کتاب: باتوں باتوں میں سائنس – عبدالودود انصاری / مبصر:ڈاکٹر رفیع الدین ناصر

Share

کتاب :باتوں باتوں میں سائنس

مصنف : عبدالودود انصاری
موبائل ۔ 0943335462

مبصر :ڈاکٹر رفیع الدین ناصر
موبائل ۔ 9422211634

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ‘ نئی دہلی ۔ آج کل پروفیسر ارتضیٰ کریم کی سربراہی میں سائنسی کتابوں کو منظرِ عام پر لانے میں بہت فعال کردار ادا کررہا ہے۔ اسکے نیچرل سائنس پینل ممبر کی حیثیت سے راقم الحروف کو جناب عبدالودود انصاری کی کتاب ’باتوں باتوں میں سائنس‘ کو اشاعت کے لئے قطعیت دینے میں کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ کیونکہ جناب عبدالودود انصاری کا نام اردو سائنسی میدان میں پورے ملک و بیرون ملک میں بہت جانا پہچاناہے۔ وہ 1983ء ؁ سے اب تک 400 سے زیادہ سائنسی موضوعات پر خامہ فرسائی کرچکے ہیں۔ اُن کے قلم سے نکلی ہوئی ہر تحریر معیاری‘ معلوماتی ‘ سادہ اور سلیس زبان میں ہوتی ہے جو اردو کے عام فہم قاری کو فوری اپنی طرف راغب کرلیتی ہے ۔

یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے اخبارات و رسائل اُ ن کے مضامین کو بڑے احترام سے شائع کرتے ہیں ۔ اسی وجہ سے ملک کے بیشتر اکیڈمیوں اور انجمنوں نے انہیں اپنے اعلیٰ اعزازات سے نوازا۔ کولکاتا کے سرسید ایواڈ 2017ء ؁ کی پیشکشی اس سلسلے کی تازہ ترین کڑی ہے۔ کتاب ’باتوں باتوں میں سائنس‘ اُن کے رِشحاتِ قلم سے نکلی ہوئی کتابی شکل میں 23ویں کوشش ہے جواپنے آپ میں بہت اچھوتی کاوش ہے۔ اس میں پیش کئے گئے تمام مضامین انتہائی جدیدمعلومات پر مبنی ہیں۔ جس میں تمام مضامین کو مکالموں کی شکل میں پیش کیا گیا ہے ۔ اس اندازِ تحریر کے بارے میں جناب عبدالودود انصاری بتلاتے ہیں کہ’’ میں نے سائنس کی مشکل شکل کو آسان بنانے کے لئے مکالمہ نگاری کا انتخاب کیا ہے تاکہ بچے آسانی اور دلچسپی کے ساتھ باتوں باتوں میں سائنسی معلومات حاصل کرسکیں۔ آپ جب کتاب ’باتوں باتوں میں سائنس‘ پڑھیں گے تو آپ دیکھیں گے کہ کس قدر آسان اور سلیس زبان میں سائنسی معلومات پیش کی گئی ہیں‘‘۔ جوں جوں ہم کتاب کی ورق گردانی کرتے ہیں توں توں تجسس بڑھتا جاتا ہے۔ ہر ایک موضوع کو انتہائی دلچسپ اور پرکشش انداز میں تحریر کیا گیا ہے جیسا کہ چاند کو چندا ماما‘ سورج کو سورج بادشاہ اسی طرح شبنم آنٹی‘ تتلی رانی‘ جگنو راجا‘ بجلی رانی‘ سونا راجا‘ چاندنی بیگم‘ ریڈیم بابو‘ چمبک مہاراج‘ پارا بابا‘ کوہِ نور کی کہانی ‘ قوسِ قزح سے بات چیت وغیرہ کو آپسی عام فہم گفت و شنید کے انداز میں پوری بنیادی معلومات کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ ہر ایک موضوع اپنے آپ میں تمام معلومات کا احاطہ کرتا ہے اسی لئے عام قاری کے ساتھ ساتھ بچے اور وہ طلباء جو مختلف مسابقتی امتحانات میں شرکت کررہے ہیں‘ ان کے لئے یہ کتاب انتہائی فائدہ مند ہے۔ باذوق قاری اگر اس کتاب کا مطالعہ کرتے ہیں تو انہیں محسوس ہوگا کہ ہر ایک عنوان میں ادب کی چاشنی کے ساتھ ساتھ بچوں کی نفسیات کو مدنظر رکھ کر معلومات کو پیش کیا گیا ہے جو بڑوں کے لئے بھی یکساں طور پرفائدہ مند ہے۔
کتاب ’باتوں باتوں میں سائنس‘ کو دیکھ کر ڈاکٹر ارتضیٰ کریم نے کہا تھا کہ سائنس کو اس طرح مکالموں کی شکل میں پیش کرنا قابلِ تعریف کام ہے‘ اور یہ کام عبدالودود انصاری نے کرکے سائنس پر لکھنے والوں کے لئے ایک نئی راہ فراہم کی ہے۔ عبدالودود انصاری نے ہر ایک موضوع کی گفتگو کو ادبی ماحول سے شروع کرکیا‘ جس کو آگے بڑھاتے ہوئے جب سائنس کی بات شروع کی تو ہر ایک عنوان کی مکمل بنیادی معلومات ‘ اس موضوع پر ابھی تک کی گئی تحقیقات کو بہت خوشگوار انداز میں پیش کیا۔ اس لئے ڈاکٹر کیپٹن ایم ایم شیخ نے کہا کہ عبدالودود انصاری نے کتاب ’باتوں باتوں میں سائنس‘ کو پیش کرکے ادب و سائنس کو یکجا کرکے دریا کو کوزے میں بند کردیا ہے۔ اسی لئے اس کتاب کا مطالعہ تمام کے لئے بہت ضروری ہے۔ قومی کونسل نے اس کتاب کو انتہائی معیاری طباعت سے آراستہ کرکے پرکشش ٹائٹل سے سنوار کر بہت خوبصو رت انداز میں کم قیمت پر اردو قاری کے لئے پیش کیا جس کے لئے میں قومی کونسل کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اور جناب عبدالودود انصاری کے لئے دعاگو ہوں کہ ؂
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ(آمین)
——
مصنف : عبدالودود انصاری – 0943335462
شاداب منزل ‘ 43/2‘ پوسٹ کانکی نارہ 743126
مبصر :ڈاکٹر رفیع الدین ناصر ‘ مولانا آزاد کالج‘ روضہ باغ
اورنگ آباد (مہاراشٹر) ۔ 431001 موبائل ۔ 9422211634
ناشر :ڈائرکٹر ‘ قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان
فروغ اردو بھون‘ جسولہ‘ نئی دہلی ۔ 110025
——

مصنف
مبصر
Share
Share
Share