اردو یونیورسٹی میں خواتین کے تحفظ پر مباحثہ
مجسٹریٹ باشا نواز خان ، صدر شی ٹیم رما راجیشوری اور ایڈوکیٹ زہرہ بیگم کی شرکت
حیدرآباد، 9؍ مارچ(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، مرکز برائے مطالعاتِ نسواں کی جانب سے بین الاقوامی یومِ خواتین کے سلسلہ میں منگل 10؍ مارچ کو 11 بجے دن سنٹرل لائبریری آڈیٹوریم میں پینل مباحثہ ’’ہندوستان میں خواتین کا تحفظ ۔ مسائل اور حل‘‘ منعقد ہوگا۔ اس مباحثہ میں خواتین پر ہورہے مظالم پر بحث کرتے ہوئے ان کے حل تلاش کیے جائیں گے۔ اس مسئلہ پر گفتگو کرنے کے لیے بطور خاص جناب باشا نواز خان، اسپیشل میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ، کریمنل کورٹ، حیدرآباد، محترمہ رما راجیشوری، ڈی سی پی، ملکاجگری، صدر ’’شی ٹیم‘‘ حیدرآباد اور محترمہ زہرہ بیگم، ایڈوکیٹ، کریمنل کورٹ، حیدرآباد کو مدعو کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فہیم اختر، صدر شعبۂ اسلامک اسٹڈیز، ڈاکٹر شاہدہ، صدر شعبۂ تعلیم نسواں بھی مباحثہ میں حصہ لیں گے۔ افتتاحی خطبہ ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، نائب شیخ الجامعہ دیں گے۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرار انچارج و ڈین اسکول آف آرٹس اینڈ سوشیل سائنسس ماڈریٹر کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ صبح 10:30 بجے ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد کے ہاتھوں پوسٹر اگزیبیشن’’خواتین کا تحفظ ۔ ایک سماجی ذمہ داری‘‘ کا افتتاح، اگزیبیشن ایریا، فرسٹ فلور، سنٹرل لائبریری میں عمل میں آئے گا۔ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کی جانب سے شام 4 تا 6 بجے ڈی ڈی ای آڈیٹوریم میں ثقافتی پروگرام ’’ایک شام عظمت نسواں کے نام‘‘ منعقد ہو گا۔ پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم، ڈین اسکول آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ صدارت کریں گی۔ محترمہ لکشمی دیوی راج، سماجی جہد کار مہمانِ خصوصی ہوں گی۔ ڈاکٹر اودیش رانی، رکن این سی ای آر ٹی مہمانِ اعزازی ہوں گی۔ ڈاکٹر آمنہ تحسین، انچارج مرکز نے مدعوئین سے شرکت کی خواہش کی ہے۔
عابد عبدالواسع
پبلک ریلیشنز آفیسر