طلبہ کی کردار سازی/انٹی کرپشن پر مقابلہ جات کا انعقاد
گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ‘پاکستان
رپورٹ :ابن عاصی
مورخہ 22اگست 2015ء کو وزیر اعلیٰ پنجاب جناب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں بعنوان ’’طلبہ کی کردار سازی/انٹی کرپشن‘‘ کے موضوع پر گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ کے ابنِ خلدون ہال میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں قابل صد احترام وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں مختلف نوعیت کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ یہ تقریب ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد شریف خان کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ میں صرف طلبہ کے مابین مقابلہ کا اہتمام کیا جانا تھا۔ لیکن آخری وقت پر طالبات کے کالجز میں انتظام نہ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی ہدایت پر طالبات کے مقابلہ جات بھی کالج ہذا کے ابن خلدون ہال میں ہی منعقد کروانا پڑے۔
رئیس ادارہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق خان شاہد نے تقریب کی صدارت کے فرائض سرانجام دیئے ۔ مہمان اعزاز پروفیسر محمد شریف خان ڈپٹی ڈائریکٹر کالج جھنگ تھے۔ تقریب کا اہتمام انچارج بزم حیات/تقریبات پروفیسر منیف ظفر خان نے کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر نثار احمد مگھیانہ نے ادا کئے۔ درج بالا تقریب میں آمدہ ہدایات کی روشنی میں درج ذیل مقابلہ جات کروائے گئے۔
۱۔ مباحثہ(اردو/انگریزی)
۲۔مضمون نویسی(اردو/انگریزی)
۳۔ملی نغمہ (باترنم)
۴۔کلام اقبال (باترنم)
۵۔پینٹنگ
درج بالا تمام مقابلہ جات طلبہ و طالبات کے مابین کروائے گئے جبکہ پوزیشن ہولڈرز کو الگ الگ انعامات دیئے گئے۔ مقابلہ جات چونکہ ضلعی سطح کے تھے لہٰذا تمام ضلعی کالجز کو مدعو کیا گیا۔ درج ذیل کالجز کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے ان مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
۱۔گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ
۲۔گورنمنٹ غزالی ڈگری کالج جھنگ
۳۔گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جھنگ
۴۔پنجاب کالج جھنگ
۵۔فاران ماڈل کالج جھنگ
۶۔گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ
۷۔گورنمنٹ کالج چک 170/JBجھنگ
پرنسپل ادارہ ہذا پروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق خان شاہد کی صدارت میں تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام سے ہوا۔ بعد ازاں نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پیش کی گئی۔ جس کے ساتھ ہی مقابلہ جات کا باقاعدہ آغاز اردو مباحثہ سے ہوا جس میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔منصفین کرام کے فیصلہ کے مطابق جہاں زیب انجم پنجاب کالج جھنگ نے اول ، حسنین رضا گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے دوم اور عرفان حیدر گورنمنٹ غزالی کالج جھنگ نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ طالبات میں مریم بشیر پنجاب کالج جھنگ نے اول ، مائدہ جاوید گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ نے دوم اور چندا محسن گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ نے سوم پوزیشن حاصل کی۔
اسی دوران مضمون نویسی (اردو/انگریزی) کے مقابلہ جا ت باالترتیب پروفیسر ندیم اختر شعبہ اردو ، پروفیسر اقبال شہزاد شعبہ انگریزی کی نگرانی میں جاری رہے۔مضمون نویسی اردو میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ منصفین کرام نے اپنا فیصلہ دیتے ہوئے فاروق وسیم گورنمنٹ کالج چک نمبر 170/JB جھنگ کو اول ، عزیز شاہ پنجاب کالج جھنگ کو دوم اور فیض عمران فاران ماڈل کالج جھنگ کو سوم قرار دیا۔ جبکہ طالبات میں مصباح افضل پنجاب کالج جھنگ اول ، عائشہ علی گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جھنگ دوم اور تیسری پوزیشن حافظہ ثمینہ لطیف گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ نے حاصل کی۔ مضمون نویسی انگریزی میں طلبہ میں محمد مہران سلیم گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے اول اور طالبات میں عائشہ اسلم پنجاب کالج جھنگ نے اول اور عینا دعا نے دوم پوزیشن حاصل کی۔
اردو مباحثہ کے اختتام پر انگریزی مباحثہ کا آغاز ہوا۔ طلبہ میں محمد مہران سلیم گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے اول پوزیشن حاصل کی جبکہ طالبات کے مابین مقابلہ جات میں انعم ریاض پنجاب کالج جھنگ نے اول ، حنظلہ جاوید پنجاب کالج جھنگ نے دوم اور تیسری پوزیشن کی حقدار اقراء قیوم گورنمنٹ کالج برائے خواتین ٹھہریں۔
اگست‘ملک کی آزادی کا مہینہ ہونے کے حوالے سے ملی نغمہ کا مقابلہ طلبہ و طالبات کے مابین منعقد ہوا۔ مصنفین کرام کے فیصلہ کے مطابق محمد ریاض پنجاب کالج جھنگ نے اول ، تراب حیدر گورنمنٹ غزالی کالج جھنگ نے دوم اور امان اللہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ طالبات کے مقابلہ جات میں مصنفین کرام نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ نے اول اور ماریہ حنان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
کلام اقبال (باترنم )کے مقابلہ جات میں اول پوزیشن سید رضوان حیدر گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے حاصل کی، دوسری پوزیشن کے محمد ریاض پنجاب کالج جھنگ حقدار ٹھہرے جبکہ تیسری پوزیشن محمد شفقت گورنمنٹ کالج 170/JBجھنگ کے حصہ میں آئی۔
پروگرام میں شامل مقابلہ جات میں آخری مقابلہ پینٹنگ بعنوان’’ڈینگی مخالف مہم‘‘ اور ’’تحریک آزادی‘‘ تھا۔ پینٹنگ کا مقابلہ پروفیسر بشیر احمد ناز صاحب کی زیرنگرانی زوالوجی لیب میں منعقد ہوا۔ جس میں عامر بلال فاران ماڈل کالج جھنگ نے اول پوزیشن حاصل کی ، جبکہ طالبات میں منصفین کرام کے فیصلہ کے مطابق فرحت بی بی گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ نے اول ،ثناء بتول گورنمنٹ کامرس کالج برائے خواتین جھنگ نے دوم اور ثمرہ قمر پنجاب کالج جھنگ نے سوم پوزیشن حاصل کی۔
انعامات حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات کی تقسیم سے قبل رئیس ادارہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق خان شاہد نے آنے والے مہمانان اور مقابلہ جات میں شمولیت اختیار کرنے والے طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے قابل صد احترام وزیر اعلیٰ پنجاب محترم محمدشہباز شریف کے اب تک کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اگر ان کا دست شفقت ہمارے ملک کے نوجوانوں پر اسی طرح کارفرما رہا تو ہمارے ملک کے نوجوان نہ صرف اپنے کردار کو بلند کرنے میں کامیاب ہوں گے بلکہ ہمارے پیارے ملک کی باگ ڈورکو احسن طریقے سے نبھائیں گے ۔رئیس ادارہ نے طلبہ و طالبات کو اینٹی ڈینگی مہم اور باغات و شجر کاری مہم سے آگاہی کیلئے اپنے خیالات سے نوازا۔
طلبہ و طالبات میں کردارسازی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بہت آسان پیرائے میں انہیں (3Cs)تھری سیزکی اہمیت سے روشناس کرواتے ہوئے فرمایا کہ تھری سی یعنی ماحول،نصاب اور معاشرہ ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق خان شاہد صاحب نے طلبہ و طالبات کو یہ باور کروایا کہ ہمارے معاشرے میں (3Cs)تھری سیزمیں روابط کا شدید فقدان ہے۔ آپ کو اس بارے میں کبھی کسی نے صحیح طور پر راہنمائی ہی نہیں دی۔ اسی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے 11سنہری اصول بھی بیان کئے جسے طلبہ و طالبات نے نہ صرف سہرایا بلکہ ان پر عمل پیرا ہونے کی یقین دہانی کروائی۔ بعدازاں انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ اگر ضلع جھنگ کے کسی کالج کو ان چیزوں سے متعلقہ راہنمائی کی ضرورت ہو تو وہ اپنے ادارہ کے سربراہ کی وساطت سے استدراک کر سکتے ہیں۔ جس کی بنا پر میں کوشش کروں گا کہ ان کو متعلقہ راہنمائی مہیا کر سکوں۔ بصورت دیگر وہ میرے لیکچرز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
اپنے بیان کے آخر میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق خان شاہد نے طلبہ و طالبات کو چیک لسٹ سے روشناس کرواتے ہوئے فرمایا کہ اس طرح کی بڑی
تقریبات کی کارکردگی جانچنے کا اصل پیمانہ یہی ہے ۔ طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کیلئے اپنی اغلاط سے سبق سیکھنے کاذ ریعہ بھی یہی چیک لسٹ ہے۔ آخر میں محترم صدر محفل نے تقریب کے تمام شرکاء اور مہمانان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔ انعامات کی تقسیم میں محترم پرنسپل صاحب نے آنے والے اساتذہ کرام کو دعوت دی اور ان کے تعاون سے انعامات تقسیم فرمائے۔ اور طلبہ و طالبات کو دعا دی کہ اللہ تعالیٰ ان کو ان کی کوششوں میں کامیاب کرے ۔ میرا اور رفقاء کار کا ہر قسم کا تعاون ان کی کوششوں میں ہمیشہ شامل حال رہے گا۔