہ جنہیں چھپائے رکھنا میرے لیئے بہت اہم ہوتا ہے…اک یہ ہی نہیں اکثر بیگمات کا دعویٰ بھی یہی ہوتا ہے کہ وہ اپنے شوہروں کو خوب اچھی طرح سمجھتی ہیں … تاہم انکے سامنے یہ فقرہ بھی انکے لبوں پہ کبھ کبھار آہی جاتا ہے کہ
” میں آپکو ابھی تک سمجھ ہی نہیں سکی”…
مستورات کے اس تضاد میں شوہروں کیلیئے ایک تسلی بخش راحت مستور ہے… کیونکہ یہ انکی اس بے پناہ صلاحیت کا لاچارانہ اعتراف بھی ہے کہ جسکے ذریعے وہ پھر بھی کچھ نہ کچھ اپنی بیگمات سے چھپائے رکھنے میں کامیاب ہی رہتے ہیں…اور وہ ایسا کچھ ضرور ہوتاہے کہ جسکے چھپے ہی رہنے میں ازدواجی مسرتوں کی عافیت ہے
۵ thoughts on “یہ شوہر بڑے "وہ” ہوتے ہیں ۔ ۔ ۔ سیدعارف مصطفیٰ”
مضمون بہت عمدہ ہے خیالات بہت با ربط ہیں اور الفاظ بھی اچھے اور بہترین استعمال کئے گیے ہیں
دنیا نے تجربات و حوادث کی شکل میں
جو کچھ دیا ہے اس کو ہی لوٹا رہا ہوں میں
آخر میں اللہ سے قلم کے مزید زورآور ہونے کےلئے دعا گو ہوں
والسلام
محمود فیصل
نئی دہلی ۔ انڈیئا
ھم سے پوچھو کہ غزل مانگتی ھے کتنا لہو !
سب سمجھتے ھیں یہ دھندہ بڑے آرام کا ھے
واقعی "” مزاح کے شعبے میں لکھنے والے شرافت کی طرح عنقاء ہوتے جارہے ہیں "” یہ بالکل سچ ھے ۔۔
محترم Syed Arif Mustafa صاحب بہترین اور عمدہ مضمون پرمُبارکباد پیش ھے ۔ مزید مضامین کا انتظار رھے گا
مظلوم بیوی اچھی اصطلاح ہے لیکن اس پر ظلم زیادہ تر کسی عورت کی وجہ سے ہی ہوتا ہے اس لئے مرد اس سلسلے میں موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا.
جناب سید عارف مصطفی صاحب کا مضمون قابل تعریف اور اچھا ہے ، لیکن اس کو کیا کیا جائے بعض دفعہ شوہر خود مظلوم بننا چاہتا ہے بقول علامہ اقبال "شیاطین ملوکیت کی آنکھوں میں ہے وہ جادو….. کہ نخچیر کے دل میں پیدا ہو خود ذوق نخچیری.
بھائی جاوید نہال ہاشمی ابھی تک یا تو مضمون ہی نہیں پڑھ پائے یا مستوجب تبصرہ نہ سمجھا ہے ،،، بہرحال ہم نہال ہونے کی امید میں نڈھال ہوچلے ہیں ،،،
ھئی quoted پیراگراف اتنا دلچسپ ھے کہ پورا مضمون پڑھنے کو دل مچل رھا ھے. عارف صاحب کے سابقہ دونوں مضامین بھی ابھی "لائن” میں ہیں. نہایت دلچسپ اندازِ تحریر… فرصت میں پڑھ کر مکمل رائے دوں گا. عارف صاحب کے ساتھ فضل اللہ مکرم صاحب بھی قابلِ مبارکباد ہیں کہ اتنی معیاری تحریریں "جہانِ اردو” پر پڑھنے کو مل رھی ہیں.