جمیلؔ نظام آبادی کی نعتیہ شاعری ۔ ۔ ۔ ڈاکٹرعزیزسہیل

Share

jameel

ذکرجمیل : نعتیہ مجموعہ کلام 
شاعر : جمیلؔ نظام آبادی

مبصر:ڈاکٹرعزیزسہیل
لیکچرار ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگری کالج ،محبوب نگر


۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

ضلع نظام آباد میں نصف صدی سے اردو کی شمع کو روشن رکھنے میں اہم کردار نبھایا ہے،اس شخصیت کو ادبی دنیا جمیلؔ نظام آبادی کے نام سے جانتی ہے،جمیل نظام آبادی نے ادارہ گونج کے تحت اردو کی بیش بہا خدمت انجام دیکر یہ بات ثابت کردی ہے کہ اردو زبان روبہ زوال نہیں بلکہ دن بہ دن عروج کی منازل طئے کررہی ہے ،جمیلؔ نظام آبادی کا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے ماہنامہ گونج جو ایک ادبی رسالہ ہے جس کو حکومت کا کوئی مالی تعاون حاصل نہیں اپنے ذاتی مصارف سے پچھلے 40سالوں سے جاری رکھا ہوا ہے۔اس کے ساتھ ادارے گونج کے قیام کے ذریعے سیکڑوں قلمکاروں کی رہنمائی اور ان کی تصانیف کی اشاعت ان کا عظیم کارنامہ ہے،مجھے اچھی طرح یاد ہے جب سے ہم نے ہوش سنبھالا ہے تب سے ہی جمیلؔ نظام آبادی کی ادبی سرگرمیوں کو دیکھتے آرہے ہیں کہ وہ ایک مجاہد اردو کی طرح اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کی اردو خدمات لائق ستائش ہے اور وہ اردو کے کارنامہ حیات ایورڈ کے مستحق بھی ہیں۔اس لیے بھی کہ اضلاع میں اردو کے فروغ کی ضرورت شہروں سے زیادہ ہے۔جمیل نظام آبادی اپنی ذات میں ایک تنظیم اور ایک انجمن ہیں۔اللہ رب العزت نے انہیں بہترین تنظیمی صلاحیتوں سے نوازہ ہے۔

جمیل ؔ نظام آبادی کی اب تک 7کتابیں شائع ہوکر منصہ شہودپر آچکی ہے جن میں ’’سلگتے خواب‘‘1978ء،’’تجوید آرزو‘‘1985ء،’’صبر جمیل‘‘1993،’’دل کی زمین‘‘2004ء،’’سب سخن میرے‘‘2009ء ’’حروف سخن ‘‘2014ء تما م شعری مجموعہ اورنثری مجموعہ’’ حرف جمیل‘‘2006ء شامل ہیں ان کے علاوہ آج کی غزل 2005اور گونج ادبی البم2011ء کو بھی انہوں نے مرتب کیا ہے ۔’’ذکر جمیل‘‘ ان کا ساتواں شعری مجموعہ ہے جو خالصتاََ نعتیہ شاعری پر مشتمل ہے۔ذکر جمیل اصل میں ذکرِ رسولؐ ہے مدحت ہے،حرفِ نورہے، نکہت ہے،پھول ہے ۔
’’ذکر جمیل‘‘حالیہ دنوں اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ کے جزوی مالی تعاون سے شائع ہوئی ہے اس نعتیہ مجموعہ کلام کا پیش لفظ ڈاکٹر سید فاروق شکیلؔ نے رقم کیا ہے ۔جس کو انہوں نے ’’ذکر جمیل ‘‘ذکر رسولؐ کریم ہے‘‘کا عنوان دیا ہے۔ اس پیش لفظ میں ڈاکٹر سیدفاروق شکیل نے جمیل ؔ نظام آباد ی کی ادبی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی شاعری کو خوب سراہا ہے اور جمیلؔ نظام آبادی کے نعتیہ کلام سے متعلق رقمطراز ہیں۔’’جمیل نظام آبادی نے نئی زمنیوں میں نعتوں کے شجر ثمر بار اگائے ہیں جو ان کے قادرالکلامی کو روشن کرتے ہیں،جمیل ؔ نظام آبادی نے اپنی نعتوں میں جو زبان استعمال کی ہے وہ سادگی اور سلاست کے زیور سے آراستہ ہے جو راست دلوں پر اپنا ارتسامت ثبت کرنے کا ہنر جانتی ہے،جمیل نظام آبادی نے رب کائنات کی وحدت و عظمت کے چراغوں کو جلا کر اس بیاض کو روشن کردیا ہے‘‘،(ص۷،۸)
زیر تبصرہ نعتیہ مجموعہ میں پیش لفظ کے بعد تقریظ جواں سال ریسرچ اسکالر ماہرعروض واحدؔ نظام آبادی کی شامل کی گئی ہے ،واحدؔ نظام آباد نے اپنی تقریظ کو’’ذکر جمیل بھی تو متاعِ نجات ہے‘‘ کا عنوان دیا ہے،جس میں انہوں نے نعت گوئی کے فن پربھر پور روشنی ڈالی ہے اور نعت گوئی کو ایک عبادت قرار دیا ہے ،اور یہاں وا حدؔ نظام آباد نے اس بات کا اظہاربھی کیا ہے کہ وہ اس بات سے اتفاق نہیں رکھتے کہ نعت ایک صنف سخن ہے،اپنی تقریظ میں جمیل ؔ نظام آبادی کی شخصیت او ر فن سے متعلق لکھتے ہیں۔’’جمیل ؔ نظام آبادی ایک پختہ قلم کار ہے،خوش فکر وکہنہ مشق شاعر اور قابل قدر صحافی کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں،جن کی شاعرانہ و مدیرانہ صلاحیتوں کی ایک دنیا تقریباََ نصف صدی کے طویل عرصہ سے معترف ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک نہایت سنجیدہ ،بالغ نظر،دورس اور عاقب اندیش انسان ہیں اور ان سب سے بڑھ کر وہ ایک سچے اور پکے صاحب ایمان ہیں۔‘‘(ص۱۱،۱۲)
ذکر جمیل کے شاعر نے اپنی بات ’’حرف جمیل‘‘ کے عنوان سے پیش کی ہے۔اس نعتیہ مجموعہ کا آغاز حمد بار تعالی سے ہوتا ہے ،جس میں جمیلؔ نظام آباد نے خدائے لا شریک کی صفات سے متعلق کیا خوب اشعار کو باندھا ہے دیکھیں ؂؂
سب پہ جاری سدا تیرا فیضان ہے اپنے بندوں پہ ہر دم مہربان ہے
تو رحیم و کریم اور رحمان ہے رحم ہو ہم پہ ائے رحمت بیکراں
میرے اللہ میاں میرے اللہ میاں
اس شعری مجموعہ میں 9حمد ،ایک مناجات اور۷۷نعتیں شامل ہے۔جمیل ؔ نظام آبادی اصل میں غزل کے پختہ شاعر ہیں اور نعت بھی وہ اتنی پختگی سے لکھتے ہیں اور ان کی نعت گوئی کا تعلق دل کی گہرائی و گیرائی سے ہے وہ عشق نبی ؐ میں ڈوب کر نعت لکھتے ہیں ،انہوں نے غزل کے ساتھ ساتھ نعت گوئی کو اپنے اظہار کا خاص ذریعہ بنایا،اور نعت گوئی کے فن میں مہارت پیدا کی۔جس کے نتیجہ میں خالصتاََ نعت کا یہ شعری مجموعہ’’ذکر جمیل ‘‘ پورے آب و تاب کے ساتھ اردو کے منظر نامہ پر رونق افروز ہوا ہے۔زیر نظر نعتیہ مجموعہ سے منا جات کے اشعار ملاحظہ فرمائیں ؂
مرے خیا ل کو الت کی چاشنی دینا
مرے خدا مرے لہجے کو نغمگی دینا
جی رہا ہوں یہ سچائی ہے مگر پھربھی
وہ زندگی جسے کہتے ہیں زندگی دینا
ان مناجات میں جمیل ؔ نظام آباد نے بہترین خیال کو باندھا ہے ،ان کا انداز بیان بہت ہی نرالا اور اپنے اندر ایک نازک سا احساس لیے ہوئے ہے۔زیر نظر مجموعہ میں’’ کتاب مبیں‘‘ جس میں تمام انسانیت کیلئے ہدایت و رہنمائی شامل ہے اس سےمتعلق جمیلؔ نظاآبادی کے نعتیہ اشعار دیکھیں ؂
دین و دنیا کی دولت ملی آپ ؐ سے
معتبر بن گیا آدمی آپ ؐسے
آپ ؐ دنیا میں لائے کتاب مبیں
مٹ گئی جہل کی تیرگی آپؐ سے
اس نعتیہ مجموعہ میں بیشتر نعتوں میں عشق رسول ؐ کے ساتھ ساتھ اسواہِ حسنہ کو موضوع بنایا گیاہے۔اور نعت کے ہر شعر میں عشق نبی ؐ سے والہانہ محبت کا ثبوت دیا ہے۔ساتھ ہی سیرت کے واقعات ،آپ ﷺ کے معجزوں کو اپنی نعت میں سمیٹنے کی کامیاب کوشش کی ہے،بہت ہی عمدہ اشعار کو انہوں نے نعت کے قلب میں ڈھالا ہے چند اشعار ملاحظ ہو۔
انگلی کے اشارے سے دو نیم توہوا تیری بساط کیا تو دسترس میں کسی کی ہے ،ہم جانتے ہیں چاند، اے آسماں کے چاند
ہم کو آقا سے ملی جو آگہی اچھی لگی
سنتوں پہ چلنے والی زندگی اچھی لگی
ائے بلا لؓ باوفا ائے جانثار مصطفیؐ
عشق آقا میں تیری دیوانگی اچھی لگی
ان میں سچائی ہے خوبی ہے نصیحت ہے
جمیلؔ مرے سرکار کے اقوال مزادیتے ہیں
جو ہیں غلام آپ ؐ کے سردار ہوگئے
سب اپنے اپنے وقت کے سالار ہوگئے
شکرِخدا جمیلؔ کے تم خوش نصیب ہو
مدحت میں مصطفیؐ کی جو اشعار ہوگئے
جمیلؔ نظا م آبادی ایک سچے عاشق رسول ؐہیں انہوں نے اس نعتیہ مجموعہ کی اشاعت کے ذریعے اپنی عاقبت کا سامان مہیا کرلیا ہے ۔دراصل نعت سننا اور پڑھنا دونوں اجر و ثواب کا باعث ہے ،یہ شعری مجموعہ آپ ؐکی مدحت بیان کرتا ہے ، جمیلؔ نظام آبادی نے حالیہ عرصہ میں بیت اللہ شریف اور مدینہ منورہ کی زیارت کی سعادت بھی حاصل کی ،جس کے متعلق بھی انہوں نے اس نعتیہ مجموعہ میں بہت سی نعتوں میں اس منظر کو ڈھالنے کی کامیاب کوشش کی ہے ،اللہ کرے یہ نعتیہ مجموعہ ان کی مغفرت کا سامان ہو ،میں ’’ذکر جمیل ‘‘ کی اشاعت پر جمیل ؔ نظام آبادی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ رب العزرت سے دعا گو بھی ہوں کے ان کو عمر طویل سے نوازے اور صحت و تندرستی عطا کرے تاکہ وہ مزید اردو زبان کی خدمات انجام دیتے رہیں۔128صفحات پر مشتمل اس شعری مجموعہ کا ہدیہ 200روپئے رکھا گیا ہے جو گو نج پبلیکیشنر 9-19-64/Aواٹر ٹائینک مالا پلی ، نظام آباد سے خریدا جاسکتا ہے ،مزید تفصیلا ت کیلئے شاعر سے فو ن نمبر9492207865سے ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔
Jameel Nizamabadi
jamei sb pic

Dr.Azeez Suhail

ڈاکٹرعزیزسہیل

 

Share
Share
Share