اردو ویب سائٹ” میرا نظام آباد “ ایک تعارف
مدیر : مجید عارف نظام آبادی
مبصر : ڈاکٹر عزیز سہیل ، حیدرآباد
ضلع نظام آباد ادبی اعتبار سے اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے،یہاں سے اردو زبان وادب فروغ کی سرگرمیاں پوری ریاست بھر میں عروج پر رہتی ہیں یہاں کی اردو صحافت شہر حیدرآباد کے بعد دوسرے نمبر پر ہے،اردو کے متعلق اکثر یہ کہاجاتا ہے کہ اب اردو دیوانوں کی کوششوں سے پھل پھول رہی ہے
ایسا اس لئے کہا جاتارہا ہے کہ اردوزبا ن کا ایک سنہری دور تھا کہ وہ درباروں میں پلی بڑی،دنیا نے دیکھاایک دور وہ بھی آیا کے اس کو سرکاری سرپرستی بھی حاصل رہی،اب کچھ عرصہ سے اردو اداروں اور انجمنوں کے سہارے آگے بڑ ھ رہی ہے لیکن اکثر ایسے واقعات نظر آتے ہیں جس میں فرد واحد نے اردو کے تحفظ اور فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ایک ایسے ہی فردکو اردوکے”زلف گراہ گیرکے اسیر“کے طورپراردودنیا مجید عارف کے نام سے جانتی ہے۔جناب مجید عارف اردو والوں کے لئے محتاج تعارف نہیں اس لئے کہ زمانہ طالب علمی سے ہی وہ اردو قلمکار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائے ہوئے ہیں کالج کے زمانے میں بچوں کے رسائل کا مطالعہ اور ان رسائل میں اپنی تخلیقات کوشائع کروانا ان کامحبوب مشغلہ رہا ہے۔مجید عارف کا تعلق تلنگانہ کے ادبی شہر نظام آباد سے ہے۔مجید عارف نے بحیثیت طنز ومزاح نگار اور افسانہ نگار کی حیثیت سے اپنی پہچان بنائی ہے۔مجید عارف، نظام آباد کی ادبی سرگرمیوں سے وابستہ رہے ہیں۔ علامہ اقبال لائبریری (قلعہ) کے بانی ہیں۔ مختلف تحریری مقابلہ میں انعامات حاصل کر چکے ہیں۔ روزنامہ ” منصف” کے نظام آباد سے پہلے کالم نگار ہونے کا انہیں اعزاز حاصل ہے۔”خرافات قلم” کے نام سے مزاحیہ مضامین کا ایک مجموعہ منظر عام پر آ چکا ہے۔ معروف کتابیں ”اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات” اور ”دینی و اخلاقی قاعدہ” کے مولف ہیں۔ ان کتابوں کا انگریزی، تلگو، ہندی زبانوں میں ترجمہ بھی ہو چکا ہے۔ جہیز کے موضوع پر تحریری مقابلہ میں ان کے ایک مضمون کو گورنر آندھراپردیش نے ایورڈ سے نوازا ہے۔مجید عارف پر یہ شعر صادق آتا ہے کہ
وہ اردو کا مسافر ہے یہی پہچان ہے اس کی
جدھر سے بھی گذرتا ہے سلیقہ چھوڑ جاتا ہے
ضلع نظام آباد کی تاریخ، تہذیب و ثقافت، معلومات عامہ پر مشتمل ویب سائٹ مائی نظام آباد یعنی میرا نظام آباد کا پچھلے دنوں نظام آباد کے معروف جواں سال قلمکار مجید عارف نے سعودی عرب میں مقیم رہتے ہوئے آغاز عمل میں لایا ہے جناب مجید عارف اس ویب سائٹ کے بانی اور سی۔ای۔اوہیں۔مجید عارف اردو کے ایک مخلص قلمکار اور سپاہی ہیں وہ سوشیل میڈیا پر بچوں میں اردو زبان وادب کے فروغ کے لئے بچوں کے اردو رسائل کو عام کرنے کی مہم چلاتے نظر آتے ہیں۔بچوں کے ادب کو فروغ دینے میں وہ کس طرح سنجیدہ ہیں اس کی ایک مثال اس بات سے دی جاسکتی ہے”مجھے اچھی طرح یاد ہے اب سے تقریباََ بیس سال قبل میں نے نظام آباد سے بچوں کے رسالہ غازی اور ماہنامہ التوحید کا آغاز کیا تو اس سلسلہ میں اردو ڈی ٹی پی کا کام نظام آباد میں مجید عارف کی سوپرگرافکس پر انجام دیا جاتا تھا۔لیکن اس کام کے لئے وہ ہم سے کوئی معاوضہ نہیں لیتے تھے اور ساتھ ہی ہماری ہمت افزائی بھی کیا کرتے تھے۔اس وقت اخبارات،ورقیہ،شادی کے کارڈ کا بہت زیادہ کام ہوتا تھا لیکن وہ ان سب کاموں سے پہلے بچوں کے رسالہ کو اہمیت دیتے تھے،جس کے لئے میں آج بھی ان کا شکر گزار ہوں اور خدا بزرگ سے دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت ان کے رزاق میں برکت دے اور ان کو صحت وتندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔آمین“
اس ویب سائٹ پر ضلع سے وابستہ تمام عام و خاص معلومات، واقعات، اطلاعات وغیرہ تحریری اور ملٹی میڈیا کے توسط سے پیش کی جا رہی ہیں۔ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور ادارہ جات کا بھی مکمل تعارف شائع کیا جا رہا ہے۔اس ویب سائٹ کی سرخیاں کچھ اس طرح سے د کھائی دے گی سرورق،نظام آباد،تاریخی مقامات،ادارے،مذہبی مقامات،شخصیات،شعر وادب، متفرقات، نیوز اپ ڈیٹ۔قارئین /ناظر جس طرح سے ایک ایک سرخی کو کلک کریں گے مزید ذیلی موضوعات کے تحت معلومات ان کے اسکرین پر نظر آئیں گی۔سرورق پر نظام آباد کے عنوان پر کلک کرنے سے نظام آباد کا جغرافیہ،نظام آباد کی تاریخ،نظام آباد کا نقشہ نظر آئے گا جس میں نظام آبادکاجغرافیہ اورنظام آبادکی مختصر تاریخ کو پیش کیا گیا ہے۔نظام آباد کے تاریخی مقامات کے عنوان کے تحت ڈچپلی مندر،نظام ساگر ڈیم،قلعہ نظام آبادکی تفصیلات فراہم کی گئی ہے اس متعلق ایک تفصیلی مضمون ڈاکٹر عبدالقدیر مقدر کا شامل ہے۔ادارے عنوان کے تحت ذیلی عنوانات سرکاری ادارے،تعلیمی ادارے،سماجی ادارے،مسلم پیامات ادارے کے تحت ضلع سے تعلق رکھنے والے سرکاری خانگی اداروں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہے۔اس ویب سائٹ پر ایک مذہبی مقامات کی سرخی کے تحت مساجد،درگاہیں، منادر، چرچ، گوردوارے اور دیگر مذہبی مقامات سے متعلق معلومات شامل کی گئی ہیں۔شخصیات کی سرخی کے تحت مذہبی،سماجی، سیاسی، شاعر،نثر نگار،صحافیوں کی تفصیلات دی گئی ہے۔شعر وادب کی سرخی کے تحت ضلع سے تعلق رکھنے والے شعراء و ادباء کی تخلیقات کو شامل کیا گیا ہے۔متفرقات عنوان کے تحت سماجی تقریبات،اعلانات،اطلاعات،مفید رابطہ کی لنک کے تحت معلومات فراہم کی گئی ہے،آخر میں نیوز اپ ڈیٹ کی سرخی بھی دی گئی ہے تاکہ ویب سائٹ کا مشاہدہ اور مطالعہ کرنے والوں کو نئی اشاعتوں کی معلومات فوری طور پرحاصل ہوجائے۔ اس سائٹ پر اشتہارات کے لئے بھی جگہ فراہم کی گئی ہے تاکہ اشتہار کے تحت لوگ اپنے کاروبا کی تشہیر میں اس ویب سائٹ کابھر پور استعمال کریں۔
مجید عارف نے قارئین /ناظرین سے استفادہ کی درخواست کرتے ہوئے لکھا ہے”یہ ہر قاری/ناظر کی ویب سائٹ ہے لہذا اس ویب سائٹ سے استفادہ کرنے والے قارئین و ناظرین سے درخواست ہے کہ اسے مزید بہتر اور معلوماتی بنانے کے لیے اپنی تجاویز اور مشوروں سے نوازیں۔“
بہر حال مجید عارف نے اپنے وطن سے دور رہتے ہوئے بھی وطن سے اپنی وابستگی کااٹوٹ ثبوت اس ویب سائٹ کی شکل میں دیا ہے،اردو ادب کے تحفظ اور فروغ کے لئے مجید عارف کافی سنجیدہ نظر آتے ہیں ان کی اس ویب سائٹ سے ان کی اردو دوستی واضح ہوتی ہے۔ان کی خدمات اردو کے حوالے سے کافی اہمت کی حامل ہیں۔ضرورت اس بات کی اہلیان ضلع نظام آباد اس ویب سائٹ کو استعمال کرتے ہوئے اردو زبان وادب کو فروغ دیں اوراردو زبان و ادب کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔چونکہ اس ویب سائٹ کا آغاز ہوئے ایک مختصر سا وقفہ گزرا ہے لہذا ویب سائٹ پر چند عنوانات کے تحت معلومات ابھی ادھوری ہیں۔ امید کے مجید عارف اس جانب توجہ دیتے ہوئے اس ویب سائٹ کو اردو قارئین/ناظرین کے لئے بہتر سے بہتر بنانے میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔آخر میں میں مجید عارف کی اردو خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے جس جذبہ سے اس کام کا آغاز کیاہے اللہ رب العزت ان کو اپنے مْقصد میں کامیاب فرمائے۔ ان سے امید بھی کے وہ اس ویب سائٹ کے ذریعے اپنی بے لوث خدمات انجام دیں گے۔مجیدعارف کی اس کوشش کو دیکھ ایسالگتا ہے۔؎
سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
——
One thought on “اردو ویب سائٹ” میرا نظام آباد “ ایک تعارف :- ڈاکٹر عزیز سہیل ، حیدرآباد”
میری ویب سائٹ مائی نظام آباد کا تعارف شائع کرنے پرمحترم ڈاکٹر عزیزسہیل صاحب وڈاکٹر فضل اللہ مکرم صاحب کا بے حد ممنوں ومشکور ہوں ۔