سید اقبال امروہوی
نفسیات سے کیا مراد ہے ؟
نفسیات ایک ایسا علم ہے جسکے تحت بنیادی طور پر انسان کی ذہنی اور دماغی زندگی اسکی ابتدا اور اسکے مختلف پہلوؤں سے بحث کیجاتی ہے۔ نفسیات کی تعریف مختلف مفکرین نے الگ الگ الفاظ میں کی ہے لیکن تمام مفکرین کے خیالات کو یکجا کر دیا جائے تو نفسیات کی تعریف یہی ہو گی کہ ایک ایسی سائنس(علم) جسکے تحت انسان کے دماغ، ذہن، خیالات، احساسات، کردار اور اس سے سرزد ہونے والے مختلف افعال پر بحث کیجاتی ہے۔
اب چونکہ علم نفسیات کے تحت انسان کی ذہنی زندگی کےمختلف پہلو زیر بحث آتے ہیں اسلیے انسان کے تعلق کی بنا پر مختلف شعبوں میں الگ الگ بحث اور تحقیق کی جانے لگی ہے اسطرح نفسیات کی مختلف شاخیں عالم وجود میں آ گئی ہیں جن میں سے چند جو اہم ہیں انکا یہاں الگ الگ ذکر کیا گیا ہے۔
اختباری (Experimental Psychology)
نفسیات اختباری سے مطلب وہ شاخ جو نفسیاتی اصولوں کو تجربات کی کسوٹی پر پرکھنے اور مختلف حیوانات اور انسانوں پر تجربات کے بعد نتائج اخذ کرنے کے تعلق سے بحث و مطالعہ کرتی ہے۔
اطلاقی (Applied Psychology)
اطلاقی نفسیات، نفسیاتی اصولوں کا عملی زندگی پر اطلاق کرتی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک میں صنعتی نفسیات، اختباری نفسیات وغیرہ کے ذریعہ تحقیقات کے بعد جو اصول وضع کیے جاتے ہیں انکو عام طور پر اطلاق کرنا بھی اسی شعبہ نفسیات کا کام ہے۔
تقابلی (Comparative Psychology)
اسکو کچھ لوگوں نے تطبیقی نفسیات بھی کہا ہے۔ اسکے تحت مختلف اقسام کے حیوانات، مختلف گروہوں اور مختلف مسئلوں کا موازنہ کیا جاتاہے اسکے تحت ان میں مختلف اور مشترک قدروں کی تلاش کیجاتی ہے یہ فرد کی فعلیتوں کے مختلف مدارج کا بھی تقابل کرتی ہے۔
تعلیمی (Educational Psychology)
آج کے دور میں نفسیات کی سب سے اہم شاخ ہے۔ اسکے ذریعہ طلباء کی نفسیات پر بحث کیجاتی ہے، انکی ذہنی کیفیت یعنی ذہانت، کند ذہنی، نااہلی اور اس سے متعلق موضوعات پر بحث کیجاتی ہے۔ طلباء کی ذہنی صلاحیتوں کو مدنظر رکھ کر نصاب کی تیاری اور نصابی کتابوں کی تیاری میں اس سے مدد لی جاتی ہے۔ یہ متعدد پیمائشی آلات اور آزمائش کے مختلف طریقوں کی مدد سے تدریسی طریقوں پر تحقیقات کرتی ہے۔
حیوانی (Animal Psychology)
نفیسات کی یہ شاخ حیوانوں کے کردار سے بحث کرتی ہے۔ حیوانوں کے افعال حالانکہ جبلی ہوتے ہیں مگر وہ ماحول سے بھی متاثر ہوتے ہیں۔ اس طرح حیوانوں پر تجربات کے بعد انکے ردعمل کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
نفسیات جرائم
(Criminal Psychology)
جرائم پیشہ افراد کی نفسیات کا مطالعہ بھی آجکل بہت اہم مانا جاتا ہے۔ جرائم کی نوعیت، انکے اسباب، اور انسداد جیسے اہم مسائل پر اسکے تحت بحث ہوتی ہے ساتھ ہی سزا یافتہ اور جرائم پیشہ افراد کا معاشرہ میں مقام جیسے مسائل زیر بحث آتے ہیں اور موجودہ دور میں اسطرف بھی زیادہ توجہ سی جا رہی ہے۔ اسکے تحت جرائم پیشہ افراد پر تجربات کے ذریعہ پتہ لگایا جاتا ہے کہ ان لوگوں میں جرم کرنے کی رغبت کی کیا وجہ ہے۔
سماجی (Social Psychology)
نفسیات کی اس شاخ کے تحت فرد اور سماج کے تعلق سے افعال پر بحث کی جاتی ہے۔ اسکے تحت فرد کی جماعتی زندگی، رسم و رواج، عادات و اطوار اور فرد کا رشتہ اپنے ماحول سے جیسے مسائل پر بحث ہوتی ہے۔
نفسیات صبیان
(Child Psychology)
اسکے تحت بچوں کے افعال اور احساسات پر بحث کی جاتی ہے۔ بچہ کی پیدائش کے بعد کے ابتدائی چند سال فرد کی زندگی میں اہم مقام رکھتے ہیں کیونکہ اس زمانے میں معاشرتی تربیت ہوتی ہے اور شخصیت کی تعمیر شروع ہو جاتی ہے۔ بچوں کے افعال انکے جذبات اور کردار ردعمل وغیرہ سب اسکے زیربحث آتے ہیں۔
نفسیات صنعتی
(Industrial Psychology)
اس شاخ کے تحت صنعتی اداروں اور صنعت سے تعلق رکھنے والے افراد کے پیشہ ورانہ مسائل سے بحث کیجاتی ہے۔ اسکے تحت صنعتی اداروں میں کام کرنے والے افراد کی صلاحیت کا اندازہ لگا کر انکی کارکردگی میں اضافہ کرنا اور اس پر تحقیقات کرنا اسکا ایک اہم موضوع ہے۔
طبی (Clinical Psychology)
طبی نفسیات کے تحت فرد کے ذہنی امراض اور مختلف ذہنی الجھاؤ کی تشخیص اور علاج سے متعلق مطالعہ کیا جاتا ہے۔ یہ آجکل سب سے زیادہ مفید اور کارآمد شاخ سمجھی جاتی ہے۔ اسکے تحت مختلف ذہنی امراض کا علاج کیا جاتا ہے اور اسکے تحت علاج کے لیے تحلیل نفسی وغیرہ کے ذریعہ ذہنی امراض کا سبب معلوم کر کے معالجہ ہو جاتا ہے۔ اسکے لیے عمل تنویم کی مدد بھی لی جاتی ہے۔ آج کے گہما گہمی کے دور میں ذہنی امراض میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس لیے انکے علاج کے لیے نئے نئے طریقوں کی تحقیق بھی اسی کے ذریعہ عمل میں آتی ہے۔
عضویاتی (Physiological Psychology)
نفسیات کے مطالعہ کے لیے اور افراد کے فعلیات کے بارے میں جاننے کے لیے یہ ضروری ہے کہ انسان کے مختلف اعضاء کے افعال کا علم حاصل کیا جائے علم نفسیات میں جو اعضاء زیربحث آتے ہیں ان سب کی ساخت اور انک کے وظائف کا مطالعہ اس شاخ کے تحت کیا جات ہے۔
نفسیات عمومی
(General Psychology)
عمومی نفسیات کے تحت فرد کی زہنی کیفیت جذبات اور احساسات کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس میں فرد کے تعلق سے، حس، ادراک، توجہ، حافظہ ارادہ، رویہ تخیل کردار اور ہیجان، ردعمل جذبات، مختلف الجھاؤ وغیرہ سب ہی زیربحث ہوتی ہے۔ دراصل نفسیات کی دوسری تمام شاخوں کی بنیاد نفسیات عمومی پر رکھی ہوتی ہے۔
نفسیات غیر معمول
(Abnormal Psychology)
نفسیات کی اس شاخ کے تحت کسی فرد کے غیر معمول کردار، افعال اور ذہنی کیفیات کا مطالعہ کیا جاتا ہے اور غیر عمومی کیفیات کی وجوہات اور نوعیت کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ ذہنی امراض کی درجہ بندی اور انکے اسباب اسی شاخ کے زیربحث آتے ہیں۔ اسکو غیر طبعی نفسیات بھی کہتے ہیں۔
نفسیات قوم
(Race Psychology)
اس شاخ کے تحت افراد کی مختلف جماعتوں، گروہوں، قوموں کی اجتماعی نفسیات یعنی انکی نفسیاتی کیفیت اور انکے ردعمل پر بحث کیجاتی ہے۔
نفسیات نشائی
(Development Psychology)
بچے کی پیدائش سے سن بلوغت تک پہنچنے میں اسکی ذہنی اور جسمانی نشوونما تیزی سے ہوتی ہے۔ اس دور کی ذہنی کیفیت اور احساسات، افعال کے متعلق مطالعہ اسی شاخ کے ذریعہ کیاجاتا ہے۔ آجکل اس شعبہ میں بہت کام ہو رہا ہے اور اب اسکا دائرہ جنین کی نشوونما تک پھیلا دیا گیا ہے۔ اسکو اردو میں نفسیات نمو بھی کہتے ہیں بلکہ یہی صحیح اصطلاح ہے۔
نفسیات نظری
(Theorotical Psychology)
ابتدا میں نفسیات عمومی کو دو قسموں میں بانٹا جاتا تھا۔ پہلی قسم اختباری نفسیات تھی اور دوسری نظری نفسیات یعنی اس شاخ کے تحت نفسیات کے بنیادی اصولوں سے بحث کی جاتی ہے دوسرے حصوں میں اسکے تحت نفسیات کے تمام نظریات آ جاتے ہیں جن پر نفسیات کی بنیاد رکھی ہے(نفسیات کا انسائیکلوپیڈیا)