ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے کل ہند دینیات مقابلے

Share


ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹر
کی جانب سے کل ہند دینیات مقابلے

اول انعام یافتہ معلمہ رضیہ سلطانہ ہارون خان کا خصوصی اعزاز

پونہ : (نامہ نگار)دین کا علم اور فہم ہر مسلمان مرد و زن کی کامیاب دنیوی اور اُخروی زندگی کی شاہ کلید ہے. اسی ضمن میں انجمن اسلام کریمی لائبریری، ممبئی کی جانب سے ہر سال کل ہند سطح پر دینیات کا مقابلہ منعقد کیا جاتا ہے تاکہ اساتذہ اور طلبہ میں دینی شعور روزافزوں پروان چڑھے.

یہ مقابلہ تین مختلف گروپوں میں منعقد ہوتا ہے. بین الثانوی مدارس، انٹر کالجیٹ اور بین الاساتذہ…. دینیات کے اس مقابلے میں تقریری مقابلہ، مضمون نویسی مقابلہ اور اسلامی کوئیز جیسے دلچسپ مقابلے رکھے جاتے ہیں.
امسال بھی گزشتہ دنوں اسی نوعیت پر مبنی کل ہند دینیات مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے طول و عرض سے پچاس سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا. اس مقابلے کا عنوان تھا ‘سورہء البقر، سورہ ء النساء اور سورہ ء آلِ عمران’ تھا. اس مقابلے میں اول انعام پٹیل ہائی اسکول، ممبرا میں برسرِ کار معلمہ محترمہ رضیہ سلطانہ ہارون خان اور ان کی ٹیم نے حاصل کیا جس میں شیخ محمد فاروق اور مولانا توکیل بھی شامل تھے. . دوسرا انعام شولاپور کے معلم اور نوجوان شاعر و ڈرامہ کار جناب وجاہت عبدالستار،( رکن بال بھارتی مجلسِ مشاورت) اور ان کی ٹیم کو حاصل ہوا.

23 دسمبر 2018 کو بال بھارتی پونہ کے وسیع و عریض شیواجی ہال میں ایک باوقار تقریب کے دوران مہاراشٹر بھر کے چنندہ اساتذہ کی موجودگی میں ادارہ ادبِ اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے محترمہ رضیہ سلطانہ ہارون خان کا خصوصی اعزاز کیا گیا. دوران اعزاز ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹر کے سکریٹری اور بال بھارتی لسانی کمیٹی کے رکن جناب خان حسنین عاقب کے ہاتھوں انہیں ایک پرخلوص تحفہ بھی دیا گیا. یہاں یہ بتادینا مناسب ہوگا کہ موصوفہ بال بھارتی پونہ کے اسپیشل افسر برائے اردو جناب خان نوید الحق صاحب کی ہمشیرہ ہیں اور نہایت ملنسار، خلیق، منکسر المزاج اور مخلص اور دیندار خاتون ہیں. خاص بات یہ رہی کہ یہ تقریب ادارہ بال بھارتی کی لسانی کمیٹی کے اراکین بشمول معروف محقق و نقاد سلیم شہزاد، مشہور افسانہ نگار سلام بن رزاق، صاحبِ طرز انشائیہ نگار ڈاکٹر اسد اللہ، ماہر تعلیم احمد اقبال ، معروف نقاد ڈاکٹر سید صفدر، ڈاکٹر ناصر الدین انصار ، ڈاکٹر قمر شریف صاحبہ کی اسٹیج پر موجودگی میں منعقد ہوا. ان کے علاوہ تقریب میں مجلسِ مطالعات کے ارکان فاروق سید (مدیر ماہنامہ گل بوٹے، ممبئی) ڈاکٹر محمد شرف الدین، ریحان کوثر (مدیر ماہنامہ الفاظِ ہند) ، یسین اعظمی، ڈاکٹر مشاہد رضوی، وجاہت عبدالستار، محمد امجد الدین قادری، مومن شاداب، شمیم مومن، عارفہ سلیم شیخ (محکمہ ء تعلیم، ممبئی کارپوریشن) ، شکیل دیوان، ابراہیم لکشمیشور، وغیرہ بھی شریک تھے. تقریب کی نظامت محسن ساحل (ممبئی) نے کی. ضلع پریشد ایوت محل سے شریک معلمہ مہہ جبین سید لطیف نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا.
ادارہ ادب اسلامی کی جانب سے اعزاز کئے جانے پر موصوفہ نے اسے اپنی حوصلہ افزائی قرار دیتے ہوئے قلبی خوشی ظاہر کی اور ادارے کے مقاصد سے بھی کلی اتفاق کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ اسلامی ادب کو میں تعمیری ادب سمجھتی ہوں کیونکہ اسلام سراپا تعمیر دین ہے. اس موقع پر ان کے برادر بزرگ جناب خان نوید الحق صاحب اور رضیہ سلطانہ کی بھابی خان عارفہ نوید جو بمبئی میونسپل کارپوریشن میں سینئر معلمہ ہیں (رکن، بال بھارتی مجلسِ مشاورت) ،بھی خصوصی طور پر موجود تھے. ادارہ ادب اسلامی مہاراشٹر کی جانب سے اس اعزاز کے لیے رضیہ سلطانہ صاحبہ کو تمام شرکاء کی طرف سے تہنیت پیش کی گئی.

Share
Share
Share