ناسک میں صحیفہء محبت کا اجراءِ ثانی

Share
دائیں سے اقبال برکی، شکیل حسرت ،سنیل کڑاسنے ، پاروتا بائی بھتڑا ،انیل اگروال، نند کشور بھتڑا اور ضیا باغپتی ـ

ناسک میں صحیفہء محبت کا اجراءِ ثانی

ناسک 21 جولائی : بھتڑا فاؤنڈیشن ،ناسک کی جانب سے بھساول سے جاری ہونے والے ادبی رسالہ صحیفہء محبت کی تقریب اجراءِ ثانی ہمسفر،چوپڑا لان، ناسک میں نہایت ہی شاندار طریقے سے منعقد ہوئی ـ یہ تقریب دو سیشن پر مشتمل رہی اور دونوں ہی سیشن کی صدارت ناسک کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس (SP) جناب سنیل کڑاسنے نے فرمائی ـ

اس موقع پر جاوید انصاری نے انٹرنیٹ کے اس دور میں علمی ادبی رسائل و جرائد کی اہمیت سے روشناس کرایا ـ آپ نے مطالعے کو روح کی غذا ثابت کرتے ہوئے موجودہ حالات ہی سے اس کی راہیں نکالنے کی بات کی ـ آپ نے کہا کہ انٹرنیٹ، واٹس ایپ، فیسبک وغیرہ پر فضولیات سے پرے انھی کی توسط دنیا جہان کی علمی و ادبی کتابوں سے بہت ہی سہولت اور آسانی کے ساتھ رابطہ استوار کیا جا سکتا ہے ـ یوں انھی حوالوں سے ہم اپنے ذوق مطالعے کی آبیاری بھی کر سکتے ہیں اور ان سارے میڈیم کو اپنے لیے صحیح مصرف ثابت کر سکتے ہیں ـ اقبال برکی اور وسیم عقیل شاہ نے اپنے تاثرات میں رسالہ صحیفہء محبت کے معیاری مشمولات کو سراہا اور امید کی کہ مستقبل میں بھی یہ رسالہ اسی معیار کو قائم رکھے گا اور پابندی وقت کے ساتھ شائع ہوتا رہے گا ـ خطبہ صدارت پیش کرتے ہوئے محترم سنیل کڑاسنے نے اردو کو اپنی پسندیدہ بلکہ اولین پسندیدہ زبان بتائی ـ آپ نے صاف اور سلیس اردو زبان میں اپنا اظہاریہ دیا جس میں انھوں نے اردو کو محبت کی زبان کہا نیز اس کی ادبی و سماجی اہمیت پر روشنی ڈالی ـ ساتھ ہی ساتھ رسالہ صحیفہء محبت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعی یہ رسالہ محبت کا پیغام دے رہا ہے اور اس وقت ملک و سماج کو سب سے زیادہ محبت کی ضرورت ہے ـ پروگرام کے دوسرے سیشن میں ایک شعری نشست کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ضیا باغپتی، شکیل حسرت ، احد امجد، مشتاق ساحل ، زبیر علی تابش، ناصر شکیب ندیم مرزا اور افسر خان افسر نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ـ اس ادبی پروگرام کے دونوں سیشن میں نظامت کے فرائض ہارون عثمانی نے بہ حسن و خوبی انجام دیے اور رسم شکریہ نند کشور بھتڑا نے ادا کی ـ اس نشست میں محبان اردو برادران وطن کے ساتھ ہی اردو داں حلقے نے کثیر تعداد میں شرکت کی ـ

 

Share
Share
Share