کتاب : مضامین ڈاکٹر شیلا راج
مصنف : ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل
مبصر: ڈاکٹرحبیب ضیاء
سابق پروفیسر صدرشعبہ اردو
یونی ورسٹی کالج فارویمن‘جامعہ عثمانیہ،حیدرآباد
زیرنظر کتاب‘ جیسا کہ عنوان سے ظاہر ہے ممتاز مورخ ڈاکٹرشیلا راج کے مختلف موضوعات پر لکھے گئے مضامین کا مجموعہ ہے جنہیں ڈاکٹر محمد عبدالعزیز سہیل نے سلیقہ سے ترتیب دے کر ”مضامینِ ڈاکٹرشیلا راج“ کے عنوان سے شائع کروایا ہے۔
اس سے قبل ڈاکٹرصاحبہ کی کئی اہم کتابیں شائع ہوکر مقبول عام ہو ئیں،تقریباً سبھی دستاویزی حیثیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹرشیلا راج محتاج تعارف نہیں‘ ان کا تعلق تعلیمی یافتہ‘ مہذب کائستھ گھرانہ سے ہے۔ دوتین ملاقاتوں میں ہی ڈاکٹرصاحبہ کی وسیع القلبی‘ خلوص اور ادبی دیانتداری سے میں بے حد متاثر ہوئیں۔ان کی شخصیت میں پوشیدہ بے پناہ ادبی صلاحیتوں کا اندازہ ہوا۔
ڈاکٹرشیلا راج ‘ ڈاکٹرنارائن راج کی اہلیہ تھیں جوبذات خود اردو زبان وادب کے شیدائی ہیں اور خاصہ عبور رکھتے ہیں۔ آپ دونوں کی مادری زبان اردو ہے۔ مضامین شیلاراج چارحصوں پرمشتمل ہے۔حصہ اوّل شخصیات‘ حصّہ،دوم تہذیب وثقافت‘ حصہ سوم تاریخی عمارات‘حصہ چہارم متفرق۔حصہ اوّل میں چھ نام ور شخصیات کے بارے میں ڈاکٹرشیلا راج نے ان کے فن اور شخصیت کا مبسوط جائزہ لیاہے۔ حصہ دوم میں تہذیب وثقافت کے زیرعنوان ہندومسلم روایات‘ دہلی میں ملکہ معظمہ کا دربار اوردیگرعنوانات پر مشتمل مضامین میں ناقدانہ انداز میں اپنے خیالات قلمبند کیے ہیں۔ حصہ سوم میں تاریخی عمارات جیسے پرانی حویلی‘ کنگ کوٹھی‘ قصر فلک نما وغیرہ کا مفصل ذکر ہے۔کتاب کے آخری اور چوتھے حصہ میں ہفت روز ”تاریخ“ پربھنی‘ بہادریارجنگ نمبر پرتبصرہ اور دودھ میں سیاست مضمو ن شامل ہیں۔
ڈاکٹر محمدعبدالعزیز سہیل نے ڈاکٹرشیلاراج کے لکھے تمام مضامین کا وسیع النظری سے مطالعہ کرکے ان کا تنقیدی جائزہ لیاہے۔ جس سے ان کے ادبی ذوق‘ سچی لگن اور کاؤ شو ں کا اندازہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹرعزیز سہیل کی آٹھ کتابیں منظرعام پرآچکی ہیں۔ قارئین نے سبھی تصانیف کی ستائش کی ہے۔ ”مضامین شیلاراج“کی ترتیب وتدوین پرمیں انہیں دلی مبارک باد دیتی ہوں۔
امید کرتی ہوں کہ مستقبل میں اپنی خداداد صلاحیتوں کو کام میں لاتے ہوئے اردو زبان وادب کی اسی طرح خدمت کرتے رہیں گے۔
—–