شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام
اردو فیسٹیول اور عالمی اردو سمینار
فروغ اردو کے پروگراموں میں طلباء سے شرکت کی خواہش.
ڈاکٹر اطہر سلطانہ کا خطاب
ڈچپلی (پریس نوٹ) شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام اس سال 22 جنوری کو فن تحقیق کے موضوع پر عالمی اردو سمینار منعقد کیا جائے گا جس میں نامور محقق و ماہر اقبالیات اور شعبہ اردو کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر سید تقی عابدی کناڈا سے شرکت کریں گے. اسی طرح ماہ فروری کی 22 تاریخ کو یونیورسٹی و ڈگری کالج کے طلباء کے بین جامعاتی ادبی مقابلوں کے اردو فیسٹیول کا انعقاد عمل میں آئے گا. ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نظام آباد نے شعبہ اردو کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ شعبہ جاتی کانفرنس سے کیا.
اس کانفرنس میں شعبہ اردو کے دیگر اساتذہ ڈاکٹر محمد عبدالقوی چیرمین بورڈ آف اسٹڈیز اردو‘ ڈاکٹر موسی اقبال اسسٹنٹ پروفیسر اردو‘ ڈاکٹر گل رعنا اسسٹنٹ پروفیسر اردو و ڈائریکٹر مائناریٹی سیل تلنگانہ یونیورسٹی‘ یوجی ملحقہ کالجوں کے لیکچررز ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج نظام آباد‘ ڈاکٹر محمد عبد الرحمن صدر شعبہ اردو گورنمنٹ ڈگری کالج بودھن‘ محترمہ شمیم سلطانہ ویمنس کالج نظام آباد محترمہ آمنہ مقبول گوتمی ڈگری کالج‘ محترمہ سیدہ ناہید کوثر واسو ڈگری کالج بودھن‘ محمد عبداللہ قریشی ایس وی ڈگری کالج بودھن اور مصطفی عرفات کیر ڈگری کالج نظام آباد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اطہر سلطانہ نے کہا کہ اردو فیسٹیول میں تحریری و تقریری مقابلے ‘ نظم خوانی اور بیت بازی کے مقابلے ہوں گے. انہوں نے کہا کہ شعبہ اردو میں پی جی داخلے حوصلہ افزا ہیں اور شعبہ سے اس سال دو ریسرچ اسکالرز اردو میں ڈاکٹریٹ کی تکمیل کر رہے ہیں انہوں نے اس ماہ منعقد ہونے والے بین الاقوامی اردو سمینار میں ریسرچ اسکالرز اور اردو دوست احباب اور طلبا ء سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر گل رعنا کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ ملنے اور انہیں ڈائرکٹر مائناریٹی سیل منتخب ہونے پر مبارکباد دی گئی۔ خانگی کالجوں میں اردو لیکچرر کے تقررات پر زور دیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء اردو زبان دوم اختیار کرسکیں۔ اس ضمن میں فروغ اردو کی مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اردو فیسٹیول کے ضمن میں مختلف اساتذہ کو مختلف ذمہ داریاں بھی تفویض کی گئیں۔ ڈاکٹر موسیٰ اقبال نے کانفرنس کے اختتام کے موقع پر شکریہ ادا کیا۔