جناب مجتبی حسین کی تخلیقات پر مشتمل ویب سائیٹ کا افتتاح
جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد 9 اگست (دکن نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ نامور مزاح نگار مجتبی حسین نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور مزاح نگاری کے ذریعہ عالمگیر سطح پر مقبولیت حاصل کی ۔ انہوں نے اپنے مضامین کے ذریعہ سینکڑوں مداحوں کو مسرت اور بصیرت سے مالا مال کیا ہے ۔ جناب زاہد علی خان آج شام محبوب حسین جگر ہال میں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام پدم شری ڈاکٹر مجتبی حسین کی تخلیقات پر مشتمل ’’ویب سائیٹ‘‘ کی افتتاحی تقریب کو خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مجتبی حسین نے 12 اگست 1962 ء سے سیاست میں پہلا کالم لکھ کر مزاح نگاری کا آغاز کیا اس کے بعد ان کے بے شمار مضامین خاکے اور انٹرویوز ہندوستان و پاکستان کے علاوہ امریکہ ‘ لندن اور دیگر ملکوں سے شائع ہونے و الے اخبارات و
رسائل میں ںشائع ہوتے رہے۔ اردو کا شاید ہی کوئی ادیب ہے جس نے اس قدر تخلیقات اردو دنیا کو دی ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے سیاست کے تیارہ کردہ اس ویب سائیٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ سیاست نے اپنے نامور ادیب کو خراج تحسین ادا کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی جانب سے ایک ایسا ویب سائیٹ تیار کرنے کا منصوبہ ہے جو 1947 سے آج تک سیاست میں شائع شدہ پسندیدہ اور منتخب مضامین پر مشتمل ہوگا تا کہ قارئین کوعہد بہ عہد کے سیاسی ‘سماجی مسائل سے واقفیت حاصل ہوسکے ۔ زاہد علی خان نے کہا کہ اس وقت 170 ممالک میں اخبار سیاست کے قارئین انٹر نیٹ کے ذریعہ اخبار کا مطالعہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب میں زندگی کے تمام شعبوں کی نمائندہ شخصیتیں شرکت کررہی ہیں اس سے مجتبی حسین کی مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے اردو والوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس زبان کا تحفظ کریں جس طرح ہم اپنی ماں سے محبت کرتے ہیں اسی طرح اپنی ماں کی زبان سے بھی محبت رکھنی چاہئے حکومتیں زبان کا تحفظ نہیں کرسکتیں بلکہ زبان بولنے والے ہی اس کے تحفظ کا حق ادا کرسکتے ہیں ۔ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کے فرزند جناب اصغر علی خان چیف ڈیزائنر نے بٹن دبا کر ویب سائیٹ کا افتتاح کیا ۔ واضح رہے کہ گذشتہ 4 برس سے اس ویب سائیٹ کی تیاری کے سلسلہ میں اصغر علی خان کے علاوہ محمد تقی ‘عبدالشکور ماس کمپیوٹرس ‘ارشد محی الدین ‘زاہد فاروقی اور دوسروں نے شبانہ روز محنت کی 6500 صفحات اور 400 سے زائد فوٹوز پر مشتمل اس ویب سائیٹ کے ذریعہ مجتبی حسین کے فن اور شخصیت کا بھر پور مطالعہ کیا جاسکتا ہے ۔ جناب مجتبی حسین نے اس موقع پر اپنا خصوصی مضمون ’’لو آج ہم بھی صاحب ویب سائیٹ ہوگئے ‘‘ سنایا اور خوب داد تحسین حاصل کی ۔ انہوں نے نہایت جذباتی انداز میں کہا کہ سیاست سے ان کا رشتہ گہرا اور اٹوٹ رہا ہے ۔
جناب مجتبیٰ حسین کی ویب سائٹ
One thought on “نامورمزاح نگارجناب مجتبی حسین کی تخلیقات پرمشتمل ویب سائیٹ کا آغاز”
زبردست تحریریں ہیں،