مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے خان حسنین عاقبؔ کا اعزا ز و رسمِ پذیرائی

Share


مہاراشٹر ا حکومت کی جانب سے
معروف شاعر و ادیب خان حسنین عاقبؔ کا اعزا ز و رسمِ پذیرائی

بال بھارتی پونے، حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے درسی کتابیں تیار کرنا والا سرکاری ادارہ ہے جس نے حال ہی میں اپنی عمر کی نصف صدی مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ درسی کتابوں کی تیاری میں سنجیدگی اور تعلیمی لیاقت درکار ہوتی ہے۔

کسی بھی مضمون کی درسی کتاب تعلیمی مقصد کے تعین، صلاحیتوں کے تعین، تعلیمی مقاصد سے ہم آہنگ درسی مواد کا انتخاب ، مشقی سرگرمیوں کی تیاری جیسے اہم مراحل پر مشتمل ہوتی ہے۔ ان کتابوں کی تیاری ماہرینِ تعلیم اور تجربہ کار و باصلاحیت اساتذہ پر مشتمل لسانی کمیٹی کے ذمے ہوتی ہے۔
تین سال پہلے ادارہ ادبِ اسلامی ہند، مہاراشٹر کے نو منتخب سکریٹری اور معروف شاعر و ادیب جناب خان حسنین عاقبؔ کو بال بھارتی کی مجلسِ مشاورت کا رکن مقرر کیا گیا تھا۔ اس عرصے میں انہوں نے ساتویں ، آٹھویں ، نویں اور دسویں جماعت کی کتابوں کی تیاری میں اہم خدمات انجام دیں۔
اہلِ علم و ادب جانتے ہی ہیں کہ خان حسنین عاقبؔ مختلف موضوعات پر مبنی گیارہ کتابوں کے مصنف ہیں۔ ان کی تحریر کردہ دو کتابیں یشونت راؤ چوان مہاراشٹرا وپن یونیورسٹی ، ناسک کے بی۔ اے سالِ آخر کے نصاب میں پڑھائی جاتی ہیں۔ وہ اردو ، انگریزی، فارسی، ہندی اور مراٹھی زبانوں پر دسترس رکھتے ہیں نیزان زبانوں میں تخلیقِ ادب اور ادبی تحقیق سرانجام دیتے ہیں۔ وہ ان زبانوں میں باہم ترجمہ نگاری کے لئے بھی جانے جاتے ہیں۔
ان کی تعلیمی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ وہ ایک ایسے معلم کے طور پر بھی اپنے طلبہ میں مقبول ہیں جو تعلیم کو ایک پیشہ نہیں بلکہ جنون سمجھتے ہیں۔
گزشتہ دنوں ریاست کے وزیرِ تعلیم ونود تاؤڑے نے منترالیہ میں منعقدہ ایک تقریب میں بال بھارتی کی تیاری کردہ کتابوں سی بی ایس ای، نئی دہلی کی تیار کردہ درسی کتابوں کے معیار کی حامل بتایا تھا جو ملک بھر میں بال بھارتی کی انفرادیت کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے خان حسنین عاقبؔ کے نام مراٹھی زبان میں محررہ خط میں ریاستی حکومت کی جانب سے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ حکومتِ مہاراشٹر کی جانب سے بال بھارتی ، پونے کے چھترپتی شیواجی مہاراج ہال میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میں بال بھارتی کے اسپیشل آفیسر برائے اردو جناب خان نوید الحق صاحب کے ہاتھوں وزیرِ تعلیم کا محررہ خط اور ایک نہایت خوبصورت تحفہ خان حسنین عاقبؔ کو عطا کیا گیا۔ ساتھ ہی برادر شمیم مومن اور محترمہ شاداب مومن کی جانب سے انہیں اور لسانی کمیٹی کے دیگر تمام ارکان کو ان کے نام منقش کیا ہوانہایت خوبصورت قلم بھی تحفتاً پیش کیا گیا۔ یہ تقریب جماعت اول کی درسی کتاب کے مسودے پر تبصرے کے سلسلے میں ریاستی ورکشاپ کے اختتام پر منعقد ہوئی جس میں ریاست بھر کے نمائندہ اساتذہ نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی صدا رت لسانی کمیٹی کے چیئر مین جناب ڈاکٹر یحیٰ نشیط نے کی۔ مہمانانِ خصوصی میں معروف نقاد و محقق جناب سلیم شہزاد صاحب، بزرگ نقاد و ادیب جناب ڈاکٹر سید صفدر صاحب ، معروف انشائیہ نگار جناب ڈاکٹر اسد اللہ صاحب اورڈاکٹر قمر شریف صاحبہ ڈائس پر موجود تھے۔ دیگر اراکینِ مجلس میں ڈاکٹر ناصر الدین انصار، یاسین اعظمی، ڈاکٹر محمد شرف الدین، شمیم مومن،ڈاکٹر مشاہد حسین رضوی، سجاد حیدر ، وجاہت عبدالستار اور دیگر احباب موجود تھے۔

Share
Share
Share