اردو یونیورسٹی پالی ٹیکنیک طلبہ کو بہتر روزگار کے حصول کیلئے مشورے
حیدرآباد ، 16؍ فروری (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، پالی ٹیکنیک بہ تعاون کیریئر گائیڈنس کونسل، ٹی ای زیڈ اور ای ایل آئی اے پی اینڈ ٹی ای ایل ایم اے کی جانب سے کیریئر گائیڈنس پروگرام ’’کیریئر 360 ڈگری‘‘ کا 14؍ فروری 2015 کو مرکزی لائبریری میں انعقاد عمل میں آیا۔ سمینار میں ریزیوم کی تیاری، انٹرویو کی تیاری، متعلقہ ملازمت کی تلاش، مثبت رویہ کے ذریعہ با اختیاری، بڑی کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق تیاری، الکٹرانکس شعبہ میں کیریئر اور انٹرپرینیرشپ کے ذریعہ مہارت پر ز ور دیا گیا۔ پروگرام کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمد فصیح الدین، اسسٹنٹ پروفیسر و کو آرڈینیٹر و پلیسمنٹ آفیسر آف ریسرچ اینڈ اسٹوڈنٹ ڈیولپمنٹ سیل نے حاضرین کا خیر مقدم کیا۔ ڈاکٹر محمد یوسف خان، پرنسپال پالی ٹیکنیک نے اردو یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ جمعہ کو چھ
معروف کمپنیوں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے ہنر سیکھیں جس کی معروف اور بڑی کمپنیوں کو ضرورت ہو۔ جناب سید علی لقمان حسینی، اسوسیئٹ پروفیسر، اے اے کے سی بی اے، سی جی سی رکن نے اپنے پریزنٹیشن ’’کس طرح کامیاب ہوں‘‘ میں مہارتوں کے ذریعہ رویہ کی اصلاح پر زور دیا۔ ڈاکٹر نندیتا سیٹھی، ڈائرکٹر و صدر (اکیڈیمکس) ٹی ای زیڈ، نے انٹرپرینیورشپ کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے متاثر کن ویڈیوز ’’مس ارونا سنہا‘‘ اور ’’مس منیرا مظہری‘‘ دکھائی جس میں ان لڑکیوں کے ہاتھ اور پاؤں حادثوں میں ضائع ہوگئے تھے۔ اس پر طلبہ کافی متاثر ہوئے اور مختلف سوالات کیے، جس کے انہوں نے تسلی بخش جوابات دیئے۔ ڈاکٹر وینکٹ راؤ ایڈمنسٹریٹو سکریٹری، ای ایل آئی اے پی اور ٹی ای ایل ایم اے نے ڈپلوما یافتہ طلبہ کے لیے الکٹرانکس میں مواقع کے متعلق معلومات فراہم کیں۔ جناب عاصم فاروقی اور محمد شاہنور ، سی جی سی، حیدرآباد نے ریزیومس کی تیاری کے طریقے بتائے اور برانڈ یو موضوعات پر روشنی ڈالی۔
پبلک ریلیشنز آفیسر