رمضان کی آمد سے قبل دلوں کوبرائیوں سے پاک و صاف کرنے کا مشورہ
ادارہ ادب اسلامی محبوب نگر کے جلسہ استقبال رمضان و نعتیہ مشاعرہ سے مولانا عبدالجواد کاخطاب
محبوب نگر(راست) ماہ رمضان نیکیاں کمانے کا موسم ہے ،اس ماہ کی خصوصی عبادت روزہ ہے ، جس کے ذریعے اللہ کا ڈر پیدا ہوتا ہے جسے تقویٰ کہتے ہیں۔ ماہ رمضان قرآن شریف کے نزول کا مہینہ ہے،اس لئے اس ماہ کو قرآن سے خاص نسبت ہے، یہی وجہ ہے کہ ماہ رمضان میں تراویح میں قرآن پڑھا جاتا ہے، رمضان اور قرآن کا آپس میں بہت ہی گہرا ورمضبوط ربط وتعلق ہے ، کیونکہ رمضان "شہر القرآن” ہے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ رمضان کے استقبال میں اپنے آپ کو تیار کریں اور اپنے دلوں کو حسد،غیبت،چغلی اور برائیوں سے صاف کریں۔ان خیالات کا اظہار آج ادارہ ادب
اسلامی محبوب نگرکے جلسہ استقبال رمضان و نعتیہ مشاعرہ منعقدہ ہپینز اسکول نیوٹاون ، محبوب نگرپر مولاناعبدالجواد مظاہری صاحب ناظم مدرسہ اسلامیہ الکوثر نے کیا انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کی آمد پر اللہ کے رسول ﷺ کے معمولات زندگی میں عبادات میں کثرت ہوتی تھی،خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے اور سخاوت کیلئے ہاتھ کھل جاتے تھے ۔ انہوں نے امتہ مسلمہ کو رمضان کا استقبال کرنے اور اس کے فیوض و برکات سے خوب استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔رمضان سے متعلق مضمون محمداسحاق( مدرس )شریک معتمد ادارے ادب اسلامی نے پیش کیا پروگرام کا آغاز جناب سردر الدین کی تلاوت سے عمل میں آیا۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب صادق اللہ صاحب مشیر المیوا محبوب نگر،جناب جاوید عالم موظف ایگزیکٹیو انجینیئر،جناب ہارون رشید ایڈوکیٹ نے شرکت کی۔جلسہ کے فوری بعدنعتیہ مشاعرہ مولاناعبدالجواد مظاہری صاحب کی سرپرستی میں منعقد ہوا جس میں مولانا جواد مظاہری، ظہیر ناصری،نور آفاقی،حلیم بابر،تقی احمد تقی ،انجم برہانی،محبت علی منان، اسمعیل قیصر،جلیل رضاء،باسط مظہری ،خواجہ معین الدین خوشتر،ممتاز نقشبندی نے اپنا نعتیہ کلام پیش کیا۔سرپرست ادارہ جناب حلیم بابرؔ نے سردار الدین صاحب خازن ادارہ ادب اسلامی کی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر تہنیت پیش کی۔جلسہ اور مشاعرے کی کاروائی ڈاکٹر عزیز سہیل لیکچرار ومعتمدادارہ ادب اسلامی محبوب نگر نے حسن خوبی سے انجام دی۔معتمد کے شکریہ پر پرگرام کا اختتام عمل میں آیا۔
منجانب۔ ادارہ ادب اسلامی محبوب نگر