ڈسپلن (نظم و ضبط)
مثبت طرز زندگی کی کلید (3) آخری قسط
فاروق طاہر
حیدرآباد ، انڈیا۔
9700122826
ڈسپلن ۔ قسط دوم کے لیے کلک کریں
اچھے برتاؤ و نظم و ضبط کا فروغ
کمرۂ جماعت ہی مدرسہ کی (کلاس روم) وہ واحد جگہ ہے جہاں نظم و ضبط (ڈسپلن) کے تمام اصول و ضوابط کا اطلاق اور عمل پیرائی ممکن ہے۔
کمرۂ جماعت میں اساتذہ اپنی بھر پور شفقت توجہ اور اخلاق کردار اور رویوں کی احسن تعلیم و تربیت کے ذریعہ طلبہ میں اطاعت فرمانبرداری اور اصولوں پر عمل پیرائی کے جذبات کو فروغ دیتے ہیں۔ کوئی بھی شخص سخت گیری،ترش روی اور طاقت کے زور پر بچوں میں اطاعت،فرمانبرداری اور نظم و ضبط کی فضا کو ہرگز پروان نہیں چڑھا سکتا۔یہ آفاقی حقیقت ہے کہ سخت مزاجی اور طاقت کے ذریعہ نظم و ضبط قائم ہی نہیں ہوسکتاہے۔چند سخت اصولوں کو بچوں پر مسلط کرتے ہوئے ہم نظم و ضبط کی صورت حال کو ہرگز درست نہیں کرسکتے۔ ایسے اقدامات توانائی اور وقت کے ضیائع کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے۔نظم و ضبط کے حاکمانہ طریقے،یہ مت کرو،وہ مت کرو کی بے جا بندشوں سے بچوں میں صحت مند آزادی اظہار وآزادی بودو باش کے جذبات تنزلی کا شکار ہوجاتے ہیں۔لگاتار سزاؤں،ڈانٹ ڈپٹ کی وجہ نظم و ضبط کی حقیقی روح کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔اساتذہ کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا لازمی ہے کہ سخت گیر رویے اور دھمکی آمیز مکالمات و اقدامات سے عمدہ نظم و ضبط کی فضاکبھی بھی ہموار نہیں کی جاسکتی۔
ا ساتذہ جب طلبہ کو ایسے حالات جو انھیں صحیح طرزعمل،ردعمل کے درست طریقہ کار،زندگی کے صحیح و بہتر رویوں سے روشناس کرنے اور ان کی اہمیت و معنویت پر غورو فکر کرنے پر مائل کرتے ہیں تو ان میں اپنی تبدیلی کا ایک جذبہ ومحرکہ ازخود جنم لینے لگتا ہے۔اساتذہ بچوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت کا جب اہتمام کرتے ہیں تو بچے اپنے رویے اور برتاؤ پر قابو پانے کے لئے خود سے چند اصول و طریقے وضع کرلیتے ہیں۔اساتذہ اچھے طرز عمل،صحیح رویوں اور مطلوبہ پسندیدہ عادات کو طلبہ میں استوار کرنے کے لئے کلاس روم کی سرگرمیوں کے دوران ہونے والی گفتگو اور مواقعوں سے بہتر طریقے سے استفادہ کریں۔ کلاس روم کو اگر تبدیلی کی مثالی تجربہ گاہ (Ideal Transforming Laboratories)سے معنون کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا کیونکہ کمرۂ جماعت ہی وہ واحد جگہ ہے جہاں شخصیت کی کامیاب نشوونما میں معاون،مقبول و پسندیدہ رویے جیسے تعاون،اکتساب بذریعہ امداد(Learning by Helpiing)،باہمی احترام واکرام،مہذب و شائستہ طریقہ اظہار اور دوسروں کے بارے میں احساس فکرمند ی جیسے تجربات کامیابی سے سرانجام دیئے جاتے ہیں۔یہ تجربہ گاہیں (کلاس رومس) بچوں کو آنے والی زندگی کے نشیب و فراز میں بھی اخلاق و اقدار کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی تعلیم و تربیت فراہم کرتے ہیں۔ طلبہ میں پائے جانے والی ہر قسم کی بے راہ روی جو عام طورپر سرکش رویوں، زبانی جارحیت،توڑپھوڑ،مارپیٹ،لڑائی جھگڑے اور غنذہ گردی کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے جو زندگی کے حسن و نغمگی کو تباہ کردیتی ہے کی بروقت اصلاح کی متقاضی ہوتی ہے تاکہ منفی رویوں کا تدارک ہوسکے۔
بچوں میں نظم و ضبط پیدا کرنا اور نظم و ضبط کے کارگر اصولوں کو ان کے ذہنوں میں پیوست کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ بچوں میں تعمیری نظریات،ذمہ داری اور رواداری کی برقراری کے لئے اسکولی سطح پر تمام ڈسپلن پالسیوں پر فعال عمل آوری سے قبل موثرمنصوبہ بندی،نتیجہ خیز اقدامات اور گہر ے فکر و تدبر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اساتذہ اور اسکول انتظامیہ ہمیشہ ایک نکتہ اپنے ذہنوں میں محفوظ کرلیں کہ مناسب اور تعمیری ڈسپلن کے بغیر درس و تدریس کے مطلوبہ مقاصدکا حصول مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔اساتذہ طلبہ کے علم و معلومات کے افق کو وسعت دینے کے ساتھ ان میں معیاری طرز عمل اور پسندیدہ اطوار کے فروغ کی باقاعدگی سے سعی و کوشش کریں۔اساتذہ کی یہ کوشش نہ صرف طلبہ کو ایک خوشحال اور محفوظ زندگی فراہم کرنے میں مددگار ہوگی بلکہ طلبہ سماج اور معاشرے کی آرزؤ ں اور ارمانوں کی تکمیل کا بھی ذریعہ بن جائیں گے۔اساتذہ بچوں میں ایک ایسا احساس جاگزیں کردیں جو انھیں ہمیشہ صحیح کاموں کی انجام دہی اور ترقی کی سمت آمادہ کرتا رہے۔ذیل میں چند ایسے بنیادی عوامل کا ذکر کیا جارہا ہے جو طلبہ میں اچھے طرزعمل(برتاؤ) اور نظم و ضبط کو تقویت دینے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔
(1)اساتذہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمرۂ جماعت کے حالات ان کے سبق کی ضروریات کے لئے موزوں و مناسب ہوں اورجو طلبہ کی زندگی میں صحیح طرزعمل(برتاؤ) اور عمدہ اخلاق و اقدار کو جاگزیں کرسکیں۔
(2)طلبہ میں ایک زندہ و متحرک ضمیر کو یقینی بنائیں تاکہ وہ اچھی عادات،عمدہ اخلاق،بہتر رویوں اور اقدار کے انتخاب میں ان کی رہبری کرے۔مذکورہ رویوں کا طلبہ میں جاگزیں ہونا ہی درحقیقت اخلاقی نشوونما کی معراج ہے۔
(3)کلاس روم کے انضباطی کاروائیوں کا ایک خاکہ تیارکریں،جو لکچدار ہو لیکن مضبوط کردار کی تعمیر میں معاون رہے۔انضباطی اصول بہت زیادہ سخت اور قابل تعزیر نہیں ہونے چاہئے کیونکہ ایسے اصول سخت ناراضگی اور آزردگی کا باعث بنتے ہیں۔
(4)کمرۂ جماعت میں دوران تدریس طلبہ کواخلاقی اقدار سکھانے کے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیں۔زندگی میں اصول اور اقدار کی اہمیت کو اجاگر کریں اور بتلائیں کہ زندگی اور دنیا کا حسن ان ہی سے قائم ہے۔ طلبہ کے ذہنوں میں یہ بات نقش کردیں کہ اخلاق و کردار کی قدر و قیمت اور اہمیت تمام مادہ پرستانہ کامیابیوں اور فوائد سے بالا تر ہے۔
(5) بچوں کی عزت نفس کو مجرو ح اور نقصان پہنچانے والے جارحانہ اظہار،دھمکی آمیز لہجوں اور انتہائی رویوں اور تاثرات سے اساتذہ گریز کریں۔یہ طرزعمل طلبہ کو ان سے متنفر کردیتا ہے اور ان میں خراب رویے جڑپکڑنے لگتے ہیں۔
(6)نیکی کے حسن اور بدی کی قباحتیں،مثبت طرز عمل کے فوائد اور منفی برتاؤ کے نقصانات سمجھانے سے طلبہ میں اچھے رویوں اور اخلاقی اقدار کی جانب رغبت بڑھتی ہے اور اعلیٰ طرزعمل رویوں اور اخلاقی اقدار کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔
(7)کمرۂ جماعت یا کسی گروہ میں جب بچوں میں اجنبیت کا احساس باقی نہ رہے تب ان میں ایک مثبت محرکہ پیدا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں بہتر طرز عمل اور رویے وجود میں آتے ہیں۔یہ مثبت رویے طلبہ کے جذباتی استحکام اور ذہنی نشوونما میں آسانیاں فراہم کرتے ہیں۔طلبہ سے اساتذہ کا رویہ ایسارہے کہ وہ خود کو اجنبی نہ تصور کریں اور اتنا دوستانہ بھی نہ ہو کہ ادب و احترام ملحوظ نہ رکھا جاسکے۔
(8)بچے کے کسی خاص برے سلوک پر جب ناپسندیدگی اور ناراضگی کا اظہار کیا جائے تو یہ بہت ضروری ہے کہ بچوں کو اس کے متباد ل مطلوبہ سلوک و طرزعمل سے آگاہ کیا جائے تاکہ خراب برتاؤ کی جگہ اچھے اورعمدہ طرزعمل کو تقویت و فوقیت حاصل ہوسکے۔
(9)بچوں کو کبھی ایسے زبانی (Verbal)اور غیر زبانی(Non verbal)پیغامات کے ذریعے عتاب و سزا کا شکارنہ بنائیں جس سے ان کی عزت نفس مجروح ہوتی ہو۔اگر بچوں میں عزت نفس کا جذبہ مفقود ہوجائے تو وہ خوداستحسان (خود کی خوبی کے احساس) سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جس کے نتیجے میں ان سے متعدد خراب رویوں اور بدتر طرزعمل (برتاؤ) کا اظہار ہونے لگتا ہے۔
(10)طلبہ کو مختلف معاشرتی مہارتوں جیسے تعاون، اشتراک،رواداری،صبرو تحمل اور دوسروں کی مدد کرنا وغیرہ کی تعلیم دینا ضروری ہے۔باہمی اشتراک اور تعاون کے جذبے کے ساتھ بچوں کو ایسے کام کرنے کے مواقع فراہم کریں جس سے گروہی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہو۔
(11)طلبہ کو کمرۂ جماعت کا ڈسپلن (نظم ضبط)کی برقراری کی ذمہ داری سونپنے سے طلبہ میں مثبت نظم و ضبط(ڈسپلن)جاگزیں ہوتا ہے۔اساتذہ طلبہ کو جب یہ ذمہ داری تفویض کریں تو ان کے برتاؤ اور طرزعمل پر نگاہ رکھیں تاکہ نظم و ضبط،رویوں اورطرزعمل کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ازالہ کیا جاسکے۔
(12)جب طلبہ کے برتاؤکو اساتذہ درست کرنے پر توجہ مرکوز کریں تو اپنا طرزعمل بالکل مثبت اور مہذب رکھیں۔بچے اساتذہ کو اپنے لئے خطرہ نہ سمجھیں۔اساتذہ برتاؤ اور اخلاق کی درستگی کے لئے درست لائحہ عمل اور اس پر بہتر طریقے سے عمل درآمدگی نہایت ضروری ہے۔
(13)کبھی کبھی کسی برتاؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی گڑبڑ پر تادیبی نقطہ نظر سے سوچنے کے لئے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔اساتذہ تادیبی کاروائی میں تب تک تاخیر سے کام لیں جب تک کہ مناسب طریقہ کار وہ فیصلہ نہ کرلیں۔
(14) اساتذہ اپنی روزمرہ کے مضامین کی تدریس کے دوران ایسے اخلاقی اقدار کو بھی شامل درس رکھیں جس سے بچوں میں زندگی بسرکرنے کی چاہت اور زندگی کو کارآمد اور فیض مند بنانے کا جذبہ پیدا ہو۔
(15)بداخلاقی اور بدتمیزی کے مرتکب طلبہ کو علیحدہ علیحدہ طلب کرتے ہوئے ان سے اپنے برتاؤ کو درست کرنے کے لئے کہاجائے۔منفی و خراب برتاؤ کو مثبت کردار میں وہ کس طرح تبدیل کرسکتے ہیں اس سلسلے میں ان سے گفتگو کی جائے۔برتاؤ کی خرابی کو دور کرنے میں معاون مشورے طلبہ کو دیں۔
(16)بچے اگر گھریلو حالات کی وجہ سے ذہنی خلفشار کا شکار نظرآئیں تو اساتذہ اولیائے طلبہ سے موثر گفتگو کا اہتمام کرتے ہوئے بچوں کی نفسیاتی مسائل کی جانب ان کی توجہ مبذول کروائیں جس کی وجہ سے بچے خراب اور پریشان کن برتاؤ کے مرتکب ہورہے ہیں۔
(17)بچوں کو شخصیت اور کردار کے اکہرے پن کی تعلیم دیں اور ایسے رویوں کو فروغ دیں جس کے سہارے وہ ایک متوازن،بہتر،پرسکون اور باہمی تعاون سے پر زندگی بسرکرسکیں۔
(18)جب آپ نوجوان و بالغ طلبہ کی اصلاح کا ارادہ کریں تو غایت درجہ احتیاط سے کام لیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ آپ کے طرزعمل سے ان کی تضحیک و تذلیل نہ ہوتی ہو۔انھیں تنہائی میں تنبیہ کریں۔انھیں اپنی بات رکھنے کا موقع دیں تاکہ آپ کو ان کے مسائل سے آگہی حاصل ہو۔مسائل کی روشنی میں مثبت متبادل رویوں سے طلبہ کو روشناس کریں جس سے وہ اپنی غلطی کی خود اصلاح کرنے کے لائق ہوسکیں۔
خود پر قابو و انضباط ذات(Self Control and Self Discipline)
کوئی بھی ڈسپلن(نظم وضبط) اور قانون اتنا موثراور دیر پا نہیں ہوتا جتناکہ وہ ڈسپلن اور ضوابط جو کوئی شخص جنہیں وہ خود اپنی ذات پر نافذکرتا ہے۔نظم و ضبط دراصل خود پر قابوپانے،شخصی عزائم وارادہ اوراپنی فکر وعمل کو درست سمت دینے کا نام ہے۔اپنی ذات پر قابو اور کنٹرول متعدد تجربات اور زندگی کے نشیب و فراز کے احساس و ادراک سے تدریجاً حاصل ہوتا ہے۔آج کل اساتذہ کی ایک کثیر تعدادخود کو مثبت نظم و ضبط کے اصول و قواعد سے آراستہ کررہی ہے جس کی وجہ سے طلبہ میں خودانضباطی کااحساس فروغ پارہا ہے۔
موقع محل کی مناسبت سے طلبہ کو اس طرح چابکدستی سے رہنمائی اور تربیت فراہم کی جانی چا ہئے کہ وہ اپنے طرز عمل پر خود سے قابو رکھ سکیں۔اپنی منشاو مرضی سے یا پھربلاارادہ بے ساختہ ان سے مثبت و بہتر برتاؤ کا اظہار ہونے لگے۔جب طلبہ اس طرح نظم و ضبط(ڈسپلن) کے مالک ہوجاتے ہیں تواساتذہ کے لئے آسان ہوجاتا ہے کہ وہ انھیں کچھ ذمہ داریاں تفویض کریں۔طلبہ جب دوسروں کے گمراہ کن محرکات و ترغیبات کا اثر قبول کئے بغیرکسی کاروائی یا ردعمل پر درست فیصلہ لینے لگتے ہیں تب ان میں بالغ نظری اور پختگی راسخ ہونے لگتی ہے۔
طلبہ میں ہمیشہ متحرک و فعال رہنے والا جذبہ خودانضباط نہ صرف کمرۂ جماعت کے مسائل کو کم کردیتا ہے بلکہ تدریسی ماحول کی برقراری میں بھی مددگار ہوتا ہے۔خود انضباط جیسے عظیم فن میں مہارت کے حصول کے لئے اپنی ذات اورنفس پر قابو اور اس پر عمل پیرا رہنے کے لئے مضبوط قوت ارادی کی ضرورت ہوتی ہے۔اگرچیکہ خودانضباط کا جذبہ نوجوانی اورعنفوان شباب میں کسی قدر کمزور ہوتا ہے لیکن اس کے استحکام کے لئے اولین شرط نوجوانوں کو مسائل سے دور رکھنا ہے۔سماج سے بہتر مطابقت رکھنے والے افر اد کی تیاری کے لئے طلبہ میں خودانضباط کو فروغ دینے والے درکار وسائل،ہدایات اور خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔طلبہ کو انفرادی اور اجتماعی (گروہی)طورپر موزوں ذمہ داریاں تفویض کرنے سے نظم و ضبط کے بہت سارے مسائل اور دشواریوں کو حل کیا جاسکتا ہے اور اس طریقہ کار سے طلبہ میں خودانضباط(Self Discipline)کے جذبے کو بتدریج آہستہ آہستہ فروغ ملتا ہے۔ اکتسابی ماحول کے دوران وقو ع پذیر واقعات و تجربات اور طلبہ میں نظم و ضبط کو پروان چڑھانے کے تیئں اساتذہ کی دلچسپی بچوں کو سلف ڈسپلن کی جانب راغب کرنے کا حوصلہ و ہمت فراہم کرتی ہے۔
نظم و ضبط اور مناسب منصوبہ بندی کے ذریعے تمام دستیاب مواقع اور وسائل سے زیادہ سے زیادہ اور بروقت فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ڈسپلن کا سب سے اہم فائدہ یہ ہے کہ انسان کے اندر بہت سی مفید اورکارآمد عادتیں پیدا ہوجاتی ہیں جن کی بدولت وہ ہرکام بآسانی اور سہولت کے ساتھ احسن طریقے سے سر انجام دے سکتا ہے۔نظم و ضبط سے انسانی زندگی اور اس کی پسندیدہ روش کو چار چاند لگ جاتے ہیں اور آدمی زندگی کی دوڑ میں ان لوگوں پر سبقت حاصل کرلیتا ہے جو اپنی زندگی اور کام میں منصوبہ بندی اور نظم و ضبط کا خیال نہیں رکھتے ہیں۔انسانی زندگی کی بیشتر پریشانیاں،محرومیاں،ناکامیاں اور نامرادیاں نظم و ضبط کے فقدان کا نتیجہ ہی ہوتی ہیں۔انفرادی و اجتماعی رویوں میں نظم و ضبط انسان کی فکری تنظیم کا مظہر ہوتی ہے۔آدمی کے جب سب کام منظم و مربوط ہوجائیں تو اس کی فکر میں ایک خاص نظم و ضبط پیدا ہوجاتا ہے۔انسان میں جب نظم و ضبط جیسی قیمتی صفت پیدا ہوجاتی ہے تو وہ ترقی اور کمال کے زینے باآسانی طئے کرنے لگتا ہے۔اگر طلبہ اپنی زندگی،افعال و کردار میں نظم و ضبط پیدا کرلیں تو ان کی فکربھی منظم ہوجائے گی اور جب فکر منظم ہوجاتی ہے تو انسان خدا کے فکری نظام کا عکاس بن جاتا ہے۔