مقصد کے حصول کے لیے
سخت محنت اورسنجیدہ جستجو کی ضرورت
ایم وی ایس گورنمنٹ کالج محبوب نگرمیں
آئی جی پی ممبئی قیصر خالد کاخطاب
محبوب نگر(ای میل) سیول سرویس امتحانات کی تیاری کے لیے سخت محنت اورسنجیدہ جستجو کی ضرورت ہے ۔طلبہ اپنے مقصد کا تعین کرنے اور منصوبہ بندی وحکمت عملی کے ذریعہ اپنے مقصد کوحاصل کرے۔ ان خیالات کااظہار جناب قیصر خالد آئی پی ایس انسپکٹرجنرل آف پولیس ممبئی نے لٹریری اینڈ کلچر ل فورم محبوب نگر کے زیر اہتمام ایم وی ایس گورنمنٹ ڈگر ی وپی جی کالج میں آج منعقدہ توسیعی لیکچر’’ سیول سرویس امتحانات کی تیاری کیسے کریں ‘‘کے موضوع پرکیا۔انہوں نے مزیدکہاکہ والدین اپنے بچوں کے مستقبل سے متعلق خواب دیکھتے ہیں ۔ان کی خواہشات اور چند تمنائیں آپ سے وابستہ ہوتی ہیں جس کوپورا کرنے کے لیے آپ اپنے کیریئر کی تیاری کریں اوراپنے مستقبل کوبہتربنانے کے لیے چنداہداف کا تعین کریں اوراس کواپنا مقصد بنالیں ۔ اس سلسلے میں سنجیدہ کوشش ‘سعی وجہد ‘اپنے وقت اورخواہشات کی قربانیاں دینی پڑیں گی۔ انہوں نے سیول سرویس کی تیاری سے متعلق اہم نکات طلبہ کے لیے پیش کئے اور ان کے سوالات کا اطمینان بخش جواب دیا۔ قبل ازیں یوسف بابا سکریٹری نے افتتاحی کلمات پیش کیے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ سیول سرویس امتحانات میں مسلمانوں کافیصد بہت کم ہے ۔ضرورت ہے کہ اردومیڈیم کے طلبہ میں سیول سرویس سے متعلق شعوربیدار کیاجائے تاکہ ہمارے بچوں کا مستقبل تابناک ہو۔ اس سلسلے میں لٹریری فورم نے اس توسیعی لیکچرکا محبوب نگرکے مختلف کالجس میں انعقادعمل میں لانے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں ڈاکٹرجی یادگیری پرنسپل ایم وی ایس ڈگری کالج کا شکریہ ادا کیا ۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹرجی یادگیری پرنسپل نے انجام دی۔ صدارتی خطاب میں انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ ڈگری کالجس میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔ مستقبل کی تیاری کے لیے مختلف کوچنگ کلاسیس اور شعور بیداری کے پروگراموں کا منصوبہ بنایاگیاہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیاکہ مثبت سوچ اور فکر سے ترقی کے زینے طئے کرنا ہوگا۔ مایوسی اور منفی سوچ کوطلبہ اپنے قریب آنے نہ دیں۔ اس موقع پر منسٹروینکٹ ریڈی کنوینر کیریئرگائیڈنس سیل نے قیصرخالد کا تعارف پیش کیا اور ان کوتہنیت پیش کی۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب سلیم نواب صاحب اور جناب مقصودحسین نے شرکت کی۔ اس موقع پرڈاکٹرعزیز سہیل ‘شیخ شجاعت علی ‘عارفہ جبین نے انتظامات انجام دیئے۔ ہری ناتھ نے پروگرام کی نظامت انجام دی۔ اس موقع پراساتذہ میں ڈاکٹرنظام الدین‘ ڈاکٹرگیتانائیک ‘سریش ‘ راگھوویندرریڈی ‘وویک کمار دوبے‘روی کمار ‘تروپتیا ‘نرسمہاراؤ اوردیگر موجودتھے۔طلبہ وطالبات کی کثیرتعداد اس موقع پرموجودتھی۔پروگرام کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا جس کوثناء اورناظمہ نے پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام ڈاکٹرنرسمہاراؤ کا شکریہ پرہوا۔
شعبہ نشرواشاعت
—-