دوسری قسط : حقیقتِ نماز اور مقصدِ نماز :- مفتی کلیم رحمانی

Share
مفتی کلیم رحمانی

دوسری قسط
حقیقتِ نماز اور مقصدِ نماز

مفتی کلیم رحمانی
پوسد (مہاراشٹر) الہند
09850331536

پہلی قسط کے لیے کلک کریں

اللہ تعالیٰ نے اسلام کی جماعت سے تمام مسلمانوں کو اسلام کی فکر،علم اور عمل سے جوڑے رکھنے کے لئے یومیہ اجتماع کے طور پر پنجوقتہ نمازوں کا نظم کیا ایک طرح سے یہ دن و رات میں پانچ اجتماعات ہیں اور ہر اجتماع دس سے بارہ منٹ کا ہوتا ہے، اور ہر اجتماع میں تکرار و تاکید کے ساتھ اللہ کی بڑائی پڑھائی اور سنائی جاتی ہے ساتھ ہی سیدھے راستہ پر چلنے کی تلقین اور گمراہی کے راستہ سے بچنے کی تلقین کی جاتی ہے-

قرآن مجید جو کہ اللہ کی تقریروں کا مجموعہ ہے وہ پڑ ھ کر سنایا جاتا ہے اور ہفتہ واری اجتماع کے طور پر نماز جمعہ کا نظم قائم کیا اور اس میں خصوصیت کے ساتھ خطبہ جمعہ بھی رکھا تاکہ جمعہ کا خطیب منبر پر کھڑے ہو کر حاضرین کو اللہ اور اس کے رسول ؐکے خطبات کی روشنی میں خطاب کرے واضح رہے کہ قرآن کا اصل تعارف یہ ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کے ان بیانات اور خطابات کا مجموعہ کلام ہے جو آنحضورﷺ پر تیئس (۲۳) سالوں میں نازل ہوئے اور جن کی روشنی میں آپؐ نے اپنی تئیس(۲۳) سالہ نبوی زندگی گذاری اس لحاظ سے آنحضورﷺ کے اقوال و افعال اللہ تعالیٰ کے مجموعہ کلام قرآن مجید کی علمی و عملی شرح ہیں اس لئے جس نے قرآن کو نہیں سمجھا اس نے اللہ کی تقریروں کو نہیں سمجھا اور یہ بات ایک مسلمان کے لئے کتنی تعجب خیز ہے کہ وہ انسانوں کی تقریروں کو تو سمجھے لیکن اللہ کی تقریروں سے نا سمجھ رہے، نماز جمعہ اور خطبہ جمعہ ایک طرح سے دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے ہفتہ واری تعلیمی تربیتی اور تنظیمی اجتماع ہے سالانہ اجتماع کے طور پر اللہ تعالیٰ نے نماز عید الفطر اور نماز عیدالاضحی کو رکھا اور ان دونوں اجتماعات میں بھی خصوصیت کے ساتھ خطبہ عید الفطر اور خطبہ عید الاضحی رکھا تاکہ یہ دونوں اجتماعات بھی مسلمانوں کی تعلیم و تربیت و تنظیم کا ذریعہ بن سکے سالانہ اجتماع کے طور پر اللہ تعالیٰ نے ایک اور اجتماع رکھا اگرچہ اس میں تمام مسلمانوں کی شرکت لازمی قرار نہیں دی گئی بلکہ جو جسمانی و مالی لحاظ سے مکہ جانے کی استطاعت رکھتے ہیں ان پر ہی اس اجتماع میں شرکت شرکت لازمی قرار دی گئی اس اجتماع کو حج کا اجتماع کہتے ہیں جس کی حیثیت دنیا کے تمام مسلمانوں کے لئے ایک عالمی اجتماع کی ہے اور اس اجتماع میں بھی خطبہ رکھا گیا ہے تاکہ اس کے ذریعہ عالمی سطح پر مسلمانوں کی رہنمائی کی جاسکے۔
اسلام کے مذکورہ اجتماعات کی تفصیل کو دیکھ کر کیا کوئی سوچ سکتا ہے کہ پھر بھی کوئی مسلمان فکری علمی، عملی اور تنظیمی لحاظ سے اسلام سے دور رہے گا ؟ اور اگر وہ پھر بھی اسلام سے دور ہے تو یہی کہا جائے گا کہ وہ ان اجتماعات میں شریک نہیں ہوتا یا شریک ہوتا ہے تو اجتماع میں پڑھی اور سنی جانے والی باتوں کو سمجھتا نہیں یا صرف دکھاوے کے لئے شریک ہوتا ہے ان اجتماعات میں سب سے اہم اجتماعات روزانہ کے پانچ اوقات کے اجتماعات ہیں جو نماز فجر ، ظہر ، عصر، مغرب اور عشاء کے نام سے منعقد ہوتے ہیں، ان اجتماعات کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ مساجد میں ایک امام کی قیادت میں منعقد ہوتے ہیں جس سے ان اجتماعات کی افادیت بڑھ جاتی ہے ، مجبوری اور شرعی عذر کی صورت میں یہ اجتماعات مسجد کے علاوہ دوسری جگہ بھی منعقد کئے جا سکتے ہیں لیکن ان اجتماعات میں جماعت کی اتنی اہمیت ہے کہ اگر دو فرد بھی ہو چاہے مسجد میں ہو یا مسجد کے علاوہ دوسری جگہ پر تو حکم ہے کہ وہ جماعت سے نماز پڑھے جس میں ایک امام ہو اور دوسرا مقتدی ، ان اجتماعات کے اوقات کی تعیین بھی کچھ اس انداز سے کی گئی ہے کہ جہاں یہ اجتماعات اہل ایمان کی تعلیم و تربیت کا ذریعہ بن سکے وہیں یہ اجتماعات تمام انسانی و اسلامی مسائل کے حل کا ذریعہ بھی بن سکے، چنانچہ ان پانچوں اجتماعات میں سے سب سے پہلا اجتماع رات کے اختتام اور دن کے آغاز میں صبح صادق کے فوراً بعد سورج نکلنے سے پہلے نماز فجر کے نام سے رکھا گیا ہے تاکہ دن کا آغاز اللہ کی عبادت اور قرآن کی تعلیم سے ہو یہی وجہ ہے کہ نماز فجر میں دیگر نمازوں کی بہ نسبت قرآن کی تلاوت زیادہ رکھی گئی ہے،ساتھ ہی اس فجر کے اجتماع سے یہ بھی مقصود ہے کہ محلہ اور بستی میں عشاء کی نماز کے بعد سے رات میں کیا مسئلہ پیش آیا ،کس کے گھر چوری ہوئی ،کس کے گھر میت ہوئی ،وہ محلہ اور بستی کے تمام لوگوں کو سورج نکلنے سے پہلے ہی معلوم جائے تاکہ اس مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرسکے ،کیونکہ کسی بھی مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں سب سے پہلے اس کا علم ضروری ہے اور یہ علم بھی ایک جماعت کو ہونا ضروری ہے کیونکہ بہت سے انسانی اور اسلامی مسائل ایک دو فرد سے حل نہیں ہوتے بلکہ ان کے لئے بہت سے افراد کی ضرورت پڑتی ہے یہی وجہ ہے کہ محلہ بستی اور شہر میں رات میں رونما ہونے والے واقعات کا علم نماز فجر کے اجتما ع میں آنے والے افراد کو سب سے پہلے ہوتا ہے۔دوسرا اجتماع آدھے سے زیادہ دن گزرنے کے بعد دوپہر کو سورج ڈھلنے کے بعد نماز ظہر کے نام سے منعقد ہوتا ہے تاکہ ضروریات زندگی کے کام کاج اور کاروبار سے ذہن پر جو غفلت طاری ہوتی ہے وہ غفلت دور ہو جائے ساتھ ہی محلہ بستی اور شہر میں نماز فجر کے بعد سے کیا مسئلہ پیش آیا وہ سب کو اجتماعی طور پر معلوم ہوجائے ،فجر اور ظہر کے وقت کے درمیان میں چونکہ زیادہ کاموں کی ضرورت پڑتی ہے اس لئے دونوں اجتماع کے درمیان میں زیادہ فاصلہ رکھا گیا ہے تاکہ یکسوئی کے ساتھ کام انجام دیئے جا سکے۔تیسرا اجتماع اس کے دو تین گھنٹے کے بعد نماز عصر کے نام سے منعقد ہوتا ہے تاکہ ظہر کے بعد سے ذہن پر جو غفلت طاری ہوئی وہ دور ہو جائے ساتھ ہی معاشرہ میں ظہر کے اجتماع کے بعد سے جو حالات پیش آئے وہ عصر کے
اجتماع میں تمام اہل ایمان کو اجتماعی طور پر معلوم ہو جائے ، اگرچہ ظہر اور عصر کے اجتماع کے درمیان میں وقفہ فجر اور ظہر کے درمیان سے کم ہے لیکن یہ وقفہ اسلئے کم اور مناسب ہے کہ کاموں کا زور بھی کم ہو جاتا ہے اور جسم و ذہن بھی پہلے وقفہ کی بہ نسبت زیادہ تھک جاتا ہے ، اسلئے کم وقفہ میں جسمانی و ذہنی آرام کی ضرورت پڑتی ہے کیونکہ نماز جہاں ایک طرف عبادت و تعلیم کا ذریعہ ہے وہیں دوسری طرف جسمانی و ذہنی آرام کا بھی ذریعہ ہے۔
چوتھا اجتماع نماز مغرب کے نام سے منعقد ہوتا ہے تاکہ عصر اور مغرب کے درمیان کے وقفہ میں شیطان اور غلط ماحول نے ذہن پر جو غفلت طاری کیا ہے وہ دور ہو جائے ساتھ ہی عصر اور مغرب کے اجتماع کے درمیان میں معاشرہ میں جو حالات پیش آئے اس کا علم تمام شرکاء اجتماع کو رات کا اندھیرا ہونے سے پہلے ہی ہو جائے ، یقیناًعصر اور مغرب کے درمیان کا وقفہ بہت کم ہے جو گھنٹہ سو ا گھنٹہ کا ہوتا ہے لیکن نظام زندگی کے حوالہ سے دیکھا جائے تو معلوم ہوگا کہ نہ صرف یہ کہ اتنا ہی وقفہ کافی ہے بلکہ اتنا ہی وقفہ ضروری ہے کیونکہ یہ اجتماع سورج غروب ہونے کے بعد منعقد ہوتا ہے اور سورج غروب ہونے کا مطلب دن کا رخصت ہونا اور رات کا آنا ہے اور معاشرہ میں بے شمار لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اپنے محلہ بستی اور شہر سے کاموں کے سلسلہ میں نماز فجرکے اجتماع کے بعد سے روانہ ہوتے ہیں، اوران کی ظہرو عصر کی نمازیں سفر، کھیت اور جنگل میں ادا ہوتی ہیں ،اور وہ اپنے مقام پر مغرب ہی میں پہونچ پاتے ہیں اسلئے سورج غروب ہونے کے فوراً بعد یہ چوتھا اجتماع رکھ دیا گیا تاکہ سفر ،کھیت اور جنگل میں جانے والوں کو محلہ اور بستی کے دن بھر کے حالات کا علم رات کا اندھیرا چھانے سے پہلے ہی ہو جائے ساتھ ہی وہ نماز مغرب میں امام صاحب سے قرآن کی جہری قرآت کو سن کر دین کی تعلیم حاصل کرے اور اپنے ذہن کی غفلت کو دورکرے۔ یومیہ لحاظ سے پانچواں اجتماع نماز عشاء کے نام سے منعقد ہوتا ہے اگرچہ اس میں بھی وقفہ کم ہوتا ہے یعنی مغرب اور عشاء کے درمیان گھنٹہ دیڑھ گھنٹہ کا وقفہ ہوتا ہے، اگرچہ وقت کے لحاظ سے عشاء کا وقت بہت طویل ہوتا ہے جو صبح صادق تک رہتا ہے۔لیکن ادائیگی کے لحاظ سے عشاء کی نماز مغرب کی نماز سے دیڑھ دو گھنٹہ کے بعد ہی ادا کرلی جاتی ہے تاکہ عشاء کی نماز کی جماعت لوگوں کی شرکت بھی زیادہ ہو اور سونے سے پہلے اللہ کی عبادت بھی ہو جائے اور نماز عشاء میں امام صاحب سے قرآن سن کر دین کی تعلیم بھی حاصل ہو جائے ۔ مغرب ،عشاء اور فجر کی نمازوں میں قرآن کی تلاوت بلند آواز میں رکھی گئی ہے تاکہ تمام مقتدیوں کو امام صاحب کے ذریعہ قرآن کی تعلیم ملے جو ان کی تربیت کا ذریعہ بن سکے ان تینوں نمازوں میں قرآن کی تلاوت بلند آواز میں رکھنے کی ایک مصلحت یہ بھی ہو سکتی ہے چونکہ مغرب عشاء اور فجر کی نمازوں کا شمار رات کی نمازوں میں ہوتا ہے اور رات کو نزول قرآن سے ایک خاص نسبت ہے ا سلئے کہ قرآن لیلۃ القدر میں نازل ہوا، اور اس لئے بھی کہ رات کا وقت یکسوئی اور خاموشی کا ہوتا ہے اور یکسوئی و خاموشی میں جو بات کہی اور سنی جاتی ہے وہ ذہن و دل پر زیادہ اثر کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ آنحضورﷺ کو بھی خصوصیت کے ساتھ رات میں قرآن پڑھنے کا حکم تھا ، چنانچہ سورۂ مزمل کے شروع میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ۔ یٰاَ یُّھَا الْمُزَّمِّلُ (۱) قُمِ الَّیْلَ اِلَّا قَلِیْلًا(۲) نِصْفَہُ اَوِ نْقُصْ مِنْہُ قَلِیْلاً (۳)اَوْ زِدْعَلَیْہِ وَ رَتِّلِ الْقُرْآنَ تَرْتِیْلاً ۔ (ترجمہ : اے چار اوڑھنے والے اٹھیئے رات کو مگر تھوڑا، آدھی رات یا اس سے کم یا اس پر اضافہ کردیجئے اور قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھئے۔ )
مذکورہ آیت میں آنحضورﷺ کو جہاں قیام لیل کا حکم دیا گیا ہے وہیں قیام لیل کا مقصد بھی بتا دیا گیا اور وہ ہے قرآن مجید کو ٹھہر ٹھہر کر پڑھنا، اسی طرح سورہ بنی اسرائیل میں ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ اَقِمِ الصَّلٰوۃَ لِدُ لُوْکِ الشَّمْسِ اِلٰی غَسَقِ الَّیْلِ وَ قُرْاٰنَ الْفَجْرِ اِنَّ قُرْاٰنَ الْفَجْرِ کَانَ مَشْھُوْدًا ۔ وَمِنَ الَّیْلِ فَتَھَجَّدْ بِہِ نَافِلَۃً لَّکَ عَسٰیٓ اَنْ یَّبْعَثَکَ رَبُّکَ مَقَاماً مَّحْمُوْداً (آیت ۷۸۔۷۹) قائم کیجئے نماز سورج کے ڈھلنے سے رات کے اندھیرے تک اور فجر کا قرآن بھی قائم کیجئے بیشک فجر کا قرآن گواہ بنایا گیا ہے اور رات میں (قرآن) کے لئے کوشش کیجئے یہ آپؐ کے لئے زائد ہے قریب ہے کہ آپ کا رب آپ کو مقام محمود پر فائز کرے۔ مذکورہ آیات میں جو ہدایات ہیں وہ تمام مومنین کے لئے ہیں صرف ان میں سے تہجد میں قرآن پڑھنا آنحضورﷺ کے لئے ضروری تھا اور مومنین کے لئے نفل ہے، مذکورہ آیت میں جہاں پانچوں نمازوں کے قائم کرنے کا حکم ہے وہیں نمازوں کو قائم کرنے کے مطلب کی وضاحت بھی ہے ، سورج ڈھلنے سے لے کر رات کے اندھیرے تک میں ظہر، عصر،مغرب ،عشاء چار نمازیں آگئیں، اور قرآن الفجر میں فجر کی نماز آگئی یہ فجر کی نماز کا صفاتی نام ہے کیونکہ اس میں دیگر نمازوں سے قرآن زیادہ پڑھا جاتا ہے ، اور اس نماز میں قرآن زیادہ رکھنے کی وجہ بھی بتلادی گئی وہ یہ کہ فجر کا قرآن پڑھنا او رسننا دن بھر گواہ کا کام انجام دیتا ہے مطلب یہ کہ نماز فجر کا قرآن پڑھنا اور سننا نمازی کو دن بھر یہ یاد اور احساس دلاتا ہے کہ توُنے نماز فجر میں قرآن پڑھا اور سنا اس لئے تجھے قرآن کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا چاہئے لیکن اس ہدایت پر عمل اسی وقت ہو سکتا ہے جب کہ قرآن پڑھنے اور سننے والا قرآن کو سمجھے ، اس لئے نمازی کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ نماز میں پڑھی اور سنی جانے والی سورتوں کو سمجھنے کی کوشش کرے اور یہ بھی نماز کے لازمی تقاضوں میں سے ایک اہم تقاضہ ہے لیکن افسوس ہے کہ ابھی ستر(۷۰) اسی (۸۰) سالہ پنجوقتہ نمازیوں نے بھی نماز کی سورتوں اور اذکار کو سمجھنا اپنی ذمہ داریوں میں شامل نہیں کیا جس کی وجہ سے دن بھر میں ان سے اپنی نماز کے خلاف سینکڑوں کام سرزد ہو جاتے ہیں لیکن انہیں ذرا بھی احساس نہیں ہوتا کہ انہوں نے خود اپنی نماز کے خلاف کام کیا ،ورنہ اگر نماز ی اپنی آدھی رکعت کو بھی سمجھ لے تو یہ آدھی رکعت بھی نمازیوں کی مکمل اصلاح کے لئے کافی ہو جائے، آدھی رکعت کا لفظ سورہ فاتحہ کے متعلق استعمال کیا گیا ہے اس لئے کہ سورۂ فاتحہ پڑھنے سے مکمل ایک رکعت کی قرآت نہیں ہوتی بلکہ آدھی رکعت کی قرآت ہوتی ہے سورۂ فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت یا ایک بڑی آیت یا تین چھوٹی آیات پڑھنے سے ایک رکعت کی قرآت مکمل ہوتی ہے ، اب اگر کسی نمازی کو سورہ فاتحہ کا مفہوم و مطلب معلوم ہو جائے جس میں پورے دین اور قرآن کا خلاصہ ہے تو صرف یہی ایک سورت تمام نمازیوں کی ہدایت کے لئے اور گمراہی سے بچنے کے لئے کافی ہو جائے، کیونکہ ہر نمازی سورۂ فاتحہ میں اِھْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیمَ ، صِرَاطَ الَّذِینَ اَنْعَمْتَ عَلَیْھِمْ غَیْْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَا الَّضَآلِّیْنَ ۔ پڑھتا اور سنتا ہے سیدھے راستہ کی رہنمائی میں زندگی کے تمام شعبوں میں اسلام کا راستہ اختیار کرنے کی تلقین آگئی ، چاہے وہ عقائد کا شعبہ ہو یا عبادات کا ،یا معاملات کا ،یا سیاسیات کا، ساتھ ہی سیدھے راستہ کی ہدایت کی دعا سے ہر نمازی پر یہ بات عائد ہو گئی کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں میں سیدھے راستہ کا علم حاصل کرے اور اس پر عمل کرے اب اگر وہ زندگی کے تمام شعبوں میں اسلام کا علم حاصل نہیں کرتا ہے تو گویا اس نے ابھی اپنی نماز کے آدھی رکعت کے تقاضہ کو پورا نہیں کیا،اسی سورہ فاتحہ کی دعا میں غَیْْرِ الْمَغْضُوْبِ عَلَیْھِمْ وَلَا الَّضَآلِّیْنَ ہے مطلب یہ کہ ہر نمازی اپنی نماز میں اللہ تعالیٰ سے دعا کر رہا ہے کہ مجھے ان لوگوں کے راستہ پر مت چلا جن پر تیرا غضب نازل ہوا، اور جو گمراہ ہو گئے ، اب اس دعا میں زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ کی نافرمانی سے بچنے کی دعا شامل ہو گئی چاہے وہ عقائد کا شعبہ ہو یا عبادات کا، یا معاملات کا،یا سیاسیات کا، اس لحاظ سے اب ہر نمازی پر یہ بات عائد ہو گئی کہ وہ زندگی کے تمام شعبوں سے متعلق گمراہی کا علم حاصل کرے اور اس سے بچے ، اور اگر اس نے زندگی کی تمام شعبوں کے متعلق گمراہی کو نہیں جانا تو اس ابھی اپنی نماز کی آدھی رکعت کو نہیں جانا، اور ظاہر ہے جس نمازی نے ابھی آدھی رکعت کا علم حاصل نہیں، کیا ایسے نمازی سے یہ کیسے توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ پوری نماز پر عمل بھی کرے گا ، اس لئے اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ نمازیوں میں یہ تحریک و دعوت زور و شور سے چلے کہ نماز پڑھنے والے اپنی نمازوں کا علم حاصل کریں، تاکہ ان کے لئے زندگی میں نماز قائم کرنا آسان ہو جائے ، اور جو بے نمازی ہیں وہ بھی نماز ادا کرنے والے اور نماز قائم کرنے والے بنیں۔اگر نمازیوں نے اپنی نمازوں کا علم حاصل نہیں کیا اور نہ ہی نمازوں کے تقاضہ پر عمل کیا تو ایسے نمازیوں کے لئے قرآن میں سخت ترین و عید ہے ، چنانچہ سورۂ ماعون میں اللہ کا ارشاد ہے ۔ فَوَیْلُ لِّلْمُصَلِّیْنَ (۴) اَلَّذِیْنَ ھُمْ عَنْ صَلَاتِھِمْ سَاھُوْنَ (۵) اَلَّذِیْنَ ھُمْ یُرَ آءُ وْنَ (۶) وَ یَمْنَعُوْنَ الْمَاعُوْنَ (۷)(ماعون آیت ۴تا ۷) ۔ ترجمہ : پس خرابی ہے اُن نمازیوں کے لئے جواپنی نمازوں سے غافل ہیں، جو دکھا وا کرتے ہیں ،اور ضرورت کی چیزیں نہیں دیتے، )مذکورہ آیت میں جن نمازیوں کے لئے خرابی ناکامی اور تباہی کی وعید سنائی گئی ہے ان کا تعارف ہی مُصَلِّیْنَ یعنی نماز پڑھنے والوں کے طور پر پیش کیا گیا ہے، مطلب یہ کہ وہ نماز ادا کرنے والے توہین لیکن وہ ابھی نماز قائم کرنے والے نہیں ہوئے، اگرچہ اس سے مراد اولین طور پر دور نبوی کے منافقین ہیں لیکن یہ وعید عام ہے جن نمازیوں میں بھی ،مذکورہ آیات میں بیان کی ہوئی تین صفات ہوں گی ان تمام نمازیوں کے لئے یہ وعید اور تنبیہ ہے اس لئے آیات میں بھی بغیر منافقین کے تذکرہ کے وعید سنائی گئی ہے۔

Share
Share
Share