مقبول احمد مقبول کی شاعری تعمیری فکر اور فنی پختگی کی مظہر

Share


مقبول احمد مقبول کی شاعری
تعمیری فکر اور فنی پختگی کی مظہر

"ایک شام ڈاکٹر مقبول کے نام”کے زیرِ عنوان
منعقدہ تہنیتی مشاعرے میں ڈاکٹر رؤف خیر کا خطاب

"فیروز بیدری’فخرِ دیں نظامی’سلیمان خطیب’ عطاکلیانوی’رشید احمد رشید جیسے اولیائے سخن میں ڈاکٹر مقبول احمد مقبول کانام بیدر کی مردم خیزی مٹی کا ایک اور جیتا جاگتا ثبوت ہے- مقبول احمد کی شاعری تعمیری فکر کی حامل اور فنی پختگی کی مظہر ہے-ان کی ادبی خدمات لائقِ ستائش ہیں-انھوں نےفنِ عروض جیسے بے روح میدان میں بھی دادِ تحقیق دی ہے-

شہریانِ اودگیر کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ ایسا باکمال شاعر اور زبان وفن پر دسترس رکھنے والاادیب ان کے درمیان ہے-علم وادب اور شعر وفن سے شغف رکھنے والوں کو ڈاکٹر مقبول سے بھر پور اکتسابِ فیض کرنا چاہیے-"ادارہ ادبِ اسلامی ہند اودگیر کے زیرِ اہتمام دکن اردو ہائی اسکول میں منعقدہ تہنیتی مشاعر ہ بعنوان” ایک شام ڈاکٹر مقبول احمد مقبول کے نام” سے خطاب کرتے ہوے ڈاکٹر رؤف خیر (حیدرآباد) نے ان خیالات کا اظہار کیا-واضح ہوکہ حال ہی میں ادارہ ادب اسلامی حلقہء مہاراشٹرا نے مقبول احمد کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انھیں 2017 کےحفیظ میرٹھی ایوارڈ سے نوازا اور کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے بھی ان کی کتاب پر ایوارڈ عطا کیا-اسی سلسلے میں موصوف کی تہنیت میں یہ مشاعرہ منعقد کیا گیا تھا جس کی صدارت ڈاکٹر رؤف خیر نے کی-قبل ازیں محمد انور حسین نے مقبول احمد کی علمی اودبی خدمات پر بات کرتےہوے کہا کہ مقبول احمد کی اب تک نظم ونثر کی چھ کتابیں منظرِ عام پر آ کر دادو تحسین حاصل کر چکی ہیں-کئی سمیناروں میں مقالے پیش کر چکے ہیں-اپنے علمی وادبی کاموں کے باوصف وہ طلبا کی علمی وادبی تربیت بھی فرمارہیے ہیں-مہمانِ خصوصی ڈاکٹر شیخ اصغر صاحب (امیر مقامی جماعتِ اسلامی اودگیر) کے ہاتھوں صاحبِ اعزاز کی خدمت میں توصیف نامہ ‘مومنٹو اور گلدستہ پیش کیا گیا- ڈاکٹر شیخ اصغر نے مقبول احمد کو مبارکباد دی اور ان کےادبی مرتبے میں مزیدترقی اور بلندی کی دعا کی-بعد اس بین الریاستی مشاعرے میں صدرِ مشاعرہ کے علاوہ سعداللہ خان سبیل (ظہیرآباد) ڈاکٹر خلیل صدیقی قاضی’ناصر خطیب’ظہیرالدین جوش(لاتور)قاسم ساجد’منان عظیم(دیگلور)جمیل احمد(بیدر)ڈاکٹر مقبول احمد مقبول’سید شاکر راہی’ مبین عاقب عمران راغب(اودگیر) نے کلام سنایا- عمران راغب نے نظامت کی اور مقبول احمد مقبول نے شکریہ ادا کیا

منجانب:
محمد عظمت الحق
ریسرچ اسکالر شعبہء اردو
مہاراشٹرا اودے گیری کالج
اودگیر ضلع لاتور (مہارشٹرا)

Share
Share
Share