تحریک اردو تلنگانہ کی جانب سے 31 جنوری بروز ہفتہ کریسنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم احمدپورہ کالونی نظام آباد میں اردو میڈیم اسکولس اور کالجس کے طلباء و طالبات کا ایک اردو میلہ اور تمثیلی مشاعرہ منعقد کیا جارہا ہے۔ یہ بات ریاستی صدر تحریک اردو تلنگانہ خان ضیاء نے آج کریسنٹ ہائی اسکول نظام آباد میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔اس پریس کانفرنس میں جمیل نظام آبادی ، ڈاکٹر اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج گورنمنٹ ڈگری و پی جی کالج نظام آباد ،عبدالبصیر لکچرر اقامتی کالج ناگارم ،سید منصور علی صدر مدرس کریسنٹ ہائی اسکول اردو اخبارات کے نمائندے اور اساتذہ وغیرہ موجود تھے۔خان ضیاء نے اس موقع پر بتایا کہ اردو زبان و ادب سے دلچسپی بڑھانے اور اردو تہذیب وتمدن سے نئی نسل کو واقف کروانے کی غرض سے تحریک اردو تلنگانہ نے ریاست کے تمام اضلاع میں اردو میلہ اور تمثیلی مشاعرے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سلسلہ کی شروعات نظام آباد سے کی جارہی
ہے ۔اس میلہ میں نظام آباد کے تمام اردو مدارس اور کالجس کے طلباء اور طالبات حصہ لے سکتے ہیں۔اردو کے مشہور شعراء کی تصاویر ،منتخب کلام کے خطاطی کے نمونے ،قدیم وجدید اردو کے اخبارات و رسا لہ جات ،شمع ،شبستان ،بیسویں صدی ،پاکیزہ آنچل ،اردو کے ناول شعراء کے مجموعہ کلام اور افسانوی مجموعے ،قلم دان ،حقہ ، گرام فون رومی ٹوپی ،شیروانی ،پاندان ،سرمہ دان ،ریحال ،پیتل و تانبے کے ظروف ۔نظام اور مغلیہ دور کے سکے ڈاک ٹکٹ اور اردو زبان وادب اور تہذیب سے جڑی ہر چیز نمائش کیلئے پیش کی جاسکتی ہے ۔ پسندیدہ اشیاء پر انعامات اور اسنادات پیش کئے جائیں گے۔ اس موقع پر تمثیلی مشاعرہ بھی پیش کیا جارہا ہے۔ گری راج ڈگری کالج کی جانب سے مشہور اردو غزلیات کا ویڈیو بھی اس موقع پر پیش کیا جائے گا ۔عوام سے شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔ مزیدتفصیلات کیلئے اسکولس کے اساتذہ اور طلباء سید منصور علی صدر مدرس سے ڈگری کالج والے ڈاکٹر اسلم فاروقی اور جونئر کالج کے طلباء وطالبات محمد عبدالبصیر سے ربط پیدا کرسکتے ہیں۔