کالم : بزمِ درویش – بابا صاحب ؒ :- پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی

Share
پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی

کالم : بزمِ درویش
بابا صاحب ؒ

پروفیسر محمد عبداللہ بھٹی
ای میل:
ویب سائٹ: www.noorekhuda.org

تاریخ تصوف کے عظیم ترین فرزند حضرت بابا فرید الدین مسعود ؒ کو بچپن سے ہی مطالعے کا بہت زیادہ شوق تھا ابتدائی تعلیم کے لیے آپ ؒ کو کوٹھوال کے مدرسے میں داخل کرا دیا گیا یہاں پر آپ ؒ کی ابتدائی علمی پیاس اُس زمانے کے عالم فاضل استاد جناب سید نذیر احمد ؒنے بجھائی دن رات خوب محنت کے بعد 11سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی-

اِس سعادت کے بعد عظیم ترین والدہ ماجدہ کے ساتھ حج بیت اللہ کے لیے تشریف لے گئے اِس قافلے میں رشتہ داروں کی قربت بھی میسر تھی لیکن اِن سب کی موجودگی کے باوجود ننھا فرید الدین ؒ اداس تھا تو والدہ بولیں فرید تم حج کی سعادت کے لیے مکہ مدینہ جا رہے ہو پھر بھی تم خوش نظر نہیں آرہے تو سلسلہ چشت کا عظیم روشن چراغ بولا اماں جان میری یہ شدید ترین خواہش ہے کہ اِس سفر میں میرے عظیم استاد گرامی بھی ہمارے ساتھ جائیں کیونکہ استاد محترم سید نذیر احمد ؒمالی طور پر مستحکم نہیں تھے کہ حج بیت اللہ کے اخراجات برداشت کر سکیں لیکن غیور اِس قدر تھے کہ کسی کے سامنے کبھی بھی دست سوال دراز نہ کیا ننھے فرید اپنے استاد کی مالی تنگی اورغیرت سے بخوبی واقف تھے اِس لیے اپنی والدہ صاحبہ سے اپنے استاد کی سفارش کی کہ میرے محترم استاد نے میرے اوپر علم کے تمام خزانے لٹا دئیے ہیں میری روح قلب کی تشنگی کو علم کے سمندر سے سیراب کر دیا ہے اِس لیے میرا دل چاہتا ہے کہ میرے عظیم استاد حج بیت اللہ میرے ساتھ ادا کریں‘ خدا ئے بزرگ و برتر نے ہمیں اِس قابل بنایا ہے کہ ہم استاد گرامی کے سفری اخراجات برداشت کر سکیں اِس طرح میں اپنے عظیم استادکے احسانوں کا بدلہ نہیں دے رہا بلکہ احسانوں کے بوجھ کو تھوڑا کم کر نا چاہتا ہوں‘ بیٹے کا عظیم جذبہ دیکھ کر ماں کی آنکھیں بھر آئیں اور بولیں خدا تعالیٰ کا کس طرح شکر دا کروں کہ اُس عظیم ذات باری تعالی نے مجھے ایسے فرزند سے نوازا ہے جو کسی کا بھی احسان فراموش نہیں ہے اب جب یہ قافلہ حج اپنی منزل مقصود کی طرف بڑھ رہا تھا تو فرید الدین کے استاد گرامی بھی قافلے کا حصہ تھے اِس وجہ سے ننھے فرید الدین کی خوشی ناقابل بیاں تھی اس طرح نو عمری میں ہی فرید الدین ؒ حج کی سعادت سے سرفراز ہو گئے واپسی پر آپ کو مزید تعلیم کے لیے ملتان بھیج دیا گیا علم کا شوق آپ ؒ کو بچپن سے تھا آپ ؒ شب و روز خوب محنت کر کے مولانا منہاج الدین کی مسجد میں اپنی علمی پیاس بجھا رہے تھے جوانی میں جہاں عام نوجوانوں کے اپنے ہی مشاغل ہو تے ہیں کھیل کو د اور تماشوں میں وقت گزارنا لیکن فرید الدین ؒ کو تو کتابوں اور مطالعے کے علاوہ کو ئی شوق تھا ہی نہیں‘ دن رات کتابوں میں گم رہتے آپ کی علمی اور روحانی پیاس ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی تھی یہاں پر آکر سینکڑوں کتابیں پڑھنے کے بعد من کی بے چینی اضطراب کھوج تلاش ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی تھی کہ قدرت کو آپ ؒ پر رحم آگیا جب آپ ؒ کی عمر اٹھارا سال تھی تو آپ ؒ کی زندگی کا رخ موڑنے والا یہ عظیم واقعہ رونما ہوا یہ 587ہجری کی بات ہے کہ ایک دن آپ روزمرہ کی طرح کتاب پکڑے دنیا مافیا سے گم اُس کے مطالعے میں غرق تھے انہماک کا یہ عالم کہ دنیا مافیا سے بے خبر تھے اردگرد کیا ہو رہا ہے اِس سے مکمل بے خبر تھے کہ اچانک محویت ایک سحر انگیر خوشبو سے ٹوٹ گئی کسی کی آمد کے سبب ایک سحر انگیز خوشبو نے ماحول کو معطر کر دیا تھا اِس اچانک خوشگوار تبدیلی کی وجہ سے فرید الدین ؒ کے خوابیدہ اعصاب بیدار ہو ئے تو کیا دیکھتے ہیں ایک روشن چہرے والے بزرگ پاس سے گزر کر وضو خانے کی طرف جا رہے ہیں بابا فرید ؒ ساکت بت کی طرح ایک ٹک اُن کو دیکھے جا رہے تھے یہ بزرگ برصغیر پاک و ہند کے عظیم ترین بزرگ خواجہ معین الدین چشتی اجمیری شہنشاہ ِ ہند ؒ کے خلیفہ اکبر خواجہ قطب الدین بختیار کاکی ؒ تھے جو حضرت بہاؤالدین ذکریا کی دعوت پر ملتان میں آئے ہو ئے تھے فرید الدین نے ایک نظر انہیں دیکھا تو کتابوں سے دل اچاٹ سا ہو گیا بار بار مطالعے کی کو شش کر تے تو لفظ بے جان سوکھے نظر آتے لطف ختم بلکہ پڑھنے کی کو شش کرتے تو بیزارگی آگھیرتی‘ آخر تنگ آکر کتاب بند کر کے رکھ دی اور خواجہ قطب الدین ؒ کو یکسو ہوکر دیکھنے لگے خواجہ قطب وضو کر کے نماز کی ادائیگی میں مشغول ہو گئے تو فرید الدین نے ایک بار پھر کتاب میں پناہ ڈھونڈنے کی کو شش کی لیکن کتاب اب اپنی کشش کھو چکی تھی بلکہ ساری دنیا کے رنگ اب فرید ؒ کو بے رنگ لگ رہے تھے ایک عجیب سی حلت فرید الدین ؒ پر طا ری تھی یہ ساری تبدیلی روشن چہرے والے بزرگ کو دیکھنے کے بعد آئی تھی کیونکہ خواجہ قطب الدین بختیار کاکی ؒ کے چہرے مبارک پر ایک خاص قسم کا نور پھیلا ہو اتھا جو فرید الدین نے پہلے کسی دوسرے انسان کے چہرے پر نہیں دیکھا تھا روشن چہرے والے بزرگ کے جسم اور چہرے سے عجیب مقناطیسی کشش اطراف کو سحر انگیز کر رہی تھی نوجوان فرید الدین بھی اِس سحر انگیزی کا شکار رہ چکے تھے اِس خوشگوار سحر انگیزی نے نوجوان فرید کو اپنے گر فت میں لے رکھا تھا۔آپ ٹکٹکی باندھے روشن چہرے والے بزرگ کو دیکھی جار ہے تھے کہ خواجہ قطب الدین ؒ نے نماز ادا کی اور پھر مسجد کے اُس گو شے تشریف لا ئے جہاں فرید الدین مسعود مطالعہ کیا کرتا تھا جیسے ہی خواجہ قطب الدین ؒ فرید الدین ؒ کے قریب ہو ئے تو نوجوان فرید آپ کے جلال معرفت کی تاب نہ لاتے ہو ئے احتراماً اٹھ کھڑا ہوا جوان کا ادب و احترام دیکھ کر حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی ؒ رک گئے دل آویز ملکوتی تبسم کے ساتھ بولے اے نوجوان کو نسی کتاب پڑھ رہے ہو تو آنے والی صدیوں کا عظیم درویش بزرگ کے جلا ل معرفت سے لرزنے لگا جوان کہ یہ حالت دیکھ کر خواجہ قطب ؒ اور بھی شیریں شفیق لہجے میں بو لے اے جوان کو نسی کتاب پڑھ رہے ہو تو جوان لرزتے ہونٹوں سے بولا جناب نافع کا مطالعہ کر رہا ہوں جوان فرید کے جسم کے انگ انگ سے ادب و احترام پھوٹ رہا تھا خواجہ قطب الدین ؒ جوان کے اِس روئیے پر خوش ہوکر بولے بہت خوب یہ بہت اچھی کتاب ہے جو تمہیں بہت نفع دے گی میرا نفع تو آپ ؒ کی ایک نظر میں ہے جو مجھ پر پڑ جائے تو جوان فرید ؒ لرزتے لہجے میں درخواست گزار ہوا‘ جوان کی عقیدت سن کر خواجہ قطب ؒ خوشگوار حیرت سے بولے اے جوان تم جانتے ہو میں کون ہو ں کہاں سے آیا ہوتو جوان فرید بولا آپ ؒ بجا فرمارہے ہیں میں اقرار کرتا ہوں کہ میں آپ کو نہیں جانتا اور نہ ہی یہ پتہ ہے کہ آپ کہاں سے آئے ہیں اور کدھر جارہے ہیں مگر میر ا دل و دماغ ایک ہی بات کہہ رہے ہیں کہ تم کو جس راہنما کی تلاش تھی وہ یہی ہیں اور اے شاہا آپ ؒ کے قدموں سے اٹھنے والی خاک کے ذرات میرے لیے آسمانی ستاروں سے زیادہ روشن متبرک ہیں اے عظیم مسیحا مجھ غریب سیا ہ کار کو اپنے قدموں میں جگہ دے دے مجھے گمنامی کے اندھیروں سے واحدانیت کی روشنی میں لے آئیں جوان فرید ؒ بلک بلک کر غلامی کی درخواست کر رہا تھا خواجہ قطب ؒ نواجوان کے جذبہ عقیدت و احترام سے بہت متاثر ہو ئے آگے بڑھ کر جوان کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور بولے میں شیخ بہاء الدین زکریا ملتانیؒ کے مہمان خانے میں ٹہرا ہوں جب موقع ملے تو ملنے ضرور آنا‘ جوان فرید خو شی عقیدت و مسرت میں رونے لگا خواجہ جی ؒ کا ہاتھ چوما اور وعدہ کیا قدم بو سی کو ضرور آؤں گا۔

Share
Share
Share