نرگسیت؟ – ابنِ عاصی

Share
نرگیسیت
ابن عاصی

از۔ ابن عاصی 

نرگسیت؟

لاہور میں ایک صاحب سلیم نام (ا ن کا پورا نام جان بوجھ کر نہیں لکھ رہا ہوں) کے ہوا کرتے تھے انہیں پتہ نہیں کیوںیہ وہم ہوگیا تھا کہ وہ ڈاکٹر علامہ اقبال سے بڑے شاعر ہیںیار دوستوں نے بھی شغل شغل میں ان کو بڑھاوا دینا شروع کر دیا اور مذاق مذاق میں بات بڑھتی چلی گئی اور وہ سچ مچ میں سنجیدہ ہو گئے اور انھوں نے واقعی خود کو اقبال سے بڑا اور بہتر شاعرجاننا شروع کر دیا اب جونہی دوستوں کو احساس ہوا کہ ان کے مذاق نے تو ایک سنجیدہ رخ اختیار کر لیا ہے تو انھوں نے اس معاملے میں چپ سادھ لی لیکن و ہ صاحب اب کہاں نچلے بیٹھنے والے تھے اور پھر ان کا مسئلہ یہ بھی تھا کہ موصوف نجانے کیوں یہ بھی خیال کرنے لگ گئے تھے کہ ساری دنیا ان کے خلاف سازشیں کرنے میں لگی ہوئی ہے مشہور ہے کہ ایک روز جو کیلے کے چھلکے سے پھسلے تو اسے بھی ایک بین الاقوامی سازش قرار دے ڈالا اور یہ فرمانے سے بھی ہاتھ نہ کھینچا کہ عالمی طاقتیں انھیں صفحہء ہستی سے مٹانے کے درپے ہیں سنا ہے کہ اپنے آخری دنوں میں یہ ،علامہ اقبال ثانی ،گاڑیوں کو پتھر مارتے ہوئے دیکھے گئے تھے ا س زعم میںیہ صاحب اکیلے ہی نہیں ہوئے بلکہ اور بھی کئی لوگ اس زعم میں مبتلارہے ہیں مثال کے طور پر غالب کے دور میں یاس یگانہ چنگیزی ڈٹ کے غالب کو للکارتے ہوئے دیکھے گئے وہ غالب کی بجائے میر کے قدردان تھے اور غالب کوکچھ بھی نہیں سمجھتے تھے ان کی اس روش نے غالب کو کیا نقصان پہنچایا؟اس کا تو کسی کو بھی آج تک علم نہیں ہو سکا (اور نہ ہی شائد کبھی ہو سکے گا) لیکن انہیں خود اس سے نقصان ضرور ہواکیونکہ غالب جیسے

بڑے آدمی کے خلاف اپنی توانائیاں لگا کر انہوں نے اپنے آپ کو ہی متنازع بنالیا اورغالب پرستوں نے ان کو شاعر ماننے سے ہی انکار کردیایگانہ کیسے شاعر تھے ؟اس کا ثبوت تو میں آگے چل کر دوں گا فی الحال یہاں ڈاکٹر تاثیر کے اپنے شاگرد محمود نظامی کے نام ۵ دسمبر ۱۹۳۴ کو کیمبرج سے لکھے گئے اس خط کی ایک لائن پیش کر رہا ہوں جس میں انہوں نے یگانہ کی شاعری کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے
،غالب کو شاعر نہ ماننے سے زیادہ سے زیادہ یہ ثابت ہو سکتا ہے کہ یاس اچھا نقاد نہیں اور یہ نتیجہ یاس کی شاعری سے غیر متعلق ہے اچھے شاعر عموما اچھے نقاد نہیں ہوتے یہ اجتماع بہت شاذ ہے یاس نقاد نہ سہی لیکن اس کی شاعری سے بے اعتنائی کیوں کی جائے؟
ؒ ؒ لیکن غالب پرستوں نے بھلا تاثیر کی ماننا تھی انہوں نے توآج تک یگانہ کونشانے پہ رکھا ہوا ہے اور تاک تاک کے نشانے لگا رہے ہیں اور میرا ذاتی خیال ہے کہ اس میں یگانہ کا اپنا قصور کافی زیادہ بنتا ہے ظاہر ہے جب آپ سب کی پسندیدہ شخصیت کو مسخ کرنے کی کوشش کریں گے بلکہ اس کی مخالفت میں پیش پیش ہوں گے تو پھر آپ کے ساتھ کیا اس کے چاہنے والے نرمی برتیں گے؟یگانہ کے ساتھ جو ہوا اور آئندہ جو بھی ہونے والا ہے اس کی ساری ذمے داری خود اسی پر ہی عائد ہوتی ہے یہ میں اس لئے بھی کہہ رہا ہوں کیونکہ یہ ابھی تک کسی محقق نے نہیں بتایا ہے کہ یگانہ کسی کے اکسانے پر غالب دشمنی پر آمادہ ہوئے تھے تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ وہ جوکر رہے تھے اپنی مرضی اور خوشی سے کر رہے تھے اور اب ظاہر ہے اس کا نتیجہ بھی انہی کو ہی بھگتنا ہے خیر آپ کو کو یگانہ کی زبردست شاعری کے کچھ نمونے پیش کر رہا ہوں انہیں پڑھئے اور سوچئے کہ اتنے خوبصورت شاعر کو کیا وہ مقام دیا گیا جس کا کہ وہ حقدار تھا؟کیا صرف غالب کی دشمنی نے اس کو لوگوں کی نظروں سے گرایا یا کوئی اور بھی وجہ تھی؟صاف نظر آرہا ہے کہ یگانہ غالب دشمنی کی بھینٹ چڑھا ہے لیکن میں یہ پہلے کہہ چکا ہوں اس میں کسی دوسرے کا کوئی قصور نہیں،بہرحال آپ یگانہ کے اشعار دیکھیں
مجھے دل کی خطا پر یاس شرمانا نہیں آتا
پرایاجرم اپنے نام لکھوانا نہیں آتا
مجھ سے معنی شناس پر جادو
حسن صورت حرام کیا کرتا
خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا
خدابنے تھے یگانہ مگر بنا نہ گیا
لیکن ان کا اصل شعر تو وہ ہے جس کی وجہ سے ان کی زیادہ شہرت ہوئی ان کو جب غالب سے صلح کے لئے کہا گیا تو انہوں نے نہایت عیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کمال کا شعر کہا ذرا سنئے اور سر دھنئے
صلح کر لو یگانہ غالب سے
وہ بھی استاد تم بھی اک استاد
دیکھئے کس مکاری سے یگانہ نے اس شعر میں خود کو بھی غالب کے مقابلے میں استاد بنا کر پیش کیاہے یعنی اس کے برابرلا کھڑا کیا ہے خود کو،اب اس کا فیصلہ آپ خود کر لیں کہ کیا یگانہ کا مقام و مرتبہ کسی طور بھی غالب جیسے بندے کے برابر ہو سکتا ہے؟کہاں غالب جیسا بے مثال اور باکمال شاعر اور کہاںیگانہ اور صرف یگانہ! اب کرن اور سورج کا مقابلہ تو نہیں کیا جا سکتا ناں؟مانا کہ وہ ایک اچھے شاعر تھے لیکن نہ تو انہیں اس سطح تک آنا چاہیے تھا اور نہ ہی کسی اور کو غالب دشمنی میں ایسی کوئی حرکت کرنی چاہیے خیر اپنے آج کے اپنے کالم کے آخر میں ہم اس شاعر کا بھی ذکر کرتے چلیں کہ جو آج کا کالم لکھنے کی وجہ بنے ہیں جی ہاں ان کا اسمِ گرامی اقبال ساجد ہے زمانے کی گرم اور سرد ہواؤں نے ان کو کبھی اگر سکھ سے جینے اور رہنے نہیں دیا تو ایمانداری کی بات ہے کہ انہوں نے اس کا بدلہ لیا اور خوب ہی لیا اور ہاتھ بھی یگانہ کی طرح معمولی لوگوں پر نہیں ڈالا اپنے قد سے بڑے ناموں کوہلانے کے لئے موصوف نے جو کارنامے سرانجام دئیے اس کی جھلکیاں آپ کو ان کے کلام میں واضح طور پر مل رہی ہیں اس کا ایک نمونہ ملاحظہ فرمائیں ذرا
نئے زمانے میں ان کا جواز کچھ بھی نہیں
فراق وفیض و ندیم و فراز کچھ بھی نہیں
جب اقبال ساجد نے اپنا یہ شہرہ آفاق شعر کہا تو ظاہر ہے نہ تو فراق اور نہ ہی فیض ان سے گلہ کرنے کے لئے اس دنیا میں تھے ہاں ندیم تھے لیکن اپنی شرفت اور وضعداری کی وجہ سے وہ خاموش رہے(اور کرتے بھی کیا؟)لیکن احمد فراز چپ نہ رہ سکے اور ان کا بولنا ان کے لئے اس لئے بھی مہنگا ثابت ہوا کہ اقبال ساجد کا جواب تاریخ کاحصہ بن گیا،کہتے ہیں کہ جب فراز نے اقبال ساجد سے اس کا گلہ کیا تو اس نے دھڑلے سے کہا، تمہارا نام تو قافیے کی مجبوری کی وجہ سے شعر میں آگیا ورنہ تم تو اس قابل ہی نہ تھے کہ میرے شعر میں آتے،
کہتے ہیں کہ اقبال ساجد کا جواب سنتے ہی فراز منہ لپیٹ کر ایک طرف کو ہو لئے اقبال ساجد ایسا کیوں تھا؟وہ لوگوں کے ساتھ احسان (احسان کی بات اس لئے کی کہ مشہور ہوا تھا کہ انہی دنوں فراز نے اس کو کہیں نوکری وغیرہ لے کر دی تھی شائد) کے بدلے میں زیادتی کیوں کرتاتھا؟اس کا جواب بھی اس کے اس شعر میں شائد ہمیں نظر آرہاہے؟
میں یگانہ تھا نہ غالب سے تھی میری دشمنی
لوگ جب حد سے بڑھے اس سطح پر آنا پڑا
ہم سا ہو تو سامنے آئے ٹائپ اس سوچ نے یا نرگسیت کے شکار ان لوگوں نے اگر تعمیری انداز اختیار کیا ہوتا تو اس سے ادب کو شائد کچھ فائدہ بھی ہو جاتا لیکن یہ لوگ ایسے لوگوں کے مقام ومرتبے کی ایسی تیسی کرنے میں لگ گئے جو کہ لوگوں کے دلوں میں بس رہے تھے اپنے آپ کو تیس مار خاں سمجھنے والے یہ لوگ دوسروں کے پیچھے پڑنے کی بجائے اگرسنجیدگی اورخلوص سے اپنے کام کی طرف ہی دھیان دیتے تو آج ان کا ذکر منفی انداز میں نہ ہورہا ہوتا؟ممکن ہے بعض لوگوں کو میری بات بری لگ رہی ہو لیکن جو سچ ہے وہ میں کسی لگی لپٹی کے بغیر آپ کے سامنے رکھ رہا ہوں اور میں دیانتداری سے یہ بھی سمجھتا ہوں کہ یگانہ کی طرح اقبال ساجد کاشعری اثاثہ بھی سراہنے کے لائق ہے کاش وہ صرف اسی طرف دھیان دیتا اب آپ اقبال ساجد کے کچھ خوبصورت اشعار بھی پڑھ لیں(نرگسیت کا اظہار یہاں بھی ہو رہا ہے)
عہدِجدید تر کا نمائندہ کون ہے
گر میں نہیں تو اور یہاں زندہ کون ہے
کس نے نئے سخن کی بسائی ہیں بستیاں
جو خود اجڑ گیا ہے وہ باشندہ کون ہے
تنہا ہے کون کس کے یہ بازو ہیں ان گنت
تھامے ہوئے یہ پرچم آئندہ کون ہے
یہ لوگ اب بھی پچھلی صدی کے اسیر ہیں
ساجد سفیرلمحہء آئندہ کون ہے
آخر میںیہی کہوں کہ نرگسیت ایک بیماری ہے خاص طور پرہمارے لکھنے والوں کو تو اس کا شکار نہیں ہونا چاہئیے اگر ہوں گے تو یقین رکھئے کہ آپ اپنا ہی نقصان کریں گے اگر پھر بھی میری بات کا یقین نہیں آرہا ہے تو جن تین لوگوں کے حوالے دیکر میں نے آج کا کالم لکھا ہے ا ن کے آخری ایام کے بارے میں کہیں سے پڑھ لیجئے آپ کو ،لگ پتہ جائے گا انشائاللہ،

Share
Share
Share