السی کے لڈو۔ ۔ ۔ ثنا اللہ خان احسن ۔ کراچی

Share

alsi ke laddu

السی کے لڈو
سردیوں کا بہترین تحفہ

ثنا اللہ خان احسن ۔ کراچی

روزانہ ایک یا دو السی کے لڈو کھائیں اور سردی کی تمام بیماریوں کو دور بھگائیں۔
السی Flax Seed کا پودا ایک گز تک لمبا ہوتا ہےجسے موسم سرما کے آخر سے لے کرموسم بہار کے شروع تک نیلے رنگ کے پھول لگتے جو پھل کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ پھل چنے کے برابر ہوتا ہے جو باریک چمکدارنوکیلے بیجوں سے بھرا ہوتا ہے جسے السی کہتے ہیں ان بیجوں سے تیل بھی نکالا جاتا ہے۔ السی اور اس سے نکلا ہوا تیل دونوں انسانی جسم کے لیے مفید ہین –

السی اسٹریلیا، نیوزیلینڈ، ہالینڈ، انگلستان، ہندوستان، پاکستان، مصر اور روس میں پائی جاتی ہے۔ اس کی کاشت پچھلے سات ہزار سال سے کی جا رہی ہے۔ پہلے السی کے پودے کا استعمال پارچہ بافی اور قدرتی نائلون بافی میں کیا جاتا تھا لیکن اب مزید تحقیق کے بعد اس کے کچھ مزید فوائد سامنے آئے ہیں جن میں سے کچھ یہ ہیں۔
السی میں امیگا ۳ فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے جو دل اور دیگر جسمانی بیماریوں کے لیے مفید ہے۔ السی جسم سے کلسٹرول کم کرنے میں مدد دیتی ہے اور دل کی بیماریاں انجائینا اور ہائی بلڈپریشر کے لیے بے حد مفید ہے۔ السی دماغ کی مختلف قسم کی بیماریوں کے لیے مفید ہے اور ریڑ کی ہڈی کے علاج میں بھی اس کے نتائج خاطرخواہ ہیں۔ السی جسم میں کسی بھی قسم کی سوزش کو ختم کرتی ہے اور نظام ہضم کے لیے بے حد مفید ہے۔ السی کا تیل پتے کی پتھری کو حل کرنے میں مدد دیتا ہے اور مزید بننے سے روکتا ہے۔
السی سکن کے لیے بھی اچھی ہے یہ جلد کی مختلف بیماریوں جیسے جلدی دانے اور دھوپ سے جلسی ہوئی سکن کے لیے بے حد مفید ہے۔ السی کا تیل بالوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے اسے بالوں میں لگانے سے بال مضبوط، لمبے اور چمکدار ہوتے ہیں۔
اس کا تیل بھی ایک بہترین ٹانک کی حیثیت رکھتا ہے۔
کھانسی، نزلہ، زکام، بلغم، جوڑوں کا درد، کینسر سے بچائو، موٹاپا، پتھری، بواسیر، خواتین کے رحم کی رسولیاں، جلدی بیماریاں، دل کے امراض، تھکن ، سستی وغیرہ کے لئے بہترین۔۔
مزید پاکستان کے دیہاتی علاقوں میں السی سے میٹھائی بھی تیار کی جاتی ہے جو کہ سردیوں کی مشہور سوغات کے طور پر کھائی جاتی ہے۔
السی کے بہترین لڈو بنانے کی ترکیب:
اجزا:
کچی گندم آدھا کلو
السی آدھا کلو
گھی تین پاؤ۔۔ دیسی ہو تو بہتر ہے
گوند سو گرام
چینی تین پاؤ
چار مغز سو گرام
بادام سو گرام
پستے سو گرام
الائچی دس عدد
زردے کا رنگ
کچی گندم اور السی کو الگ الگ ہلکا سا بھون لیں۔
اب دونوں کو مکس کرکے گرائنڈر میں پیس لیں۔
پھر کڑاہی میں ڈال کر گھی میں مزید بھون لیں۔
اس کے بعد گوند کو پہلے فرائی کریں، تاکہ وہ پھول جائے چورا کر کے السی گندم کی کڑاہی میں ڈال دیں۔
اب چینی کا شیرہ بناکر اس میں چار مغز، بادام، پستے، الائچی اور اورنج فوڈ کلر السی گندم اور گوند ڈال کر مکس کریں۔
آخر میں چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کریں اور اس کی لڈو کی شکل کی پینڈیاں بناکر کسی ائیر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔

Share
Share
Share