ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی کرنول میں رجسٹرار کا تقرر : – ڈاکٹر وصی بختیاری عمری

Share


ڈاکٹر شاہدہ اختر
ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی کرنول کی رجسٹرار مقرر

رپورٹ : ڈاکٹر وصی بختیاری عمری 

آج 23 نومبر 2017ء کو ڈاکٹر شاہدہ اختر صاحبہ نے کرنول میں ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی میں بحیثیت رجسٹرار جائزہ حاصل کیا۔ وہ اردو یونیورسٹی میں سابق رجسٹرار پروفیسر ستار ساحر کی جگہ لے رہی ہیں، جن کی معیاد 23 اگست 2017ء کو ختم ہو گئی تھی۔

وائس چانسلر پروفیسر مظفر علی شہہ میری نے رجسٹرار صاحبہ کا یونیورسٹی میں استقبال کیا۔ انہیں یونیورسٹی میں رجسٹرار کے عہدے پر تقرر نامہ عطا کیا۔ تدریسی و غیر تدریسی عملہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
ڈاکٹر شاہدہ اختر صاحبہ کا تعلق علاقہ آندھرا پردیش کے گنٹور سے ہے۔تدریسی میدان میں ان کا تعلق شعبہ کمپیوٹر سائنس سے ہے۔ وہ صدرشعبہ کمیوٹر سائنس کی حیثیت سے خودمختار زنانہ کالج، گورنمنٹ کالج فار ویمن اٹانامس، گنٹور میں خدمات انجام دے رہی تھیں۔ انہوں نے آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی ، گنٹور سے کمپیوٹر سائنس میں بی ایس سی، ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی۔ انہوں نے برلا انسٹیٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس ، پلانی سے سافٹ ویئر سسٹم میں ایم ایس کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ انہیں تقریباً بیس سالہ تدریسی و انتظامی تجربہ حاصل ہے۔ وہ آچاریہ ناگرجنا یونیورسٹی ، گنٹور کی ایگزیکیٹیو کاؤنسل کی رکن بھی ہیں۔
ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی ، کرنول ، ایک ریاستی جامعہ ہے۔ مقننہ آندھرا پردیش کی جانب سے قائم شدہ اس یونیورسٹی کاسنگ بنیاد آندھرا پردیش کے وزیرِ اعلیٰ جناب نارا چندرا بابو نائیڈو نے 9 نومبر 2015ء کورکھا تھا۔
17؍ اگست 2016ء سے باقاعدہ کلاسس کا آغاز ہوا۔ اس نو زائیدہ یونیورسٹی کی کارکردگی اور اس کی کلاسس ایک سال تک عثمانیہ کالج کرنول کی عمارت میں ہوئیں۔ فی الحال یونیورسٹی ‘ ایک کشادہ عارضی عمارت میں چل رہی ہے۔حکومت کی جانب سے کرنول کے نواح میں بمقام ’ اورواکل ‘ 144 ایکڑ اراضی اردو یونیورسٹی کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس یونیورسٹی میں اس وقت آٹھ کورسز چل رہے ہیں۔ چار پی جی کے کورسز اور چار انڈر گریجویٹ آنرز کے کورسز۔ایم اے اردو، ایم اے انگریزی، ایم اے معاشیات اور ایم کام کے علاوہ بی اے اردو ، بی اے اکنامکس اور بی کام و بی ایس سی کے کورسس چلا ئے جا رہے ہیں۔
یقین ہے کہ آئندہ تعلیمی سال سے چند پروفیشنل کورسز کے علاوہ انٹگریٹیڈ ایم ایس سی وغیرہ کئی کورسز شروع کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر عبد الحق اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر مظفر علی شہہ میری یونیورسٹی کو ایک اعلیٰ تعلیم و تحقیق کا مرکز بنانے کے لیے پُر عزم ہیں۔
—-
ڈاکٹر سید وصی اللہ بختیاری عمری
اسسٹنٹ پروفیسر ، شعبۂ اردو ، گورنمنٹ ڈگری کالج، رائے چوٹی، ضلع کڈپہ ، آندھرا پردیش
9441905026

Share
Share
Share