کلام شاعر بہ زبان شاعر
اردو کے ممتاز اور مقبول شاعر عبدالحمید عدم 10 اپریل 1910ء کو تلونڈی موسیٰ خان، ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے۔
وہ ایک قادر الکلام شاعر تھے۔ وہ شاعری کی ہر صنف پر عبور رکھتے تھے مگر غزل اور رباعی ان کی خاص پہچان تھی۔ ان کی شاعری کے لاتعداد مجموعے شائع ہوئے جن میں نقش دوام، زلف پریشاں، خرابات، قصر شیریں، رم آہو، نگار خانہ، صنم کدہ، قول و قرار، زیر لب، شہر خوباں، گلنار، جنس گراں، گردش جام، عکس جام، ساز و صدف، آب رواں، شہر فرہاد، آب زر، سر و سمن اور بط مے کے نام سرفہرست ہیں۔ ان کے کلام کی کلیات بھی شائع ہوچکی ہے۔
10 مارچ 1981ء کو عبدالحمید عدم طویل علالت کے بعد لاہور میں وفات پاگئے اور لاہورکینٹ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔